وزارت سیاحت
میگھالیہ کے وزیر اعلیٰ کونراڈ کے سنگما اور یونین کے وزیر برائے سیاحت جناب پد یسو نائک نے آج شیلانگ میں انٹرنیشنل ٹورازم مارٹ (آئی ٹی ایم) کے 11ویں ایڈیشن کا افتتاح کیا
3 روزہ ٹورازم مارٹ پائیدار سیاحت کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے شمال مشرق کی غیراستعمال شدہ صلاحیت کو ظاہر کرے گا
Posted On:
21 NOV 2023 9:41PM by PIB Delhi
میگھالیہ کے وزیر اعلیٰ کونراڈ کے سنگما اور مرکزی وزیر مملکت برائے سیاحت جناب پد یسو نائک نے آج شیلانگ میں انٹرنیشنل ٹورازم مارٹ (آئی ٹی ایم) کے 11ویں ایڈیشن کا افتتاح کیا۔ یہ تین روزہ تقریب آج سے 23 نومبر تک لاریٹی انٹرنیشنل سینٹر فار پرفارمنگ آرٹس اینڈ کلچر میں منعقد ہو رہی ہے۔ سکم کے وزیرسیاحت جناب بیدو سنگھ پنتھ، آسام کے وزیرسیاحت جناب جینتا ملابروا اور میگھالیہ کے وزیر سیاحت جناب پال لنگڈوہ نے مرکزی اور ریاستی حکومت کے سینئر افسران کے ساتھ افتتاحی پروگرام میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جناب یسو نائک نے کہا کہ میگھالیہ ایک خوبصورت ریاست ہے جس میں مہم جوئی اور ماحولیاتی سیاحت کی بڑی صلاحیت ہے اور یہ کہ آئی ٹی ایم سرکاری ایجنسیوں اورفریقوں کے درمیان بات چیت کو آسان بنانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔اس سال آئی ٹی ایم بہت سی باتیں مختلف نظرآرہی ہیں ، ایک طویل وقفے کے بعد بین الاقوامی ٹور آپریٹرز، بلاگرز اس موجودہ ایڈیشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ وزارت اس تقریب کو کاربن کے اثرات سے پاک بنانے کی کوششیں کر رہی ہے۔ جناب نائک نے کہا کہ ہندوستان کا شمال مشرق مہم جوئی، ثقافت، فطرت، تہواروں اور شاندار تجربات کے خواہاں مسافروں کے لیے ایک مقبول سیاحتی مقام کے طور پر ابھرا ہے۔
یہ خطہ اپنی بھرپور حیاتیاتی تنوع، نسلی تنوع اور برف پوش پہاڑوں، قدیم جھیلوں اور گھنے جنگلات پر مشتمل حیرت انگیز حدتک دلکش منظرنامے کی وجہ سے جانا جاتا ہے، انہوں نے کہا، ’’مجھے بتایا گیا ہے کہ مارٹ میں بین الاقوامی خریداروں اور گھریلو بازاروں کے درمیان بی 2 بی میٹنگ کے عناصر شمال مشرقی علاقے کے گھریلو بازاروں اور فروخت کنندگان کے طور پر، مختلف عصری موضوعات پر مرکوز پینل مباحثے، شمال مشرقی ریاستوں کی پیشکش، شمال مشرقی بازار، میوزیکل پرفارمنس، کھانے کا مظاہرہ، خصوصی طور پر تیار کردہ تکنیکی ٹولز موجود ہیں تاکہ شرکاء کو سیاحت سے مکمل طورپر لطف اندوز کیا جاسکے جو اس خطے کی طرف سے پیش کی جارہی ہے۔‘‘ اس مارٹ میں یووا ٹورازم کے بینر تلے ملک کے مختلف حصوں سے طلباء کی شرکت کے پروگرام بھی ہیں جس کا مقصد طلباء کو اس ثقافتی امیر خطہ کے بارے میں پہلے سے معلومات فراہم کرنا ہے۔
صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ سیاحت کسی بھی خطے کی ترقی میں بہت بڑا رول ادا کرتی ہے۔ خطے کی ترقی کے لیے مرکزی حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے، وزیر موصوف نے کہا کہ ’’اقتدار سنبھالنے کے فوراً بعد، وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے ملک کے شمال مشرقی علاقے پر توجہ مرکوز کی۔ شمال مشرقی خطے میں اب جو ترقی دیکھی جا رہی ہے اس کے پس پشت ہمارے وزیر اعظم کا وژن ہے۔ اور یقینی طور پر، آج ہم 11 ویں بین الاقوامی سیاحتی مارٹ کا جشن منا رہے ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ شمال مشرق کی تمام آٹھ ریاستوں میں خاطرخواہ طور پر ترقی ہو۔ جب ترقی میں بہتری آئے گی تب ہی سیاحت میں بہتری آئے گی اور جب سیاحت میں بہتری آئے گی تو ملک کی معیشت بھی بہتر ہوگی۔
