الیکٹرانکس اور اطلاعات تکنالوجی کی وزارت

’’آنے والے برسوں میں ہندوستان کے پاس 10,000 یونیکارن کمپنیاں ہوں گی - یہ وہ موقع ہے جس کی ہندوستان آج نمائندگی کر رہا ہے‘‘: وزیر مملکت  راجیو چندر شیکھر


’’ہندوستان کی ترقی میں نوجوان ہندوستانیوں اور گجرات کے اسٹارٹ اپس کا تعاون بہت اہمیت کا حامل ہوگا‘‘:وزیر مملکت راجیو چندر شیکھر

’’حکومت ہند اسٹارٹ اپس اور نوجوان ہندوستانیوں کے لیے ایک سازگار ماحول تیار کررہی ہے‘‘: وزیر مملکت راجیو چندر شیکھر

’’آج ٹیک ایکو سسٹم کے ہر شعبےمیں  ہندوستانی پرچم  لہرا رہے ہیں‘‘:وزیر مملکت راجیو چندر شیکھر

وزیر مملکت  راجیو چندر شیکھر نے  گاندھی نگر میں پری وائبرینٹ گجرات سمٹ ایونٹ – ’’اسٹارٹ اپ کانکلیو 2023‘‘ میں شرکت کی اور اس  سےخطاب کیا

Posted On: 07 DEC 2023 5:31PM by PIB Delhi

ہنر مندی کی ترقی اور صنعت کاری اور الیکٹرانکس اور آئی ٹی کے مرکزی وزیر مملکت جناب راجیو چندر شیکھر نے جمعرات کو گاندھی نگر کے ہیلی پیڈ نمائشی مرکز میں منعقدہ پری وائبرنٹ گجرات سمٹ تقریب ’’اسٹارٹ اپ کانکلیو 2023‘‘ سے خطاب کیا۔ اسٹارٹ اپس، سرمایہ کاروں، صنعت کے لیڈروں اور اہم سرکاری عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف  نے کہا  کہ اسٹارٹ اپس ہندوستان کی ترقی کو آگے بڑھانے میں ایک اہم رول ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ 2014 سے نریندر مودی حکومت کی جانب سے نافذ کردہ تبدیلی کے اقدامات کی وجہ سے موجودہ دور میں اسٹارٹ اپس کے فروغ کے لیے بے مثال مواقع موجود ہیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/IMG_27008GVS.JPG

 جناب راجیو چندر شیکھر نے کہا ’’یہ یقینی طور پر آزاد ہندوستان کی تاریخ کا سب سے  زیادہ حوصلہ افزا  دور ہے۔  سال 2014 کے بعد تیار کئے گئے  اختراعی  ایکو سسٹم  نے جو قابل ذکر پیشرفت کی ہے اس کی وجہ سے میں اس دور کو  حوصلہ افزا دور سے تعبیر کرتا ہوں۔ ہم نے دہائیوں تک ٹیکنالوجی کے صارفین ہونے سے آلات، مصنوعات، پلیٹ فارمز اور حل کے پروڈیوسر بننے کی طرف منتقلی کی ہے، نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا کے لیے بھی۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں پچھلے نو برسوں میں، ہماری معیشت، جس پر کبھی چند گروہوں اور طبقات کا غلبہ تھا، ایک انتہائی متنوع معیشت میں تبدیل ہوگئی ہے۔ جی ڈی پی، جو اَب دنیا میں سب سے تیزی سے بڑھ رہی ہے، جی ڈی پی سے ڈھائی گنا تیزی سے بڑھنے والی ڈیجیٹل معیشت کی عکاسی کرتی ہے، جو ہمیں عالمی سطح پر سب سے تیزی سے بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل معیشت بناتی ہے۔ تاہم، اس تبدیلی کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ آج، ہندوستانی معیشت اور اس کی مستقبل کی ترقی نوجوان ہندوستانیوں کے ذریعہ نمایاں طور پر حاصل  کی جارہی ہے۔‘‘

