زراعت اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کی وزارت
بہار کے وزیر زراعت جناب منگل پانڈے نے نئی دہلی میں زراعت اور کسانوں کی بہبود اور دیہی ترقی کے مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان سے ملاقات کی
خریف سیزن کے لیے بیجوں کی ہموار فراہمی کو یقینی بنائیں اور ربیع کے بیجوں کی فراہمی کے لیے جلد منصوبہ بندی کریں:جناب شیوراج سنگھ چوہان
زراعت اور کسانوں کی بہبود کے مرکزی وزیرنے کہا کہ حکومت کسانوں اور زرعی شعبے کے مفاد میں بہار کو ہر ممکن مدد فراہم کرتی رہے گی
Posted On:
11 JUL 2024 12:41PM by PIB Delhi
ملک میں زرعی شعبے کی تیز رفتار ترقی کے مقصد کے ساتھ، زراعت اور کسانوں کی بہبود اور دیہی ترقی کے مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان نے ریاست وار بات چیت کا سلسلہ شروع کیا ہے، جس کے تحت مرکزی وزیر نے آج نئی دہلی میں کرشی بھون میں بہارکے وزیر زراعت جناب منگل پانڈے سمیت ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ساتھ میٹنگ کی۔ مرکزی وزیر نے بہار کو راشٹریہ کرشی وکاس یوجنا (آر کے وی وائی) اور نیشنل فوڈ سیکورٹی مشن کے تحت مختص فنڈز کا جائزہ لینے کا یقین دلایا اور اس سلسلے میں نئی تجاویز پر زور دیا۔ جناب چوہان نے خریف سیزن کے لیے بیجوں کی ہموار فراہمی کو یقینی بنانے اور ربیع کے بیجوں کی فراہمی کے لیے جلد منصوبہ بندی کے لیے جائزہ لینے پر بھی زور دیا۔
مرکزی وزیر جناب چوہان نے بہار کے وزیر زراعت جناب پانڈے کے ساتھ وزارت زراعت کی مختلف اسکیموں اور پروگراموں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ مرکزی وزیرجناب چوہان نے کہا کہ بہار کے کسانوں کو مرکزی سطح پر کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں ہونے دیا جائے گا۔ مرکزی وزیر نے زور دے کر کہا کہ مرکز اور ریاست دونوں کو ملک میں زرعی شعبے کو بہتر بنانے کے لیے ایک ٹیم کے طور پر کام کرنا چاہیے اور ایک مربوط طریقے سے حل تلاش کرنا چاہیے۔ بہار کے وزیر زراعت نے ریاست میں کرشی وگیان کیندروں (کے وی کے ) کو مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور مرکزی وزیر نے یقین دلایا کہ وہ کے وی کے کے کام کاج کا جائزہ لیں گے۔ جناب پانڈے نے ریاست میں مکئی اور مکھانہ کی پیداواری صلاحیت پر روشنی ڈالی اور اسے حاصل کرنے کے لیے مرکز سے تعاون کا مطالبہ کیا۔
زراعت اور کسانوں کی بہبود کے مرکزی وزیر مملکت جناب رام ناتھ ٹھاکر کے ساتھ مرکزی اور ریاستی زراعت اور باغبانی کے محکموں کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس سے قبل مرکزی وزیر نے آسام، چھتیش گڑھ، اتر پردیش اور مدھیہ پردیش کے وزرائے زراعت سے سے بھی ملاقاتیں کی تھیں۔
**********
(ش ح ۔ج ق ۔ع آ)
U-8239
(Release ID: 2032358)
Visitor Counter : 45