وزارت سیاحت
azadi ka amrit mahotsav

سفر اور سیاحت کی ترقی میں ہندوستان کی درجہ بندی

Posted On: 01 AUG 2024 3:18PM by PIB Delhi

سیاحت و ثقافت کے مرکزی وزیر جناب گجیندر سنگھ شیخاوت نے آج راجیہ سبھا میں ایک  سوال کے تحریری جواب میں بتایا کہ عالمی اقتصادی فورم (ڈبلیو ای ایف) کے ذریعہ شائع کردہ سفراورسیاحت کی ترقی سے متعلق اشاریہ(ٹی ٹی ڈی آئی ) 2024 کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان 119 ممالک میں 39 ویں مقام پر ہے۔ 2021 میں شائع ہونے والے پچھلے  اشاریہ میں، ہندوستان 54 ویں مقام پر تھا۔ تاہم،عالمی اقتصادی فورم کے طریقہ کار میں نظر ثانی کی وجہ سے، ہندوستان کو2021 کی درجہ بندی  میں 38 ویں مقام پررکھا گیا۔

ٹی ٹی ڈی آئی کی رپورٹ کے مطابق، ذکر کردہ ٹی ٹی ڈی آئی ستونوں میں سے، تین شعبوں: سفر اور سیاحت کی ترجیح، حفاظت اور سلامتی، اور صحت اور حفظان صحت میں ہندوستان کے اسکور میں بہتری آئی ہے ۔ مئی 2024 کے یو این ڈبلیو ٹی او کےبیرومیٹر کے مطابق، 2022 میں دنیا بھر میں 975 ملین بین الاقوامی سیاحوں کی آمد ہوئی، جس میں ہندوستان میں 14.3 ملین بین الاقوامی سیاحوں کی آمد ریکارڈ کی گئی جو بین الاقوامی اندرون ملک سیاحت کے بازار کے حصص کا 1.47فیصد ہے۔ 2022 میں ایشیا اور بحر الکاہل خطے میں ہندوستان کے بین الاقوامی سیاحوں کی آمد کا حصہ 15.66فیصد ہے۔

وزارت سیاحت ملک کے سیاحتی مقامات اور سیاحتی مصنوعات کو ملک کے اندر اور بیرون ملک دونوں بازاروں میں مجموعی طور پر فروغ دیتی ہے۔ ان مقاصد کو ایک مربوط مارکیٹنگ اور پروموشنل حکمت عملی اور سفری تجارت کے ذریعہ ریاستی حکومتوں اور ہندوستانی مشنوں کے ساتھ مل کر ایک مربوط مہم کے ذریعے پورا کیا جاتا ہے۔ وزارت کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعہ اس کو فروغ دینے کا کام کیا جاتا ہے۔ وزارت کے ذریعہ تیار کردہ مختلف پروموشنل مواد کے ذریعہ ملک کے سیاحتی مقامات کو بھی بڑھایا جاتا ہے۔ سیاحت کی وزارت عالمی سیاحتی منڈی میں ہندوستان کی حصہ داری بڑھانے کے لیے بڑی اور ممکنہ بیرونی منڈیوں میں منعقد ہونے والے سفرسے متعلق میلوں/نمائشوں میں بھی حصہ لیتی ہے۔

‘‘چیمپئن سروس سیکٹر اسکیم (سی ایس  ایس ایس)’’ کے تحت وزارت سیاحت اڑان (آر سی ایس) کی اسکیم پر شہری ہوابازی کی وزارت کی طرف سے خرچ کی گئی رقم کی واپسی کی جارہی ہے۔ اب تک، شہری ہوابازی کی وزارت کو 226 کروڑ روپے کی واپسی کی جا چکی ہے۔ آر سی ایس اڑان ٹورزم کے تحت، اہم سیاحتی مقامات کے بہتر رابطے کے لیے 53 سیاحتی راستے کام کر رہے ہیں۔

 

********

ش ح۔م ع۔ف ر

 (U: 9128)


(Release ID: 2040218) Visitor Counter : 60


Read this release in: English , Hindi , Telugu