وزارتِ تعلیم

صدرجمہوریہ  ہند نے شری لال بہادر شاستری نیشنل سنسکرت یونیورسٹی کے پہلےجلسہ تقسیم اسناد میں شرکت کی

Posted On: 05 DEC 2023 8:34PM by PIB Delhi

صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج نئی دہلی میں شری لال بہادر شاستری نیشنل سنسکرت یونیورسٹی کے پہلے جلسہ تقسیم اسناد میں شرکت کی اور خطاب کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ سنسکرت ہماری ثقافت کی شناخت اور علمبردار رہی ہے۔ یہ ہمارے ملک کی ترقی کی بنیاد بھی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنسکرت کے قواعد اس زبان کو ایک بے مثال سائنسی بنیاد فراہم کرتی ہے۔ یہ انسانی صلاحیتوں کا ایک منفرد کارنامہ ہے اور ہمیں اس پر فخر ہونا چاہیے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ سنسکرت پر مبنی تعلیمی نظام میں گرو یا آچاریہ کو انتہائی اہمیت دی گئی ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ شری لال بہادر شاستری نیشنل سنسکرت یونیورسٹی کے طلباء اس روایت کی پیروی کریں گے اور اپنے اساتذہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آگے بڑھیں گے اور، اساتذہ بھی عمر بھر طلباء کو نوازیں گے اور ان کی حوصلہ افزائی کریں گے۔

صدرجمہوریہ نے کہا کہ عقلمند لوگ اپنی عقل کا استعمال کرتے ہوئے بہترین چیزوں کو قبول کرتے ہیں۔ نادان لوگ دوسروں کے کہنے پر کسی چیز کو اپناتے یا مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ ذہن میں رکھیں کہ ہماری روایات میں جو بھی سائنسی اور مفید ہے اسے قبول کرنا ہوگا اور جو بھی دقیانوسی، غیر منصفانہ اور بیکار ہے اسے رد کرنا ہوگا۔ ضمیر کو ہمیشہ بیدار رکھنا چاہیے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ قومی تعلیمی پالیسی 2020 کا تصور ہے کہ ہمارے نوجوانوں کو ہندوستانی روایات پر یقین رکھتے ہوئے اکیسویں صدی کی دنیا میں اپنا صحیح مقام حاصل کرنا چاہئے۔ ہمارے ملک میں اخلاقیات، مذہبی طرز عمل، خیرات اور تمام بھلائی جیسی زندگی کی اقدار پر مبنی ترقی میں ہی تعلیم کو معنی خیز سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ ہمیشہ دوسروں کی بھلائی میں مصروف رہتے ہیں ان کے لیے اس دنیا میں کچھ بھی حاصل کرنا مشکل نہیں ہے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہمہ گیر ترقی کسی بھی حساس معاشرے کی پہچان ہوتی ہے۔ انہوں نے شری لال بہادر شاستری نیشنل سنسکرت یونیورسٹی پر زور دیا کہ وہ طالبات کی حوصلہ افزائی کرے اور انہیں اپنی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کے مزید مواقع فراہم کرے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، مرکزی وزیر برائے تعلیم اور ہنرمندی کی ترقی اورانٹرپرینیورشپ ، جناب دھرمیندر پردھان نے قدیم زمانے میں سنسکرت زبان کی اہمیت پر زور دیا، جو علم اور سائنس کی توسیع کا ذریعہ تھی۔ انہوں نے سنسکرت کی تعلیم میں نئی جہتیں شامل کرنے اور زبان کو پھیلانے کے لیے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تین سنسکرت یونیورسٹیوں کی تنظیم نو کرکے، جناب نریندر مودی نے ہندوستان کے اصل علم کی دولت کو محفوظ رکھنے کی کوششوں کو مزید تقویت دی ہے۔

جناب پردھان نے سنسکرت کو ایک نئے زاویے سے پڑھنے، پڑھانے اور تحقیق کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے مقاصد کے مطابق شری لال بہادر نیشنل سنسکرت یونیورسٹی ہندوستانی علمی روایت کو زندہ کرنے، سنسکرت سمیت ہندوستانی زبانوں کو مالا مال کرنے، آج عالمی طور پر معروف ہندوستانیت کی اقدار اور ویدوں میں موجود لازوال علم کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

Image

Image

Image

Image

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

(ش ح ۔ رض  ۔ ت ع(

1853



(Release ID: 1982899) Visitor Counter : 63


Read this release in: English , Hindi