صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

پروگرام ’وطن کو جانو‘ میں شریک جموں و کشمیر کے نوجوانوں کے وفد کی صدر جمہوریہ سے ملاقات

Posted On: 25 DEC 2023 6:48PM by PIB Delhi

 پروگرام ’وطن کو جانو‘ میں شرکت کرنے والے جموں و کشمیر کے نوجوانوں کے ایک وفد نے آج (25 دسمبر، 2023) راشٹرپتی بھون میں صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔

وفد کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ ’وطن کو جانو‘ پروگرام کا مقصد انھیں ملک کے فن، ثقافت، تہذیب اور ملک میں ہونے والے ترقیاتی کاموں سے آگاہ کرنا ہے۔ دورے کے دوران انھیں احساس ہوا ہوگا کہ ہم مختلف زبانیں بولتے ہیں، مختلف کپڑے پہنتے ہیں، مختلف طرز زندگی اپناتے ہیں، لیکن ہم ایک ہیں۔ یہی اتحاد ہماری اصل طاقت ہے۔ ہمیں اسے مزید مضبوط کرنا ہوگا۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ دفعہ 370 ہٹائے جانے کے بعد جموں و کشمیر کی ترقی میں بے مثال پیش رفت ہوئی ہے۔ حکومت ہند اور مقامی انتظامیہ لوگوں کی ترقی کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔ عام لوگوں کے فائدے کے لیے گورننس میں ٹکنالوجی کا بڑے پیمانے پر استعمال کیا جارہا ہے۔ ڈیجیٹل جموں و کشمیر کی طرف بڑھتے ہوئے انتظامیہ نے گورننس کو مستقبل کے لیے تیار کرنے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ موثر ترسیل اور شفافیت گڈ گورننس کی بنیاد ہے۔ انھوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سوچ کے ساتھ 1100 سے زائد سرکاری خدمات کو آن لائن کیا گیا ہے جو عام لوگوں کے مفاد میں ہیں۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کے نوجوان بھارت کے مرکزی دھارے کا حصہ بن کر اپنے خوابوں کو پورا کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن آج بھی کچھ عناصر اپنے مفادات کی وجہ سے کشمیر کو ترقی نہیں دینا چاہتے۔ تاہم حکومت جموں و کشمیر کی ترقی کے لیے جس طرح انفراسٹرکچر، ٹکنالوجی اور تعلیم میں سرمایہ کاری کر رہی ہے، وہ دن دور نہیں جب جموں و کشمیر بھارت میں ترقی کا آئیڈیل پیش کرے گا۔

صدر جمہوریہ  نے نوجوانوں کے وفد کے ارکان پر زور دیا کہ وہ حکومت کی جانب سے کی جانے والی ترقیاتی کاوشوں سے فائدہ اٹھائیں۔ انھوں نے کہا کہ ایسا کرنے سے ان کی زندگی میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ انھوں نے انھیں مشورہ دیا کہ وہ اپنے روشن مستقبل کے لیے منشیات، سماج دشمن عناصر اور منفی تشہیر سے دور رہیں۔ انھوں نے کہا کہ جمہوریت سب کو منصفانہ مواقع فراہم کرتی ہے، انھیں بس اس پر یقین کرنا ہے اور لگن اور محنت کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔

صدر جمہوریہ کی تقریر دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

***

(ش ح – ع ا – ع ر)

U. No. 2958




(Release ID: 1990329) Visitor Counter : 73


Read this release in: Marathi , English , Hindi , Punjabi