نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
نائب صدر جمہوریہ اور راجیہ سبھا کے چیئرمین نے ایوان میں سابق ممبران کو خراج عقیدت پیش کیا
پروفیسر سوامی ناتھن کے تعاون نے بھارت کو خشک سالی سے متاثرہ، خوراک درآمد کرنے والے ملک سے خوراک کی پیداوار میں خود کفیل قرار دینے میں مدد کی- نائب صدر
نائب صدر نے کہا کہ ڈاکٹر ایم ایس گل کے انتقال سے قوم ایک قابل ایڈمنسٹریٹر اور ایک نامور پارلیمنٹرین کھو دینے پر سوگوار ہے
Posted On:
04 DEC 2023 4:21PM by PIB Delhi
بھارت کے نائب صدر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین جناب جگدیپ دھنکھر نے آج ایوان میں راجیہ سبھا کے سابق ممبران کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ راجیہ سبھا کے 262ویں اجلاس (موسم سرما کے اجلاس) کے آغاز پر، چیئرمین نے پروفیسر ایم ایس سوامی ناتھن، ڈاکٹر ایم ایس گل، جناب للت بھائی مہتا، محترمہ بسنتی سرما، اور جناب ڈی بی چندرے گوڑا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
1960 کی دہائی میں بھارت میں زراعت کے نشاۃ ثانیہ کی ایک مضبوط بنیاد رکھنے والے اور ‘سبز انقلاب کے بانی ’ پروفیسر سوامی ناتھن کی تعریف کرتے ہوئے، نائب صدر جمہوریہ نے زراعت اور دیہی ترقی میں صنفی تحفظات کو مرکزی دھارے میں لانے کے لیے ان کے تعاون کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا، ‘‘ان کے تعاون نے بھارت کو خشک سالی سے متاثرہ، خوراک درآمد کرنے والے ملک سے ، اسے خوراک کی پیداوار میں خود کفیل قرار دینے میں مدد کی۔’’
ڈاکٹر ایم ایس گِل کو ایک ‘‘بہترین منتظم’’ ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے نائب صدر نے یاد دلایا کہ ڈاکٹر گِل کے چیف الیکشن کمشنر کے عہدے پر فائز ہونے کے دوران ہی بھارت کے انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو کامیابی سے متعارف کرایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ‘‘ڈاکٹر ایم ایس گل کے انتقال سے قوم ایک قابل ایڈمنسٹریٹر، ایک قابل مصنف اور ایک نامور پارلیمنٹرین کے نقصان پر سوگوار ہے۔’’
جناب للت بھائی مہتا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے ایک ممتاز ماہر تعلیم، وقف سماجی کارکن اور ماہر رکن پارلیمنٹ کے طور پر ان کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے تعلیم اور عوامی خدمت کے شعبوں پر جناب مہتا کے اثرات کا اعتراف کیا۔
محترمہ بسنتی سرما کو یاد کرتے ہوئے، نائب صدر نے خواتین کی ترقی اور بچوں کے حقوق کے لیے ان کی غیر متزلزل وکالت کو تسلیم کیا اور شمال مشرقی خطے کی ترقی کے لیے جنگجو کے طور پر ان کی تعریف کی۔
نائب صدر جمہوریہ نے جناب ڈی بی چندرے گوڑا کی بھی ستائش کی اور انہیں ایک ماہر منتظم اور ممتاز پارلیمنٹرین قرار دیا ۔
راجیہ سبھا میں نائب صدر کے بیان کا مکمل متن درج ذیل ہے۔
