صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
صدر جمہوریہ ہند نے جھارکھنڈ کی سنٹرل یونیورسٹی کے تیسرے جلسہ تقسیم اسناد میں شرکت کی
Posted On:
28 FEB 2024 1:17PM by PIB Delhi
صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج (28 فروری 2024) رانچی میں جھارکھنڈ کی سنٹرل یونیورسٹی کے تیسرے جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ نوجوان ہندوستان کا سب سے بڑا وسیلہ اور سب سے بڑا سرمایہ ہیں۔ ہمارا ملک دنیا میں نوجوانوں کی سب سے زیادہ آبادی والے ممالک میں سے ایک ہے۔ ہندوستان کی معیشت آج دنیا میں پانچویں نمبر پر ہے اور 2030 تک ہم تیسری بڑی معیشت بننے جا رہے ہیں۔ ہم نے 2047 تک ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کا ہدف مقرر کیا ہے، ایسے میں نوجوانوں کے پاس نہ صرف سنہری مستقبل کی تعمیر کے بے پناہ امکانات ہیں، بلکہ ان کے لیے سازگار حالات بھی ہیں۔
صدر جمہوریہ نے طلباء سے کہا کہ ان کی ذمہ داری صرف اپنے لیے اچھی زندگی پیدا کرنا نہیں ہےبلکہ معاشرے اور ملک کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرنا بھی ان کا اخلاقی فریضہ ہے۔ انہیں آج یہ عہد لینا چاہئے کہ وہ جہاں بھی کام کریں گے، ایک خوشحال اور ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کے لئے کام کریں گےاور ایک ایسے سماج کی تعمیر کے لئے کام کریں گے جہاں ہم آہنگی ہو اور جہاں ہر شخص کی زندگی باوقار ہو۔ انہوں نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ ہمیشہ اس بات کو ذہن میں رکھیں کہ پسماندہ یا محروم طبقات کے لوگ ان کے کام سے فائدہ اٹھائیں گے یا نہیں۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ جب بھی وہ جھارکھنڈ آتی ہیں تو انہیں ایسا لگتا ہے جیسے وہ اپنے گھر واپس آگئی ہوں۔ ان کا جھارکھنڈ کے لوگوں سے خاص کر قبائلی بھائیوں اور بہنوں سے تعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی طرز زندگی میں بہت سی روایات ہیں جو دوسرے لوگوں اور برادریوں کی زندگیوں کو بہتر بنا سکتی ہیں۔ وہ فطرت کے ساتھ توازن میں رہتے ہیں اور اگر ہم ان کے طرز زندگی اور طریقوں سے سیکھ لیں تو ہم عالمی حرارت جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا کر سکتے ہیں۔
صدر جمہوریہ کو یہ جان کر خوشی ہوئی کہ جھارکھنڈ کی سنٹرل یونیورسٹی کے اس کیمپس کو سبز فن تعمیر کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مطالعہ اور تدریس کے لیے اچھا ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ماحول دوست طرز عمل معاشرے کے لیے ماحولیاتی تحفظ کی ایک اچھی مثال قائم کرتا ہے۔ انہیں یہ جان کر بھی خوشی ہوئی کہ اس یونیورسٹی نے مقامی زبان، ادب اور موسیقی کے ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ کے لیے خصوصی مراکز بنائے ہیں۔ انہوں نے جھارکھنڈ کی سنٹرل یونیورسٹی کو ہندوستانی ثقافت بالخصوص قبائلی معاشرے کی ثقافت کے تحفظ، مطالعہ اور پرچار کے لیے سراہا۔
صدر کی تقریر دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں-
*************
( ش ح ۔ ا ک۔ رب (
U. No.5462
(Release ID: 2009778)
Visitor Counter : 90