بھارتی چناؤ کمیشن
azadi ka amrit mahotsav

‏ ملک بھر میں 14 واں قومی یوم رائے دہندگان منایا گیا جس کا موضوع ’’ووٹ دینے جیسا کچھ نہیں، میں یقینی طور پر ووٹ دیتا ہوں‘‘‏


‏صدر جمہوریہ نے قومی تقریب میں شرکت کی ، کہا کہ انتخابی کمیشن کے انتخابات میں ٹکنالوجی کے استعمال نے پوری دنیا‏ ‏کے لیے ایک مثال قائم کی ہے

اعلیٰ انتخابی کمشنر نے کتاب ’’عام انتخابات 2024‏ ‏کے لیے ای سی آئی کے اقدامات‘کی پہلی کاپی صدر جمہوریہ کو پیش کی‏

الیکشن کمیشن نے لوک سبھا انتخابات 2024 کے لیے رائے دہندگان کی بیداری مہم کے لیے لوگو اور ٹیگ لائن ’’چناؤ کا پرو، دیش کا گرو" کا اجرا ‏کیا

ای سی آئی نے رائے دہندگان کی بیداری کے موضوع پر ایک مختصر فلم کا اجرا کیا

Posted On: 25 JAN 2024 7:12PM by PIB Delhi

‏صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج ملک بھر میں 14 واں قومی رائے دہندگان کا دن منایا۔ مرکزی وزیر مملکت برائے قانون و انصاف (آزادانہ چارج) جناب ارجن رام میگھوال مہمان خصوصی تھے۔ اعلیٰ انتخابی کمشنر جناب راجیو کمار، الیکشن کمشنر جناب انوپ چندر پانڈے، جناب ارون گوئل نے اس موقع پر معززین کا استقبال کیا۔ ‏

‏صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے اپنے خطاب میں بھارت کو دنیا کی سب سے بڑی اور متحرک جمہوریت بنانے کے لیے شہریوں کو مبارکباد پیش کی۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کے شاندار سفر میں انتخابی کمیشن نے 17 پارلیمانی انتخابات اور 400 سے زیادہ ریاستی اسمبلی انتخابات کے کام یاب انعقاد کے ساتھ بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔ آئندہ عام انتخابات 2024 میں ملک بھر میں 96 کروڑ رائے دہندگان، 1.5 کروڑ انتخابی عہدیداروں اور 12 لاکھ پولنگ بوتھوں کے ساتھ صدر جمہوریہ نے کہا کہ بھارتی انتخابات انتخابی کمیشن کی محتاط منصوبہ بندی اور عمل آوری کا ثبوت ہیں اور یہ دنیا کی سب سے بڑی لاجسٹک مشق ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ووٹنگ میں ٹیکنالوجی کا استعمال دنیا کے لیے ایک مثال قائم کرتا ہے، جو انتخابی عمل میں ترقی اور کارکردگی کے لیے ہماری قوم کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ ‏

‏انھوں نے ایک ہم وار اور جامع انتخابی عمل کو یقینی بنانے کے لیے قابل ذکر اقدامات کرنے کے لیے انتخابی کمیشن کی ستائش کی۔ انھوں نے انتخابی کمیشن کی موجودہ اور سابقہ ٹیموں کی بھی تعریف کی جو مشکل حالات میں آزادانہ، منصفانہ اور شراکتدارانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بناتی ہیں۔ ‏

‏رائے دہندگان کی بیداری اور خواندگی پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے ’’چناؤ کا پرو، دیش کا گرو‘‘ مہم کو بامعنی اور متاثر کن قرار دیا۔ کمیشن کے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ انتخابی خواندگی کو قومی نصاب میں شامل کرنا اور نوجوانوں کو ووٹرز کے دائرے میں شامل کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات قابل ستائش ہیں۔ انھوں نے اپنے خطاب کا اختتام یہ کہتے ہوئے کیا کہ آج جن نوجوان رائے دہندگان نے اپنا پہلا ای پی آئی سی کارڈ حاصل کیا ہے وہ بھارت کی جمہوریت کے مستقبل کی اس وقت نمائندگی کریں گے جب ملک 2047 میں ایک آزاد قوم کے طور پر اپنے 100 سالہ تکمیل کا جشن منا رہا ہوگا۔ ‏

