وزارتِ تعلیم

جناب راج ناتھ سنگھ اور جناب دھرمیندر پردھان نے نئی دہلی میں پروجیکٹ ویر گاتھا 3.0 کے ‘‘سُپر 100 ’’فاتح افراد کی عزت افزائی کی


وکست  بھارت 2047  کی اسی وقت حصولیابی ہوسکے گی جب ہر کس وناکس میں قوم کی تعمیر کے لیے فرض اور ذمہ داری کا احساس پیدا ہو گا – جناب دھرمیندر پردھان

Posted On: 25 JAN 2024 7:39PM by PIB Delhi

وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے وزیر تعلیم جناب دھرمیندر پردھان کے ساتھ 25 جنوری 2024 کو نئی دہلی میں پروجیکٹ ویر گاتھا 3.0 کے ‘سپر 100’ فاتح افراد کی عزت افزائی کی ۔ 100 فاتحین میں سے ہرفاتح شخص کو 10,000 روپے کا نقد انعام، ایک تمغہ اور ایک سرٹیفکیٹ دیا گیا۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے، تعلیم اور ہنر مندی کے فروغ اورصنعت کاری کے مرکزی وزیر جناب دھرمیندر پردھان نے ‘ویر گاتھا’ کو ایک منفرد پروگرام قرار دیا جس سے نوجوان نسل کو بہادرافراد کی قربانیوں کے بارے میں تحریک فراہم ہوتی ہے۔

انہوں نے ‘پروجیکٹ ویرگاتھا’ کا تصور پیش  کرنے کے لیے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا جو موجودہ نسلوں کو ہندوستانی فوج کی بہادری اور قربانی سے متعارف کرانے کا ایک بڑا پلیٹ فارم بن گیا ہے۔ انہوں نے نئی نسل کے لیے ویرگاتھا جیسی متاثر کن روایات کو کامیاب بنانے کے لیے وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ کا بھی شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے ‘امرت پیڑھی’ میں حب الوطنی، فرض اور ذمہ داری کا احساس ،قوم کی تعمیر کے جذبے کو تقویت دینے کے لیے پروجیکٹ ویرگاتھا کو ایک طاقتور وسیلہ بنانے میں دفاع اور تعلیم کی وزارتوں کی کوششوں کی ستائش کی۔ ویرگاتھا 3.0 میں 1.36 کروڑ طلباء کی شرکت کی ستائش  کرتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس متاثر کن روایت کو وسعت دی جائے گی تاکہ ہندوستان کے ہر طالب علم کو اس میں شامل کیا جاسکے۔

جناب پردھان نے یہ بھی کہا کہ 2047 تک وکست  بھارت کا ہدف اسی صورت میں حاصل ہو سکے گا جب ہر کسی میں قوم کی تعمیر کے لیے فرض اور ذمہ داری کا احساس بیدار ہو گا۔ جناب پردھان نے کہاکہ آج جب ہم ایک نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں، ہندوستان جیسے نوجوان ملک پر پوری انسانیت کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ویرگاتھا مقابلہ ہندوستان کے ورثے اور اقدار کے احیاء اور آزادی کے بعد اس کے لوگوں کے بہادرانہ کاموں کی مثال دینے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

یہ ایک یادگار لمحہ تھا جب، وزیر دفاع کے طور پر اپنے دور میں پہلی بار، جناب راج ناتھ سنگھ نے ایک فاتح طالبہ  ، ڈی اے وی پبلک اسکول، کٹک، اوڈیشہ کی 11ویں جماعت کی طالبہ محترمہ برنالی ساہو کو اپنی جانب سے حاضرین سے خطاب کرنے کی غرض سے پوڈئیم سونپا۔یہ ایک ایسا جذبہ تھا جس نے  تقریب میں موجود طلبہ کےدلوں کوچھو لیا۔

محترمہ ساہو کی آواز کے ذریعہ، وزیر دفاع نے کہا کہ ملک کے نوجوان 2047 تک ہندوستان کو ‘وکست بھارت’ میں تبدیل کرنے کے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے وژن کو پورا کرنے میں ایک کلیدی کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کے مستقبل کے خد وخال طے کرنے کےلئے سب سے اہم اثاثہ ہیں۔ وہ ایک ترقی یافتہ قوم کی ذمہ داری نبھائیں گے۔’’

محترمہ برنالی کے ذریعہ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے، جناب راجناتھ سنگھ نے کہا، ‘‘پروجیکٹ ویر گاتھا نوجوانوں سے قوم کے جانبازوں کو متعارف کرانے اور ان نوجوان ذہنوں کی بہادری کی داستانوں کو ذہن نشین کرنے کی ایک کوشش تھی۔ اس پروجیکٹ کا وزارت دفاع اور وزارت تعلیم کی مشترکہ کوششوں سے آغاز کیا گیا تھا تاکہ ‘نیشن فرسٹ’  (یعنی ملک پہلے)کے اقدار کومستحکم بنایا جا سکے۔’’

