وزارت دفاع
انڈین کوسٹ گارڈ نے علی باغ کے قریب پھنسے ہوئے بحری جہاز سے 14 بھارتی عملے کو بچا یا
Posted On:
26 JUL 2024 2:22PM by PIB Delhi
انڈین کوسٹ گارڈ (آئی سی جی) نے 26 جولائی 2024 کو تقریباً 0930 بجے مہاراشٹر کے علی باغ کے ساحل سے گراؤنڈیڈ ویسل بلک کیریئر جے ایس ڈبلیو رائے گڑھ کے 14 ہندوستانی عملے کو نکالا۔ آئی سی جی میری ٹائم ریسکیو کوآرڈنیشن سینٹر (ایم آر سی سی) ممبئی کو پریشانی سے متعلق ایک کال 25 جولائی 2024 کو 1327 بجے کیریئر سے موصول ہوئی۔
122 میٹر طویل جہاز، جس پر عملہ کے 14 ہندوستانی افراد سوار تھے، علی باغ سے تقریباً 01 سمندری میل کے فاصلے پر چٹانوں پر گر گیا۔ اس نے لنگر کے گھسٹنے، انجن روم میں پانی بھر جانے اور کنٹرول کھو جانے کی اطلاع دی۔ مہاراشٹر کے ساحل پر انتہائی سمندری نوعیت کے حالات اور علاقے میں چٹانوں کی موجودگی کے پس منظر میں، ایئر لفٹ ہی بچاؤ کا واحد قابل عمل متبادل بن کر ابھرا۔
اسی مناسبت سے، آئی سی جی نے 26 جولائی 2024 کی اولین ساعتوں میں ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ موسم کی خراب صورت حال کا مقابلہ کرتے ہوئے، کوسٹ گارڈ کے ہیلی کاپٹر نے عملے کے تمام 14 ارکان کو بلک کیرئیر سے کامیابی کے ساتھ نکال لیا۔ عملے کو علی باغ کے ساحل پر بحفاظت اتار لیا گیا، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
آئی سی جی اسٹیشن مرود جنجیرہ اس وقت بحری جہازوں کو مزید طبی امداد اور مدد فراہم کرنے کے لیے مقامی حکام کے ساتھ رابطہ کر رہا ہے۔ بحری جہاز اور آس پاس کے ماحول کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے صورت حال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔
**************
ش ح۔م م۔ م ر
(U: 8784)
(Release ID: 2037474)
Visitor Counter : 43