‏مہمان خصوصی جناب ارجن رام میگھوال نے کہا کہ انتخابی کمیشن نے 1952 سے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے ساتھ بھارت کی جمہوریت کے طویل سفر میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ تاریخ کے صفحات سے سبق حاصل کرتے ہوئے جناب میگھوال نے کہا کہ آئین سازوں نے طویل جدوجہد کے بعد بالغوں کے حق رائے دہی کے اصول کو اپنایا جس نے اس دور میں نئے آزاد ممالک کے لیے مشعل راہ کا کام کیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ کمیٹی کی متعدد سفارشات اور پارلیمنٹ کے مطالبات کے جواب میں وقتا فوقتا انتخابی اصلاحات کے ساتھ انتخابی عمل میں بہتری آئی ہے۔‏

‏اعلیٰ انتخابی کمشنر جناب راجیو کمار نے اپنے خطاب میں کہا کہ انتخابی کمیشن پر 96 کروڑ رائے دہندگان کا غیر متزلزل اعتماد انتخابات کے کام یاب انعقاد کی بنیاد اور حوصلہ افزائی کا ذریعہ ہے۔ 2023 میں 9 ریاستوں میں آزادانہ، منصفانہ، جامع اور پرامن انتخابات کے انعقاد کا حوالہ دیتے ہوئے انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ کمیشن تمام اسٹیک ہولڈروں کو آئندہ پارلیمانی انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کے لیے بہترین ممکنہ تجربہ اور یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انھوں نے کہا کہ انتخابی کمیشن کی یہ کوشش ہے کہ بھارتی انتخابات کی مثال کو دنیا بھر میں قابل ذکر بنایا جائے اور پوری دنیا میں سونے جیسے کھرے معیار کے طور پر بھارت کے انتخابی نظام کی شبیہ کو مزید مستحکم کیا جائے۔‏

‏اعلیٰ انتخابی کمشنر جناب کمار نے مزید کہا کہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے میں سیاسی جماعتیں سب سے اہم شراکت دار ہیں اور اس بات پر زور دیا کہ کمیشن سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات چیت میں مکمل انکشاف، مکمل شمولیت اور یقینی جواب دہی کے تین ستونوں پر مبنی ہے۔ انھوں نے تمام شہریوں پر زور دیا کہ وہ نہ صرف اپنا حق رائے دہی استعمال کریں بلکہ جمہوریت کا حصہ بننے کے تجربے سے بھی لطف اندوز ہوں۔ ‏

‏اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ملک نے اپنے انتخابی سفر میں بہت ترقی کی ہے، الیکشن کمشنر جناب انوپ چندر پانڈے نے کہا کہ متوازن صنفی تقسیم کے ساتھ آئندہ عام انتخابات کے لیے رائے دہندگان کا حجم پہلے عام انتخابات میں 17.32 کروڑ سے بڑھ کر 96 کروڑ ہوگیا ہے۔ انھوں نے ملک میں انتخابات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ایوارڈ جیتنے والوں سمیت انتخابی مشینری کو ان کے غیر متزلزل عزم کی تعریف کی۔ ‏

‏معززین کا خیرمقدم کرتے ہوئے الیکشن کمشنر جناب ارون گوئل نے کہا کہ اس موقع پر عزت مآب صدر جمہوریہ کی موجودگی کمیشن کے لیے طاقت کا ذریعہ ہے۔ حاضرین میں موجود سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کا حوالہ دیتے ہوئے جناب گوئل نے انتخابی نظام کے اصولوں اور معیارات پر رضامندی سے عمل کرنے کے لیے سیاسی جماعتوں کی ستائش کی۔ بھارت کو نہ صرف سب سے بڑا بلکہ جمہوریتوں میں سب سے قدیم ملک قرار دیتے ہوئے جناب گوئل نے کہا کہ 1950 کے بعد سے انتخابی اقدامات کو واضح کرنے اور سادہ انتظامی طور پر منظم اور عوامی طور پر قابل تصدیق عمل بنانے میں انتخابی کمیشن کا کردار بے مثال ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ آمادگی کو برقرار رکھنا اور جبرکو روکنا انتخابی کمیشن کی اقدار اور اس کی کام یابی کی پہچان رہا ہے۔ ‏

‏اس موقع پر صدر جمہوریہ نے ‏‏سال 2023 کے لیے بہترین انتخابی طور طریقہ کے ایوارڈ پیش کیے‏‏۔ سال 2023 کے دوران انتخابات کے انعقاد میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 16 افراد کو آئی ٹی پہل، سیکیورٹی مینجمنٹ، الیکشن مینجمنٹ، قابل رسائی انتخابات، انتخابی فہرستوں اور رائے دہندگان کی آگاہی اور میڈیا تک رسائی کے شعبے میں ان کی خدمات پر اعزازات سے نوازا گیا۔ چھتیس گڑھ کے چیف الیکٹورل آفس (سی ای او) کو 2023 میں مشکل حالات میں انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والا ریاستی ایوارڈ دیا گیا۔‏