انہوں نے قومی جنگی یادگار اور ان بہادر سورماؤں کے بارے میں ایک باب کے حالیہ اضافہ کا ذکرکیا، جنہوں نے کلاس VII کے  این سی ای آر ٹی کے نصاب میں اپنی عظیم قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا ‘‘ہمارا مشن بچوں میں اپنے فوجیوں کی بہادری اور شجاعت کے بارے میں بیداری پیدا کرنا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ وہ بہادری اور حوصلے کو ذہن نشین کریں’’۔ انہوں نے مزید کہا کہ ‘‘میں جو کچھ سنتا ہوں، بھول جاتا ہوں۔ جو دیکھتا ہوں، یاد آتا ہے۔ میں جو کچھ کرتا ہوں، اسے سمجھتا ہوں’’، انہوں نے اسے سیکھنے کا ایک درست طریقہ قرار دیا۔

جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا: ‘‘آج جو نوجوان بلند پرواز کرنا چاہتے ہیں، ان کے پاس خواہشات کا کھلا آسمان ہے۔ اس لئےان قوم کے معماروں کی حوصلہ افزائی کرنا ہمارا فرض ہے۔’’

پوڈیئم حوالے کرنے سے پہلے، وزیر دفاع نے طلباء کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے، ‘روحانی قوت’ کے بارے میں  اپنی بصیرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے جسمانی، ذہنی/فکری اور روحانی قوت کو تین پہلوؤں کے طور پر بیان کیا جو زندگی میں فتح یا کسی بھی مطلوبہ نتیجہ کو حاصل کرنے کے لیے بہت اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف ایک روحانی شخص ہی خوشی حاصل کرتا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ صرف بڑے دل والے لوگ ہی روحانی  سے متعارف ہوسکتے ہیں ۔

اس تقریب میں پرم ویر چکر ایوارڈ یافتہ صوبیدار میجر (اعزازی کیپٹن) یوگیندر سنگھ یادو (ریٹائرڈ) نے بھی کارگل جنگ کی اپنی حقیقی زندگی کی داستان بیان کی ،جہاں انہوں نے تمام مشکلات پر قابو پایا اور ہندوستان کی تاریخی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے بچوں پر زور دیا کہ وہ ان بہادر سپاہیوں سے تحریک حاصل کریں جو عظیم قربانیاں دے کر اپنی قوم کا دفاع کرتے ہیں۔

چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انل چوہان، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل منوج پانڈے، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل آر ہری کمار، چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل وی آر چودھری، ڈیفنس سکریٹری جناب گری دھر ارامانے اور وزارت دفاع اور وزات تعلیم کے دیگر سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیر دفاع کی سفارشات کی تعمیل کرتے ہوئے، ویر گاتھا 3.0 نے قومی سطح پر 100 فاتح افراد کو پہچاننےکے عمل میں قابل ذکر توسیع کی جبکہ پہلے دو ایڈیشن میں 25 فاتحین تھے۔ متعدد سطحوں پر جیتنے والوں کو پہچاننے کی ایک بہتر خصوصیت - قومی، ریاستی اور ضلع کی سطح پر متعارف کرائی گئی۔ حکمت عملی پر مبنی یہ توسیع بہادری کے مزید جامع جشن کو یقینی بناتی ہے،جو مختلف شعبوں میں پھیلی ہوئی ہے اور پوری قوم میں بہادری کے متنوع کاموں کے لیے گہری ستائش کو فروغ دیتی ہے۔

یہ تیسرا ایڈیشن 13 جولائی سے 30 ستمبر 2023 کے درمیان منعقد ہوا، جس میں پورے ہندوستان کے 2.42 لاکھ اسکولوں کے ریکارڈ 1.36 کروڑ طلباء نے مضامین، نظموں، ڈرائنگز اور ملٹی میڈیا پریزنٹیشنز کے لحاظ سے اپنی متاثر کن داستانیں بیان کیں ۔ ریاستی اور ضلع سطح پر تشخیص کے لیے مختلف طریقہ کار کے تحت جانچ کے سلسلے کے بعد، قومی سطح کی تشخیص کے لیے تقریباً 3,900 اندراجات جمع کرائے گئے۔ وزارت تعلیم کی طرف سے مقرر کردہ قومی سطح کی تشخیصی کمیٹی نے چوٹی کے 100 اندراجات کا انتخاب کیا۔ پچیس (25) فاتحین – تیسری سے پانچویں جماعت ،چھٹی سے آٹھویں جماعت ، نویں سے دسویں جماعت اور گیارہویں سے بارہویں جماعت تک کےہر زمرہ سےمنتخب کئے گئے۔

ویر گاتھا 3.0 کی شاندار کامیابی کی مثال ‘سپر 100’ میں سے 65 طالبات کی متاثر کن قوت سے ملتی ہے۔ اوڈیشہ نے آٹھ طالبات کے ساتھ اس دستے کی قیادت کی، اس کے بعد بہار سےسات ، جب کہ جموں و کشمیر سے دواور منی پور کے شمال مشرقی علاقے سے پانچ قابل ذکر طالبات جیتنے والی تھیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ جیتنے والے اندراجات ہندی اور انگریزی کے علاوہ اردو، پنجابی، گجراتی، آسامی، تامل اور مراٹھی زبانوں کے تنوع کی عکاسی کرتی ہیں۔ جس سے ہندوستان کے مالا مال ثقافتی اور لسانی منظرنامہ  کی بھرپورعکاسی ہوتی ہے۔

Image

Image

*******

ش ح۔ ع م ۔ف ر

 (U: 4115)



(Release ID: 2000311) Visitor Counter : 47


Read this release in: English , Hindi