امور صارفین، خوراک اور عوامی تقسیم کی وزارت
صارفین کو پیاز کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے مرکز نے 8 دسمبر 2023 سے 31 مارچ 2024 تک پیاز کی برآمد پر پابندی عائد کردی ہے
مرکز نے این سی سی ایف اور این اے ایف ای ڈی کو کسانوں سے بفر کے طور پر 7 لاکھ ٹن پیاز خریدنے کی ہدایت دی
Posted On:
11 DEC 2023 8:46PM by PIB Delhi
گھریلو صارفین کو سستی قیمتوں پر پیاز کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے پیاز کی برآمد پر 8 دسمبر 2023 سے 31 مارچ 2024 تک پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ حکومت نے یہ فیصلہ خریف کی آمد میں تاخیر، برآمد شدہ پیاز کی مقدار اور عالمی صورتحال جیسے کہ ترکی، مصر اور ایران جیسے بڑے سپلائروں کی طرف سے عائد تجارتی اور غیر تجارتی پابندیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا۔ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ کسان بری طرح متاثر نہ ہوں، حکومت قیمت استحکام فنڈ کے تحت کسانوں سے مسلسل پیاز خرید رہی ہے۔
موجودہ سال میں، حکومت نے این سی سی ایف اور این اے ایف ای ڈی کو بفر کے طور پر 7 لاکھ ٹن پیاز کی خریداری کی ہدایت دی تھی۔ اب تک، تقریباً 5.10 لاکھ ٹن کی خریداری کی جا چکی ہے، اور بقیہ مقدار کی خریداری جاری ہے۔ حکومت کی طرف سے پیاز کی خریداری کو کھلی منڈی میں فروخت اور صارفین کو براہ راست خوردہ فروخت کے ذریعے مسلسل اونچی قیمت والے بازاروں میں فروخت کیا جاتا ہے۔ بفر سے نپٹائے گئے 2.73 لاکھ ٹن پیاز میں سے تقریباً 20,700 میٹرک ٹن پیاز 213 شہروں میں 2,139 ریٹیل پوائنٹس کے ذریعے خوردہ صارفین کو فروخت کیا گیا ہے۔ ان کثیر جہتی مداخلتوں کی وجہ سے، پیاز کی کل ہند اوسط خوردہ قیمت 17 نومبر کو 59.9 روپے فی کلوگرام سے گھٹ کر 8 دسمبر کو 56.8 روپے فی کلوگرام پر لائی گئی ہے۔
یاد رہے کہ 29 اکتوبر کو حکومت نے پیاز کی برآمدات کے لیے فی ٹن 800 ڈالر کی کم از کم برآمدی قیمت (ایم ای پی) عائد کی تھی اور اس کے ساتھ ساتھ پیاز کے بفر اسٹاک کو ٹھکانے لگایا تھا۔ جب کہ ایم ای پی پیاز کی برآمدات کی مقدار کو کم کرنے میں مؤثر رہی ہے، عالمی صورتحال اور خریف کی فصل کی آمد میں تاخیر کی وجہ سے بڑی مقدار میں برآمدات جاری رہیں۔
حکومت صارفین اور کسانوں دونوں کے مفاد میں ضروری اقدامات کرنے کے لیے پیاز کی فصل کی دستیابی اور قیمتوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ پرائس اسٹیبلائزیشن کے تحت کسانوں سے پیاز کی خریداری کسانوں کو منافع بخش قیمتوں کو یقینی بنانے کے لیے جاری رہے گی اور صارفین کو سستی قیمتوں پر پیاز دستیاب کرانے کے لیے ہول سیل اور ریٹیل دونوں طرح کی اعلیٰ قیمت والی منڈیوں میں مداخلت جاری رہے گی۔
*************
ش ح۔ ف ش ع- م ف
U: 2219
(Release ID: 1985262)
Visitor Counter : 104