مکانات اور شہری غریبی کے خاتمے کی وزارت
شہری صفائی ستھرائی کا سب سے بڑا تہوار
سوچھ سرویکشن ایوارڈز کے 8ویں ایڈیشن کے لیے اسٹیج تیار
Posted On:
08 JAN 2024 3:36PM by PIB Delhi
دنیا کے سب سے بڑے شہری صفائی ستھرائی سروے کے 8ویں ایڈیشن کے نتائج کا انتہائی بے صبری سے انتظار کیا جا رہا تھا ۔ ان میں شہری ہندوستان کے سب سے زیادہ صاف ستھرے شہروں کا اعلان کیا جانا ہے ۔ صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو ، 11 جنوری ، 2024 کو بھارت منڈپم میں ہاؤسنگ اور شہری امور کی وزارت کی طرف سے منعقدہ ایک قومی پروگرام میں، سوچھ سرویکشن کے فاتحین کو اعزازات سے نوازیں گی۔ اس تقریب میں مختلف زمروں کے تحت 110 سے زیادہ ایوارڈز پیش کیے جائیں گے ۔ صرف قومی زمرے میں 20 سے زیادہ ایوارڈز ہوں گے ۔ اس کے علاوہ ، مختلف زمروں میں ریاستوں کی کارکردگی کو بھی تسلیم کیا جائے گا اور انہیں اعزازات سے نوازا جائے گا ۔
سوچھ سرویکشن (ایس ایس) نے شہروں کے درمیان صحت مند مسابقت کا احساس پیدا کیا ہے، جس سے انہیں شہری صفائی ستھرائی میں اضافہ کرنے اور اپنے باشندوں کو بہتر خدمات فراہم کرنے کی ترغیب ملی ہے ۔ 2016 میں 73 بڑے شہروں کے معمولی جائزے کے ساتھ یہ پروگرام شروع ہوا تھا اور موجودہ ایڈیشن میں اس کی رسائی کو 4,477 شہروں تک بڑھایا گیا ہے ، جس سے سوچھ سرویکشن کے دائرۂ کار میں تیزی سے اضافے کا پتہ چلتا ہے۔ اس سال، کلین سٹی ایوارڈز کی ترجیحات میں پرانی چلی آرہی ڈمپ سائٹس کو ختم کرنا، پلاسٹک کے کچرے کا انتظام کرنا، کم کرنے، دوبارہ استعمال کرنے، ری سائیکل کرنے کے اصولوں کو لاگو کرنا، اور صفائی متروں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے ۔ ایس ایس - 2023 نے فضلے کو قیمتی وسائل میں تبدیل کرنے پر توجہ مرکوز کی اور 3,000 سے زیادہ جائزہ لینے والوں کی ٹیم نے اس کا جائزہ لیا ۔
سروے کا شہریوں کی شمولیت اور تاثرات پر زور اس کی کامیابی میں اہم رہا ہے ۔ مجموعی طور پر سروے میں تقریباً 409 ملین کی آبادی کا احاطہ کیا گیا ۔ اس سال جائزے کے دوران 12 کروڑ شہریوں کے ردعمل موصول ہوئے، جس سے مختلف چینلز کے ذریعے انجام دی گئی سرگرمیوں کی بے مثال سطح کا پتہ چلتا ہے ۔
اس سلسلے میں ، 11 جنوری 2024 کو بھارت منڈپم میں کچرے کے بندوبست میں جدید ترین ٹیکنالوجیز اور سازوسامان کے ایک دلچسپ سلسلے کی نمائش کی جائے گی ۔ مکینیکل سویپنگ مشینیں، سیوریج صاف کرنے والے روبوٹس، کچرے کو جمع کرنے اور ٹرانسپورٹ گاڑیاں سوچھ سرویکشن ایوارڈز کے مقام پر آنے والوں کی توجہ حاصل کریں گی ۔ صرف یہی نہیں، نمائش میں فضلے سے تیار کردہ مصنوعات بھی خرید سکتے ہیں! سیلف ہیلپ گروپس کے ذریعہ رنگین اسٹال لگائے جائیں گے، جو فضلہ سے بنی اپنی تخلیقات فروخت کریں گے ۔ تقریب پیپر لیس اور زیرو ویسٹ ایونٹ ہوگی ۔
ایوارڈ کی تقریب میں 3,000 سے زیادہ شرکاء شرکت کریں گے، جن میں شہری ترقی کے وزیر، ملک کے مختلف حصوں کے میئر، ریاستی اور شہر کے منتظمین، سیکٹر پارٹنرز، موضوع کے ماہرین، نوجوانوں کی تنظیمیں ، صنعت کے نمائندے، صفائی ستھرائی اور کچرے کے بندوبست کے شعبے کے اسٹارٹ ادارے، تعلیمی ادارے، سیلف ہیلپ گروپس، صفائی متر، سی ایس اوز، این جی اوز وغیرہ شامل ہیں ۔
سوچھ سرویکشن ایوارڈز کا فوکس صرف جیتنے والے صاف ستھرے شہروں کو انعام دینے پر نہیں ہے ، بلکہ ان شہروں کو تسلیم کرنے پر بھی ہے جنہوں نے کوڑا کرکٹ سے پاک ماحول کے حصول کے لیے نمایاں پیش رفت کی ہے اور مختلف اقدامات کو نافذ کیا ہے ۔ ایک سال کی محنت، صحت مند مقابلہ، جوش خروش اور سوچھتا کے جذبے کے بعد، شہر 11 جنوری 2024 کا انتظار کر رہے ہیں جب سوچھ سرویکشن کے 8ویں ایڈیشن کے فاتحین کا اعلان کیا جائے گا ۔
*************
ش ح ۔ ا گ ۔ ت ح
U. No. 3376
(Release ID: 1994233)
Visitor Counter : 128