کامرس اور صنعت کی وزارتہ
azadi ka amrit mahotsav

حالیہ برسوں میں نارڈک ممالک کو ہندوستان کی طرف سے برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے: جناب گوئل


فارماسیوٹیکل، فوڈ پروسیسنگ، قابل تجدید توانائی، آئی ٹی، اے آئی، سپلائی چین اور لاجسٹکس کے شعبوں میں نارڈک-بالٹک ممالک کے ساتھ باہمی تعاون کے وسیع امکانات ہیں: جناب گوئل

جناب گوئل نے نارڈک بالٹک ممالک کو بھارت ٹیکس اور بھارت موبیلٹی میلوں میں شرکت کی دعوت دی

Posted On: 22 NOV 2023 7:35PM by PIB Delhi

کامرس اور صنعت، امور صارفین، خوراک اور عوامی تقسیم اور ٹیکسٹائل کے مرکزی وزیر جناب پیوش گوئل نے کہا کہ حالیہ برسوں میں ہندوستان کی طرف سے نارڈک علاقوں کو برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے آج نئی دہلی میں دوسرے سی آئی آئی انڈیا نارڈک-بالٹک بزنس کانکلیو – 2023 سے خطاب کیا۔

مرکزی وزیر نے کہا کہ 2018-19 سے 2022-23 کی مدت کے دوران نارڈک خطے کو ہندوستان کی برآمدات میں 39 فیصد سے زیادہ کا اضافہ ہوا ہے اور فن لینڈ اور ناروے کو برآمدات میں بالترتیب 100 فیصد اور 80 فیصد سے زیادہ کا اضافہ ہوا ہے۔ مرکزی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان کے ساتھ خطے کے تعلقات میں حالیہ برسوں میں نزدیکی بڑھی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نارڈک بالٹک خطے میں ہندوستانی کھانے، بالی ووڈ، یوگا، آیوروید اور ٹیکسٹائل کافی مقبول ہیں۔

جناب گوئل نے اپنے خطاب میں کہا کہ نارڈک بالٹک ممالک کے پاس بہترین اختراعات، گرین ٹیکنالوجی، اے آئی اور بلاک چین پر مبنی تبدیلی، سپلائی چین لاجسٹکس اور فن ٹیک ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ یہ وہ شعبے ہیں جہاں ہندوستان کے ساتھ تعاون کے وسیع امکانات ہیں، کیونکہ ہندوستان نے وسیع معدنی وسائل اور ہنر کے ساتھ اقتصادی سپر پاور ہونے کے علاوہ ان شعبوں میں کافی ترقی کی ہے۔ نارڈک ممالک کے لیڈروں کی موجودگی میں جناب گوئل نے کہا کہ یہ عالمی چیلنجوں اور مواقع کے لیے مشترکہ نقطہ نظر کے ساتھ تعاون، اختراع اور مشترکہ خوشحالی کا ایک دلچسپ دور ہے۔

اس کے علاوہ جناب گوئل نے نارڈک بالٹک ممالک کی کمپنیوں کو ہندوستان میں منعقد ہونے والے آئندہ تجارتی میلوں میں نمائش، شرکت اور تعاون کے لیے بھی مدعو کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بھارت ٹیکس، جو 26 فروری 2024 سے 29 فروری 2024 تک منعقد ہوگا، اس میں تقریباً 40 ممالک کے 3500 سے زائد نمائش کنندگان شرکت کریں گے۔ بھارت موبیلٹی شو 1 فروری سے 3 فروری 2024 تک چلے گا، اور اس میں آٹو میلے کی نمائش کی جائے گی۔

اس موقع پر آئس لینڈ کی وزارت برائے امور آب و ہوا کے خصوصی ایلچی جناب بینیڈکٹ ہوسکولڈسن، ایسٹونیا کی اقتصادی اور ترقیاتی امور کی نائب وزیر محترمہ مارین رتنک، لیٹویا کی وزارت اقتصادیات میں پارلیمانی سیکرٹری جناب جورگس میزینس، لیتھوانیا کے خارجہ امور کے نائب وزیر، ایگڈس میلوناس، ناروے کے نائب وزیر خارجہ جناب اینڈریاس موزفیلٹ کریوک، فن لینڈ کے ترقیاتی تعاون اور غیر ملکی تجارت کے وزیر جناب ویلے تاویو، سویڈن کے مالیاتی وزیر جناب نکلس وک مین اور فیرو جزائر کے وزیر اعظم جناب اکسل ولیمسن جوہانسن نے ہندوستان کے ساتھ نارڈک ممالک کے تعلقات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

*************

 

ش ح۔ ف ش ع- م ف

U: 1296


(Release ID: 1978975) Visitor Counter : 110


Read this release in: English , Hindi