معزز اراکین، اس ایوان کے سابق ارکان ، جناب للت بھائی مہتا، محترمہ بسنتی سرما ، پروفیسر ایم ایس سوامی ناتھن ، ڈاکٹر ایم ایس گل اور جناب ڈی بی چندرے گوڑا کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتا ہوں۔
جناب للت بھائی مہتا کا انتقال 8 جولائی 2023 کو ہوا۔ انہوں نے ریاست گجرات کی نمائندگی کرتے ہوئے 1999 سے 2005 تک اس معزز ایوان کے رکن کے طور پر خدمات انجام دیں۔ 30 جولائی 1937 کو گجرات کے وانکانیر میں پیدا ہونے والے جناب مہتا نے آرٹس اینڈ کامرس کالج، وانکانیر کے پرنسپل سمیت مختلف حیثیتوں میں سماج کے لیے اپنی انمول خدمات انجام دیں۔ وانکانیر میونسپلٹی کے صدر اور راجکوٹ شہری سہکاری بینک لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر کے طور پر وہ معاشرے کے محروم طبقات کی ترقی کے لیے بھی گہرا عزم رکھتے تھے۔ جناب للت بھائی مہتا کے انتقال سے ملک نے ایک نامور ماہر تعلیم، ایک وقف سماجی کارکن اور ایک قابل رکن پارلیمنٹ کھو دیا ہے۔
شمال مشرق کی محترمہ بسنتی سرما ، خواتین کو بااختیار بنانے کی ایک سرکردہ آواز، 8 ستمبر 2023 کو انتقال کر گئیں۔ انہوں نے 1991 سے 2002 تک مسلسل دو بار ریاست آسام کی نمائندگی کرتے ہوئے اس معزز ایوان کی رکن کے طور پر خدمات انجام دیں۔ یکم مارچ 1944 کو آسام کے تنسوکیا ضلع میں پیدا ہونے والی محترمہ بسنتی سرما نے خواتین کو تعلیم دینے میں گہری دلچسپی لی اور چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے انتھک محنت کی۔ اس مقدس چیمبر میں اپنے وقت کے دوران، اس نے بھارت کے شمال مشرقی علاقوں کی ترقی کے لیے ایک جنگجو کے طور پر کام کیا۔ محترمہ بسنتی سرما کے انتقال سے، ہم نے خواتین کی ترقی کے ایک مضبوط حامی، بچوں کے حقوق کی علمبردار اور ایک ماڈل پارلیمنٹرین کو کھو دیا ہے۔
پروفیسر ایم ایس سوامی ناتھن کا، جو ملک میں ‘سبز انقلاب کے بانی’ تھے ، انتقال 28 ستمبر 2023 کو ہوا۔ انہوں نے اپریل 2007 سے اپریل 2013 تک اس ایوان کے نامزد رکن کے طور پر خدمات انجام دیں۔ 7 اگست 1925 کو تمل ناڈو کے کمباکونم میں پیدا ہوئے، پروفیسر سوامی ناتھن نے، جو کہ تعلیم کے لحاظ سے پودوں کی جینیات کے ماہر تھے، 1960 کی دہائی میں بھارت میں زرعی نشاۃ ثانیہ کی مضبوط بنیاد رکھی۔ انہیں پائیدار زراعت پر اپنے مثبت موقف، زراعت اور دیہی ترقی میں صنفی تحفظات کو مرکزی دھارے میں لانے کے لیے عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی۔ ایک قابل منتظم کے طور پر، پروفیسر سوامی ناتھن نے ملک اور بیرون ملک کئی ترقیاتی تنظیموں کی قیادت کی۔
ان کے بے پناہ تعاون نے بھارت کو خشک سالی سے متاثرہ اور خوراک درآمد کرنے والے ملک سے 1971 میں خوراک کی پیداوار میں خود کفیل ملک قرار دینے میں مدد کی۔ ان کی انتھک محنت اور تعاون کو 1987 میں پہلے ورلڈ فوڈ پرائز عطا کر کے تسلیم کیا گیا ۔ انہیں دیگر کے علاوہ 1966 میں پدم شری ، 1971 میں ریمن میگسیسے ایوارڈ، 1972 میں پدم بھوشن اور 1989 میں پدم وبھوشن دیگر ایوارڈ سے نوازا گیا ۔