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/IMG_2713P6WI.JPG

وزیر موصوف  نے اس بات پر  زور دیتے ہوئے  کہ ٹیکنالوجی ملک کی مجموعی ترقی کے لیے ایک محرک کے طور پر کام کرتی ہے، کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن ہندوستان کی تبدیلی کا محرک ہے۔ انہوں نے کہا ’’ہندوستانی معیشت پرپہلے  چند گروہوں کا غلبہ تھا، اور  وہ ان کے اصولوں پر چلتی تھی، اسی وجہ سے  معیشت میں گراوٹ آتی تھی لیکن آج، ہماری معیشت، جیسا کہ وزیر اعظم نے زور دیا، اگلی دہائی میں ہندوستان کے ٹیکنالوجیکل مواقع سے تشکیل پانے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہم بات یہ ہے کہ  اس نئے ہندوستان میں، اہمیت ملک بھر کے نوجوانوں   بشمول گجرات کے نوجوانوں کی خاطر خواہ شراکت سے ہے۔  قابل توجہ ہے کہ  2026 تک، ڈیجیٹل معیشت کے  2014 کے اعداد و شمار سے  جی ڈی پی کا پانچواں  حصہ یا 20 فیصد ہونے کا  امکان ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/IMG_2719KP4K.JPG

جناب  راجیو چندر شیکھر نے’’رائزنگ اسٹار- انڈیاز یونیکارن کلب اینڈ دیئر امپیکٹ‘‘کے موضوع پر اسٹارٹ اپ کے بانیوں کے ساتھ ایک پینل مباحثے میں بھی حصہ لیا۔ بات چیت کے دوران، انہوں نے کہا کہ ہندوستان آج سیمی کنڈکٹرز اور الیکٹرانکس مینوفیکچرنگ کے میدان میں بے پناہ مواقع کی نمائندگی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا ’’ٹیکنالوجی  ایکو سسٹم اور وسیع تر اختراعی معیشت کے ہر حصے میں، ہندوستانی پرچم لہرا رہے  ہیں، جو گجرات سمیت پورے ملک سے اسٹارٹ اپس کے تعاون کی علامت ہیں۔ اسٹارٹ اپس کے لیے اختراع کا بہترین وقت ابھی آنا  ہے۔ ہمارے  وزیر اعظم نے زور دے کر کہا ہے کہ یہ ہندوستانی اسٹارٹ اپس اور ہر ہندوستانی نوجوان کے لیے موقع کی دہائی ہوگی۔ آج ہم جہاں ہیں یہ تو ابھی شروعات  ہے۔ ہم اپنی معیشت کے ایک اہم موڑ پر ہیں، خاص طور پر ہندوستان میں مانگ اور کھپت کے لحاظ سے۔ میں آج پیشین گوئی کرتا ہوں کہ اگلے چند سالوں میں، ہم سیمی کنڈکٹر ڈیزائن اور اختراع میں اسٹارٹ اپس، اے آئی  میں یونیکارن ، وسیع تر  ویب3 میں  یونیکارن، اور الیکٹرانکس مینوفیکچرنگ میں  یونیکارن کمپنیوں کو دیکھیں  گے۔ یہ ایک ایسا میدان ہے جو بظاہر متضاد لگتا ہے، لیکن ہمارا مقصد 10,000 یونیکارن  حاصل کرنا ہے، یہ وہ موقع ہے جس کی ہندوستان نمائندگی کرتا ہے۔‘‘

وزیر موصوف نے اسٹارٹ اپ کانکلیو 2023 میں ایکسپو میں حصہ لینے والے اسٹارٹ اپس سے بھی بات چیت کی۔ انہوں نے خاص طور پر ان کی مصنوعات، خدمات پر تبادلہ خیال کیا اور ان کے ساتھ اپنی بصیرت کا اشتراک کیا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ش ح۔ ا گ۔ن ا۔

U- 1977



(Release ID: 1983727) Visitor Counter : 720


Read this release in: Hindi , Gujarati , English