جل شکتی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

جمنا کے سیلابی میدانوں میں پائیدار زمینی پانی کی ترقی کے ذریعے فرید آباد کو پانی کی فراہمی میں اضافے کا مطالعہ کرنے کے لیے مفاہمتی عرضداشت (ایم او یو)

Posted On: 14 AUG 2024 8:38PM by PIB Delhi

فرید آباد اسمارٹ سٹی کے لیے 2031 تک پانی کی فراہمی کے متوقع فرق کو دور کرنے کے لیے سینٹرل گراؤنڈ واٹر بورڈ (سی جی ڈبلیو بی) اور فرید آباد میٹروپولیٹن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایف ایم ڈی اے) کے درمیان ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے گئے۔ یہ جمنا کے سیلابی میدانوں میں زیر زمین پانی کے وسائل کی پائیدار ترقی کے ذریعے شہر کو  پانی کی فراہمی کو بڑھانے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔

اس مفاہمت نامے کے دائرہ کار میں جمنا کے سیلابی میدانوں میں زیر زمین پانی کی صلاحیت اور معیار کا جائزہ لینے کے لیے ایک جامع مطالعہ شامل ہے۔ اس مطالعہ کے نتیجے میں زمینی پانی کے انتظام کے ایک وسیع منصوبے کی تشکیل ہو گی، جس میں فرید آباد ضلع میں متعین مطالعہ کے علاقے میں مصنوعی ریچارج اور زیر زمین پانی کے وسائل کی مزید ترقی کے لیے حکمت عملیوں کو شامل کیا جائے گا۔ ایم او یو 31 مارچ 2025 تک کارآمد ہے، اس وقت تک مطالعہ مکمل ہونے کی امید ہے۔

فرید آباد، قومی راجدھانی خطہ (این سی آر) کے اندر تیزی سے پھیلتا ہوا شہر، فی الحال اپنی پانی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے زیر زمین پانی پر انحصار کرتا ہے۔ اس سپلائی کا کافی حصہ فرید آباد ضلع میں دریائے جمنا کے سیلابی میدانوں کے ساتھ واقع رینی ویلز سے حاصل کیا جاتا ہے۔ شہر کی متوقع ترقی اور پانی کی بڑھتی ہوئی طلب کو دیکھتے ہوئے، 2031 تک پانی کی مناسب فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اضافی زیر زمین پانی کے وسائل کو تلاش کرنے اور تیار کرنے کی سخت ضرورت ہے۔

اس مطالعہ کے نتائج نہ صرف فرید آباد کے اسمارٹ سٹی اقدامات کی کامیابی میں معاون ثابت ہوں گے بلکہ شہر کی طویل مدتی پانی کی ضروریات کو پورا کرنے میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔ یہ مشترکہ کوشش شہری منصوبہ بندی اور آبی وسائل کے انتظام میں آگے کی سوچ والی حکمت عملیوں کی اہمیت کو واضح کرتی ہے اور  اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ فرید آباد مستقبل کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اہل بنارہے۔

یہ اقدام سائنسی آبی وسائل کے انتظام اور پائیدار شہری ترقی کے لیے مرکزی حکومت کی مضبوط وابستگی کے ساتھ ساتھ کوآپریٹو وفاقیت کو فروغ دینے کے لیے اس کی لگن کی عکاسی کرتا ہے۔

********

ش ح۔ ج ق۔ع ن

 (U: 9880)


(Release ID: 2045830) Visitor Counter : 65
Read this release in: English , Hindi , Hindi_MP , Telugu