‏ (این وی ڈی بروشر اور ایوارڈ جیتنے والوں کی فہرست کے لیے لنک ڈاؤن لوڈ کریں):  ‏‏https: //www.eci.gov.in/eci-publication‏‏) ‏

‏2024 کے پارلیمانی انتخابات کت تناظر میں انتخابی کمیشن کی قوم کے لیے خدمات کے 75 سالہ جشن کے طور پر ’’شمولیت پر مبنی‏‏ انتخابات‘‘ کے عنوان سے ایک یادگاری ‏‏ڈاک ٹکٹ‏‏ جاری کیا گیا ۔ ‏

‏اعلیٰ انتخابی کمشنر جناب راجیو کمار نے انتخابی کمیشن ‏‏کی اشاعت ’’پارلیمانی انتخابات 2024 کے لیے انتخابی کمیشن کے اقدامات‘‘‏‏کی پہلی کاپی عزت مآب صدر جمہوریہ کو پیش کی۔ اس کتاب میں انتخابی کمیشن کے ہر ڈویژن کی جانب سے آزادانہ، منصفانہ، جامع، قابل رسائی اور شمولیت اور ساجھیداری پر مبنی انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات کا جامع جائزہ پیش کیا گیا ہے۔ ‏

‏رائے دہندہ بیداری کو فروغ دینے کے لیے ایک مختصر فلم – ’’مائی ووٹ مائی ڈیوٹی‘‘کا بھی اجرا کیا گیا جسے انتخابی کمیشن نے معروف فلم ساز جناب راج کمار ہیرانی کے تعاون سے تیار کیا ہے۔ اس مختصر فلم میں جمہوریت کی روح اور ایک ووٹ کی طاقت کو ابھارنے کے لیے کئی مشہور شخصیات کو اپنے پیغامات کے ساتھ دکھایا گیا ہے۔‏

‏اس لنک پر دیکھیں:  ‏‏https: //youtu.be/nL4wZO2o-fs‏

‏تقریب کے دوران دہلی کے پانچ نئے رجسٹرڈ رائے دہندگان کو بھی مبارک باد دی گئی اور انھیں صدر جمہوریہ نے ان کا الیکٹرز فوٹو شناختی کارڈ (ای پی آئی سی) سونپا۔‏

‏اس موقع پر آئندہ پارلیمانی انتخابات 2024 کے لیے رائے دہندگان کی بیداریو آگاہی کے لیے ‏‏ایک ملٹی میڈیا مہم ‏‏کے لیے ایک لوگو اور ٹیگ لائن کا بھی اجرا  کیا گیا۔ ‏

‏اس ‏‏موقع پر دکھائی جانے والی ملٹی میڈیا نمائش میں‏‏ بھارتی انتخابات کی وسعت، انتخابی عمل کو بہتر بنانے کے لیے انتخابی اصلاحات، تکنیکی ترقی اور انتخابی انتظام کی جدت طرازی کو دکھایا گیا۔‏

‏این وی ڈی کے لیے اس سال کا موضوع ’’ووٹنگ جیسا کچھ نہیں، میں یقینی طور پر ووٹ دیتا ہوں‘‘  2024 کے عام انتخابات تک گذشتہ سال کی تھیم بلڈنگ کا تسلسل ہے۔ یہ رائے دہندگان کے ووٹ کی طاقت سے لیس انتخابی عمل میں حصہ لینے کے بارے میں رائے دہندگان کی امنگوں اور احساسات سے مطابقت رکھتا ہے۔‏

 

‏سابق انتخابی کمشنروں، سیاسی جماعتوں کے نمائندگان اور چند ممالک کے الیکشن مینجمنٹ اداروں کے سربراہان اور نمائندوں نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔ ای سی آئی کے قومی آئیکون اور بالی ووڈ اسٹار راج کمار راؤ نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ ‏

‏انتخابی کمیشن (25 جنوری 1950) کے یوم تاسیس کی مناسبت سے ہر سال 25 جنوری کو ملک بھر میں قومی یوم رائے دہندگان منایا جاتا ہے۔ این وی ڈی جشن کا بنیادی مقصد شہریوں میں انتخابی بیداری پیدا کرنا اور انھیں انتخابی عمل میں حصہ لینے کی ترغیب دینا ہے۔‏

***

(ش ح – ع ا – ع ر)

U. No. 4046


(Release ID: 1999731) Visitor Counter : 170


Read this release in: English , Hindi