وزارات ثقافت

سنگیت ناٹک اکادمی حیدرآباد میں دکشن بھارت سنسکرتک کیندر قائم کرے گی


سنگیت ناٹک اکادمی کا اپنی نوعیت کا پہلا علاقائی مرکز حیدرآباد

میں قائم کیا جائے گا

سابق نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو اور جناب جی کشن ریڈی 12 فروری کو مرکز کا افتتاح کریں گے

دکشن بھارت سنسکرتک کیندر کے علاوہ بھارت کلامنڈپم آڈیٹوریم کا سنگ بنیاد بھی رکھا جائے گا

فخر کی بات یہ ہے کہ جنوبی بھارت کے رنگارنگ اور متنوع ثقافتی ورثہ جو عالمی سطح پر مشہور ہے ، سنگیت ناٹک اکادمی کے اس جنوبی بھارت ثقافتی مرکز کے ذریعہ مزید مضبوط ہوگا : سیاحت ، ثقافت اور شمال مشرقی خطے کی ترقی کے مرکزی وزیر جناب جی کشن ریڈی

Posted On: 11 FEB 2024 6:55PM by PIB Delhi

گزشتہ 10 برسوں کے دوران حکومت ہند نے اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی ہے کہ ہمارے ثقافتی ورثے، جو ٹھوس اور تجریدی دونوں ہیں، کو محفوظ کیا جائے اور آنے والی نسلوں کے لیے ان کو فروغ دیا جائے۔ سنگیت ناٹک اکادمی (ایس این اے)، جو وزارت ثقافت کے ماتحت ایک خود مختار تنظیم ہے اور ملک میں پرفارمنگ آرٹس کے شعبے میں ایک اعلیٰ ادارہ ہے، کے انتداب میں سے ایک بھارت کی متنوع ثقافت کے اس وسیع غیر معمولی ثقافتی ورثے کا تحفظ اور فروغ ہے جو موسیقی، رقص اور ڈرامہ کی شکل میں ظاہر ہوتا ہے۔ جنوبی بھارت کے مالا مال ثقافتی ورثے کو مزید فروغ دینے کے لیے وزارت ثقافت اب حیدرآباد میں سنگیت ناٹک اکادمی کا ایک علاقائی مرکز قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جسے دکشن بھارت سنسکرتک مرکز کے نام سے جانا جائے گا۔

سیاحت، ثقافت اور شمال مشرقی خطے کی ترقی کے مرکزی وزیر جناب جی کشن ریڈی نے کہا کہ ’’فخر کی بات ہے کہ سنگیت ناٹک اکادمی کے اس وقف جنوبی بھارت ثقافتی مرکز کے ذریعہ جنوبی بھارت کے امیر اور متنوع ثقافتی ورثے کو جو عالمی سطح پر مشہور ہے، مزید مضبوط کیا جائے گا۔‘‘

اکادمی کی جنوبی بھارت میں اب تک کوئی موجودگی نہیں ہے۔ اس مرکز کا مقصد موسیقی، لوک اور قبائلی فنون، تھیٹر اور کٹھ پتلیوں کے فن کی تحقیق اور دستاویزات کو فروغ دینا ہے اور اسے جدید ترین علاقائی مرکز اور ایک معروف ثقافتی جگہ کے طور پر تیار کیا جائے گا جو ریاست کی ثقافتی ترقی اور نمائشی ماحول کو فروغ دے گا۔

مزید برآں، حکومت ہند کی وزارت ثقافت نے حال ہی میں عظیم موسیقار، مجاہد آزادی اور پدم ایوارڈ یافتہ شری گھنتسالا وینکٹیشور راؤ کی 100 ویں برسی ،دسمبر 2022 میں شروع کرکے دسمبر 2023 کو اختتام پذیر ہونے والی سال بھر کی تقریبات کے ذریعے منائی۔

گھنتسالا کی وراثت – ان کی موسیقی اور ان کی جذباتی آواز آج بھی بھارت اور دنیا بھر میں موسیقی سے محبت کرنے والوں کے گھروں میں پھل پھول رہی ہے۔ وہ نہ صرف ایک گلوکار تھے بلکہ ایک مجاہد آزادی بھی تھے جنہوں نے بھارت چھوڑو تحریک میں حصہ لینے پر ایک سال سے زیادہ جیل میں گزارا تھا۔ اپنے پیروکاروں اور شوقین افراد کے لیے ان کے تحفے میں بھگوت گیتا کی ایک پیش کش بھی شامل تھی - ایک حقیقی شاہکار جو سچی عقیدت اور بھکتی کے ساتھ پیش کیا گیا تھا۔

حکومت ہند کی وزارت ثقافت کے ماتحت سنگیت ناٹک اکادمی نے گھنتسالا کی خدمات کو دھیان میں رکھتے ہوئے حیدرآباد کے مادھاپور میں سی سی آر ٹی کیمپس میں ’’دکشن بھارت سنسکرتک کیندر‘‘ کے اندر ایک آڈیٹوریم کی تعمیر کی تجویز پیش کی ہے جسے ’’بھارت کلا منڈپم‘‘ کے نام سے جانا جائے گا۔

’’بھارت کلا منڈپم‘‘ آڈیٹوریم کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا اور سنگیت ناٹک اکادمی دکشن بھارت سنسکرتک کیندر کے جنوبی بھارت ثقافتی مرکز کا افتتاح پیر 12 فروری کو شام 5:00 بجے شلپا کلا ویدیکا، ہٹیک سٹی، حیدرآباد میں کیا جائے گا اور اس میں ایک ثقافتی پروگرام بھی شامل ہوگا جس میں شری گھنتسالا کی خدمات کا جشن منایا جائے گا۔ سابق نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو اور جناب جی کشن ریڈی 12 فروری کو مرکز کا افتتاح کریں گے۔

اس تقریب کے دوران وزارت ثقافت پدم وبھوشن اور پدم شری ایوارڈ حاصل کرنے والوں سمیت تیلگو ریاستوں کے حالیہ پدم ایوارڈ یافتہ افراد کو اعزاز سے نوازے گی۔

***

(ش ح – ع ا – ع ر)

U. No. 4819



(Release ID: 2005056) Visitor Counter : 48


Read this release in: English , Hindi , Marathi , Tamil