عملے، عوامی شکایات اور پنشن کی وزارت
مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ جموں و کشمیر کے کشتواڑ ضلع کے ایک بڑے پاور ہب کے طور پر ابھرنے کے ساتھ ہی شمالی ہند میں پی ایم مودی کی قیادت میں کافی ترقی ہورہی ہے
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے جموں و کشمیر میں بانی کے قریب 120 میگاواٹ سیوا- II ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کا دورہ کیا
Posted On:
24 FEB 2024 8:52PM by PIB Delhi
مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) سائنس اور ٹیکنالوجی ، وزیر مملکت (آزادانہ چارج) ارضیاتی سائنسز؛ وزیر اعظم پی ایم او، عملہ، عوامی شکایات، پنشن، ایٹمی توانائی اور خلاکے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج کہا کہ جموں و کشمیر کے کشتواڑ ضلع کے ایک بڑے پاور ہب کے طور پر ابھرنے کے ساتھ ہی شمالی ہندوستان میں وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں کافی ترقی ہورہی ہے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج جموں و کشمیر میں بانی کے قریب سیوا- II ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کا دورہ کیا جو ہماچل پردیش-جموں وکشمیر کی سرحد پر واقع ہے۔ 120 میگاواٹ پاور پروجیکٹ جموں و کشمیر اور تمام پڑوسی شمالی ہندوستانی ریاستوں کی ضرورتوں کو پورا کرتا ہے۔ مرکزی وزیر نے این ایچ پی سی کے ڈائریکٹر (فنانس) جناب آر پی گوئل اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ ہائیڈرو پاور پروجیکٹوں کی صورت حال کا بھی جائزہ لیا۔
وزیرموصوف کو علاقے میں مختلف پن بجلی اور ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی پریزنٹیشن دی گئی۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ مودی حکومت کے تحت پہلی بار جموں و کشمیر کے ہائیڈرو پاور جیسے قدرتی وسائل کا استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ اس خطے سے اضافی بجلی شمالی ہندوستان کے دیگر حصوں کو فراہم کی جا سکے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کٹھوعہ ضلع کے پڑوسی علاقے بانی اور بسوہلی کے لیے آئندہ ہونے والی سی ایس آر سرگرمیوں پر بھی تبادلہ ٔخیال کیا۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ جموں و کشمیر کا کشتواڑ شمالی ہندوستان کا بڑا "پاور ہب" بننے کے لیے تیار ہے جو جاری پاور پروجیکٹوں کی تکمیل کے بعد تقریباً 6,000 میگاواٹ بجلی پیدا کرے گا۔
اپنے خطاب کے دوران اور بعد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے، ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ جب سے جناب نریندر مودی نے وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالا ہے، 9 سے 10 سال کے قلیل عرصے میں اس خطے میں 6 سے 7 بڑے ہائیڈرو پاور پروجیکٹ آئے ہیں۔
اس ضمن میں تفصیل بتاتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سب سے بڑا پروجیکٹ پاکل دُل ہے، جس کی پیداواری صلاحیت 1000 میگاواٹ ہے۔ اس کی تخمینہ لاگت، فی الحال، 8,112.12 کروڑ روپے ہے اوراس کے تکمیل کی متوقع ٹائم لائن 2025 ہے۔ ایک اور بڑا پروجیکٹ کیرو ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ ہے جس کی صلاحیت 624 میگاواٹ ہے۔ منصوبے کی تخمینہ لاگت 4,285.59 کروڑ روپے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں ٹائم لائن بھی 2025 ہے۔
وزیر موصوف نے مزید بتایا کہ ساتھ ہی ، 850 میگاواٹ کےرتلے پروجیکٹ کو مرکز اورمرکز کے زیرانتظام علاقے جموں وکشمیر کے درمیان ایک جوائنٹ وینچر کے طور پر بحال کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، موجودہ دلہستی پاور اسٹیشن کی نصب شدہ صلاحیت 390 میگاواٹ ہے، جبکہ دلہستی- II ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ کی صلاحیت 260 میگاواٹ ہوگی۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ ان پروجیکٹوں سے نہ صرف بجلی کی فراہمی کی پوزیشن میں اضافہ ہوگا اور مرکز کے زیرانتظام علاقے جموں وکشمیر میں بجلی کی فراہمی کی کمی پوری ہوگی، بلکہ ان پروجیکٹوں کی تعمیر کے لیے کی جانے والی بھاری سرمایہ کاری سے بھی مقامی لوگوں کے معیار زندگی کو براہ راست فائدہ ہوگا۔
*************
ش ح ۔ف ا۔ج ا
U. No.6985
(Release ID: 2021280)
Visitor Counter : 48