پروفیسر ایم ایس سوامی ناتھن کے انتقال سے ملک نے ایک سچے بصیرت رکھنے والے، ایک عظیم زرعی سائنسدان اور ایک قابل رکن پارلیمنٹ کو کھو دیا ہے۔
ڈاکٹر ایم ایس گل ، پنجاب کی بیوروکریسی اور سیاست کی ایک ممتاز شخصیت، 15 اکتوبر 2023 کو انتقال کر گئے۔ انہوں نے 2004 سے 2016 تک ، مسلسل دو بار ریاست پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے اس ایوان کے رکن کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔
14 جون 1936 کو ریاست پنجاب میں پیدا ہونے والے ڈاکٹر گل نے سال 1958 میں باوقار انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس میں شمولیت اختیار کی اور مرکزی حکومت اور پنجاب کی ریاست ، حکومت کے تحت مختلف عہدوں پر خدمات انجام دیں۔ ڈاکٹر گل نے، جو ایک شاندار منتظم تھے، 1996 سے 2001 تک چیف الیکشن کمشنر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں اور ان کے دور میں ہی بھارتی انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو کامیابی کے ساتھ متعارف کرایا گیا ۔ انہوں نے یونین کونسل آف منسٹرس میں وزیر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں ان کے پاس شماریات اور پروگرام کا نفاذ اور نوجوانوں کے امور اور کھیل کے قلمدان تھے ۔ ڈاکٹر گل کو سال 2000 میں اعزازی پدم وبھوشن سمیت کئی اعزازات سے نوازا گیا ۔
ڈاکٹر ایم ایس گل کے انتقال سے ملک ایک قابل منتظم، ایک نامور مصنف اور ایک نامور پارلیمنٹرین سے محروم ہو گیا ہے۔
جناب ڈی بی چندرے گوڑا کا انتقال 7 نومبر 2023 کو ہوا۔ انہوں نے اپریل 1986 سے دسمبر 1989 تک ریاست کرناٹک کے نمائندے کی حیثیت سے اس معزز ایوان کے رکن کے طور پر خدمات انجام دیں۔
26 اگست 1936 کو کرناٹک کے چکمگلورو ضلع میں پیدا ہوئے، جناب چندرے گوڑا کا چار دہائیوں پر محیط ایک شاندار سیاسی کیریئر رہا ہے ۔ پیشے کے لحاظ سے وہ ایک وکیل تھے، ان کا سیاسی کیرئیر شاندار تھا جس میں وہ 1971 سے 1984 تک تین مرتبہ لوک سبھا کے رکن منتخب ہوئے ۔ کرناٹک کی قانون ساز اسمبلی میں بھی وہ تین معیاد کے لیے رکن منتخب ہوئے ۔ وہ 1979 سے 1980 تک کرناٹک حکومت میں کابینہ کے وزیر بھی رہے۔
جناب ڈی بی چندرے گوڑا کے انتقال سے ملک نے ایک قابل ایڈمنسٹریٹر اور ایک ممتاز رکن پارلیمنٹ کھو دیا ہے۔
معزز ممبران، ہم جناب للت بھائی مہتا ، محترمہ بسنتی سرما ، پروفیسر ایم ایس سوامی ناتھن ، ڈاکٹر ایم ایس گل اور جناب ڈی بی چندرے گوڑا کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں۔
میں اراکین سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اپنی جگہوں پر کھڑے ہوں اور مرحومین کی یاد کے احترام میں خاموشی اختیار کریں۔
(خاموشی کے بعد)
سکریٹری جنرل ، سوگوار خاندانوں کے معزز ارکان تک ہمارے گہرے دکھ اور گہری ہمدردی کا اظہار سے آگاہ کریں گے۔
*************************
ش ح ۔ و ا ۔ ت ح
U- 1746
(Release ID: 1982455)
Visitor Counter : 67