وزارت دفاع
سینک اسکولوں کی کارکردگی میں اضافہ کرنے کے اقدامات
Posted On:
11 DEC 2023 2:19PM by PIB Delhi
سینک اسکولوں کا بنیادی مقصد کیڈٹس کو تعلیمی، جسمانی اور ذہنی طور پر نیشنل ڈیفنس اکیڈمی میں داخلے کے لیے تیار کرنا ہے۔ 33 فوجی اسکولوں کے کیڈٹس کی تعلیمی قابلیت کو یقینی بنانے کے لیے، مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان میں تعاملی تربیت کا انعقاد اور کیڈٹس کی پیش رفت کی قریبی نگرانی، سست سیکھنے والوں کے لیے علاج کی کلاسز، جدید ترین تدریسی طریقوں کا تعارف، سروس کورس اور اساتذہ کے لیے تربیت، مہمانوں کے لیکچرز اور کیڈٹس کے لیے تحریکی دورے وغیرہ شامل ہیں۔
حکومت نے، ابتدائی طور پر 1961 میں سینک اسکولس سوسائٹی کے زیراہتمام، 05 سینک اسکول قائم کئے تھے۔ تاہم، لوگوں کی بڑھتی ہوئی امنگوں کو پورا کرنے اور قومی یکجہتی اور اتحاد کے احساس کو پروان چڑھانے کے لیے، متنوع سماجی و اقتصادی پس منظر سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو راغب کرنے کی غرض سے ، بعد ازاں ملک بھر میں 28 مزید سینک اسکول کھولے گئے جن کی تعداد اب 33 ہے۔
حال ہی میں، 2021 میں، حکومت نے سرکاری/نجی اسکولوں/غیر سرکاری تنظیموں/ٹرسٹوں وغیرہ کے ساتھ شراکت داری کے تحت، نئے سینک اسکول قائم کرنے کی اسکیم کو منظوری دی ہے، تاکہ موجودہ سینک اسکولوں کی اخلاقیات، قدر کے نظام اور قومی فخر کی طرز پر ایسے اسکول قائم کیے جائیں اور ان کے تعلیمی نظام کو سینک اسکولوں کے ساتھ ہم آہنگ کیا جا سکے۔ شراکت داری کے موڈ کے تحت، اب تک کل 42 اسکولوں کی منظوری دی گئی ہے جن میں سے 19 اسکولوں میں سیشنز شروع ہو چکے ہیں۔
صنفی مساوات کے حصول اور مسلح افواج میں خواتین کی شمولیت کے لیے راہ ہموار کرنے کے لیے، تمام 33 سینک اسکولوں میں ، 22-2021 سے کیڈٹس لڑکیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔۔
کیڈٹس کو معیاری تعلیم اور تربیت فراہم کرنے اور انہیں اچھے شہری بننے اور زندگی کے تمام شعبوں میں سبقت حاصل کرنے کے لیے، سینک اسکولس نے، برسوں کے دوران ایک ماڈل کے طور پر ترقی کی ہے۔
سینک اسکولوں کی جانب سے کیڈٹس میں شہری ذمہ داری اور قیادت کا احساس پیدا کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں جیسا کہ ذیل میں بیان کیا گیا ہے:
- تمام سینک اسکولوں میں پریفیکٹوریل سسٹم کی پیروی کی جاتی ہے ،جہاں کیڈٹس کو قائدانہ خصوصیات کو فروغ دینے کے لیے مخصوص ذمہ داریاں سونپی جاتی ہیں۔
- کیڈٹس کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ سینک اسکولوں اور دیگر اسکولوں کے درمیان منعقد کیے جانے والے مختلف تبادلے کے پروگراموں میں شرکت کریں،تاکہ وہ شہری ذمہ داریوں کے بارے میں سمجھ سکیں اور اپنے اندر قائدانہ خوبیاں پیدا کریں۔
- سینک اسکول، پیش رسائی کے پروگرام سمیت سماجی کام اور کمیونٹی سروس پروجیکٹس بناتے ہیں۔ کیڈٹس، شجر کاری کی مہم، صفائی مہم، اور مقامی کمیونٹی تنظیموں میں رضاکارانہ خدمات جیسے اقدامات میں بھی شامل ہوتے ہیں۔ اس سے معاشرے کے تئیں ذمہ داری کے احساس کو فروغ دینے میں مدد ملتی ہے۔
- کیڈٹس کو متنوع ماحول اور حالات سے روشناس کرانے کے لیے،تعلیمی دوروں اور ٹوورز کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ یہ تجربات، موافقت پذیری، ثقافتی تفہیم اور بڑی کمیونٹی کے تئیں ذمہ داری کا احساس پیدا کرنے میں مدد کرتے ہیں۔
- لڑکوں اور لڑکیوں، دونوں طرح کے کیڈٹس کے لیے، این سی سی لازمی ہے جو کیڈٹس میں کردار، ہمت اور نظم و ضبط کی خصوصیات پیدا کرنے میں مدد کرتا ہے۔
یہ معلومات دفاع کے وزیر مملکت جناب اجے بھٹ نے آج راجیہ سبھا میں لیفٹیننٹ جنرل (ڈاکٹر) ڈی پی وتس (ریٹائرڈ) کے تحریری جواب میں فراہم کیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
(ش ح- اع - ق ر)
U-2180
(Release ID: 1985130)
Visitor Counter : 82