کامرس اور صنعت کی وزارتہ

ڈی پی آئی آئی ٹی نے سیمنٹ کی پیداوار کا ڈیٹا جمع کرنے کے لیے سی آئی ایس پورٹل پر بھارتی سیمنٹ انڈسٹری کے نمائندوں کے ساتھ مشاورت کی

Posted On: 10 FEB 2024 11:58AM by PIB Delhi

حکومت ہند کی وزارت تجارت و صنعت کے شعبہ فروغ صنعت و داخلی تجارت (ڈی پی آئی آئی ٹی) نے سیمنٹ کی پیداوار کا ڈیٹا جمع کرنے کے طریقہ کار پر کل بھارتی سیمنٹ انڈسٹری کے نمائندوں کے ساتھ مشاورت کی جس میں صنعت کی 100 فیصد کوریج کو یقینی بنایا گیا۔

سیمنٹ بھارت کی آٹھ اہم صنعتوں میں سے ایک ہے۔ آٹھ بنیادی صنعتیں صنعتی پیداوار کے انڈیکس (آئی آئی پی) میں شامل اشیاء کے پاسنگ کے 40.27 فیصد پر مشتمل ہیں۔ سیمنٹ کی پیداوار کے اعداد و شمار کو ڈی پی آئی آئی ٹی کے اقتصادی مشیر کے دفتر کی طرف سے آٹھ بنیادی صنعتوں کے انڈیکس کا حساب لگانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے جس میں سیمنٹ کی پیداوار کا پاسنگ 5.37٪ ہے۔

بھارتی سیمنٹ انڈسٹری 2022-23 میں 600 ملین ٹن کی نصب سیمنٹ صلاحیت اور 391 ملین ٹن سیمنٹ کی پیداوار کے ساتھ دنیا کی دوسری سب سے بڑی صنعت ہے۔ فی الحال سیمنٹ کی پیداوار کے اعداد و شمار ڈی پی آئی آئی ٹی کے ذریعے سیمنٹ انفارمیشن سسٹم (سی آئی ایس) پورٹل کے ذریعے جمع کیے جاتے ہیں۔ تاہم، کچھ پلانٹ باقاعدگی سے اعداد و شمار فراہم نہیں کر رہے ہیں۔

سیمنٹ کی پیداوار کے اعداد و شمار کو حکومت پالیسی فیصلوں اور صنعتی پیداوار کے انڈیکس کا حساب لگانے کے لیے استعمال کرتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ مضبوط اور درست اعداد و شمار سے سیمنٹ انڈسٹری سمیت ہر ایک کو باخبر فیصلے کرنے میں فائدہ ہوگا۔ اس اعداد و شمار پر مختلف ایجنسیاں اور سرمایہ کار بھی بھروسا کر رہے ہیں۔ انھوں نے سیمنٹ انڈسٹری سے درخواست کی کہ وہ 100 فیصد کوریج کو یقینی بنائیں اور پیداوار کے اعداد و شمار باقاعدگی سے جمع کرائیں۔

ڈی پی آئی آئی ٹی کے جوائنٹ سکریٹری جناب سنجیو نے بتایا کہ ڈی پی آئی آئی ٹی ایز آف ڈوئنگ بزنس کے حصے کے طور پر سیمنٹ پلانٹس کو 150 دن تک آئی ایس آئی مارک کے بغیر سیمنٹ کی تیاری اور فروخت کے لیے ایڈہاک اجازت دے رہا ہے۔ مستقبل میں ایڈہاک اجازت دینے کی تجویز پر غور کرنے کے لیے سی آئی ایس پورٹل میں رجسٹریشن ایک پیشگی شرط ہوگی۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ سی آئی ایس پورٹل پر نظر ثانی کی جارہی ہے اور ترمیم شدہ سی آئی ایس پورٹل جلد ہی لانچ کیا جائے گا۔ سی آئی ایس پورٹل کو اپ ڈیٹ کرنے کے لیے انھوں نے نیشنل کونسل فار سیمنٹ اینڈ بلڈنگ میٹریل (این سی سی بی ایم) کوسیمنٹ انڈسٹری کے نمائندوں کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے کی ہدایت دی۔

سیمنٹ انڈسٹری کے نمائندگان نے ڈی پی آئی آئی ٹی کو یقین دلایا کہ سیمنٹ کی پیداوار کے اعداد و شمار باقاعدگی سے فراہم کیے جائیں گے اور اس بات پر اتفاق کیا کہ سیمنٹ انڈسٹری کے درست اور مستند پیداواری اعداد و شمار سب کے لیے فائدہ مند ہوں گے۔ صنعت کے نمائندوں نے یہ بھی یقین دلایا کہ بقیہ پلانٹس کو سی آئی ایس پورٹل پر 31 مارچ 2024 تک شامل کر دیا جائے گا۔

اجلاس 09.02.2023 کو ہائبرڈ موڈ میں منعقد کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ این سی سی بی ایم کے افسران نے اجلاس میں سیمنٹ مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن (سی ایم اے) اور مختلف سیمنٹ کمپنیوں یعنی سوراشٹر سیمنٹ لمیٹڈ کے نمائندوں، ڈالمیا سیمنٹ (بی) لمیٹڈ، شری سیمنٹ لمیٹڈ، اڈانی گروپ، اسٹار سیمنٹ لمیٹڈ جموں و کشمیر سیمنٹ لمیٹڈ (جے کے سی ایل)، ہائیڈل برگ سیمنٹ، اوریئنٹ سیمنٹ،شری سیمنٹ، نیووکو وسٹاس کارپوریشن، زواری سیمنٹ لمیٹڈ، مائی ہوم انڈسٹریز لمیٹڈ، الٹرا ٹیک سیمنٹ لمیٹڈ، دی انڈیا سیمنٹ لمیٹڈ اور سیمنٹ سیکشن، ڈی پی آئی آئی ٹی کے عہدیداروں نے شرکت کی۔

***

(ش ح – ع ا – ع ر)

U. No. 4785



(Release ID: 2004804) Visitor Counter : 70


Read this release in: English , Hindi