میگھالیہ کے وزیر اعلیٰ جناب کونراڈ سنگما نے اس موقع پر موجود تمام مندوبین، طلباء اور معززین کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے شیلانگ کو 11ویں ٹورازم مارٹ کے لیے منتخب کرنے پر حکومت ہند اور وزارت سیاحت کا شکریہ ادا کیا۔ چیف منسٹر نے اپنے خطاب میں اعتراف کیا کہ شمال مشرق میں جس طرح کی اقتصادی ترقی اس خطہ میں دیکھی جا رہی ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا’’پچھلے کئی برسوں میں جس طرح کی حمایت عزت مآب وزیر اعظم، حکومت ہندوستان اور مختلف وزارتوں نے دی ہے،اس کی مثال نہیں ملتی۔ اس بات کو یقینی بنانے پر بہت مضبوطی کے ساتھ اور خصوصی توجہ دی جارہی ہے کہ شمال مشرقی خطے کی ریاستیں ملک کے باقی حصوں کے ساتھ مل کر آگے بڑھیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ اس خطے میں اقتصادی ترقی پہنچے، چاہے وہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے حوالے سے ہو، نوجوانوں کی ترقی کے پروگرام، زرعی شعبے، یا سیاحت جیسے سماجی و اقتصادی شعبے سے متعلق ہو ، حکومت ہند کی طرف سے زبردست مدد ملی ہے۔‘‘
خطہ میں سیاحت کے لیے وسیع امکانات کا اعتراف کرتے ہوئے، جناب سنگما نے کہا، "سیاحت ان شعبوں میں سے ایک ہے جو اس بات کو یقینی بنا سکتا ہے کہ ہم ہر سال روزگار کے متلاشی نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کریں۔ سیاحت کا شعبہ ہماری ریاستی حکومت کی اقتصادی پالیسیوں اور پروگرام کے اہم ستونوں میں سے ایک رہا ہے۔"
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ منصوبےاور پالیسیاں ہماری ریاست کی طاقت کے مطابق بنائی جانی چاہئیں، اسے مسابقتی فوائد، یا ریاست کے پاس اس قسم کے یو ایس پیز کی بنیاد پر بنایا جانا چاہیے جو ان کو فروغ دے سکتی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا، "ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ہم جو کچھ بھی کرتے ہیں اس میں ہم کمیونٹی کو شامل کریں اور اقتصادی ترقی اور سیاحت پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے، ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ہم ماحول اور ماحولیات کا بھی خیال رکھیں۔"
انہوں نے اپنے بہت سے خیالات کا اشتراک کیا جن پر کہ اگر حقیقی جذبہ کے ساتھ عمل درآمد کیا جائے تو مثبت ردعمل سامنے آسکتے ہیں۔ ہاتھیوں کے تحفظ پر کام کرنے کے سلسلے میں،وزیراعلیٰ نے کہا، "ہم ایک ریاست کے طور پر ہاتھیوں کے تحفظ کے لیے حکومت آسام کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ ہمارے پاس پورے ایشیائی براعظم میں ہاتھیوں کی سب سے بڑی آبادی ہے اور اس وجہ سے ہم ہاتھیوں کی راہداری کو مستقل طور پر نشان زد کر سکتے ہیں، جو ایک سیاحتی مقام کے طور پر بھی کام کر سکتا ہے جہاں لوگ تجربہ کر سکتے ہیں اور ہاتھیوں کو دیکھ سکتے ہیں اور ساتھ ہی انسان اور ہاتھی امن اور ہم آہنگی سے رہ سکتے ہیں۔"
آئی ٹی ایم 2023 کے آغاز کے موقع پر پریس سے خطاب کرتے ہوئے، سکریٹری، وزارت سیاحت، حکومت ہند، محترمہ ودیاوتی نے سالانہ ٹورازم مارٹ کے انعقاد کے مقصد کا اشتراک کیا، یعنی پائیدار سیاحت کو فروغ دینے کے لیے مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹوں میں خطے کی غیر استعمال شدہ صلاحیت کو ظاہر کرنا۔
انہوں نے سامنے آنے والے ردعمل کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ’’آج ہمارے پاس 18 ممالک کے 28 بین الاقوامی وفود ہیں۔ ہمارے پاس ملک کے مختلف حصوں سے 50 خریدار بھی ہیں۔ ان میں سیاحت کے پیشہ ور افراد، میڈیا کی رائے سازی کرنے والے، ٹور آپریٹرز، اور ضیافتی امور کی صنعت کے شرکاء بھی شامل ہیں۔ اس سے ملک کے غیر دریافت شدہ مقامات کا سفر کرنے کے لیے بڑھتی ہوئی دلچسپی ظاہر ہوتی ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، "ہم ثقافتی، روحانی، ورثے اور دیہی سیاحت کو دیکھنے کے خواہشمند ہیں۔ ہماری طرف سے کوشش یہ ہے کہ سیاحت کے مختلف پہلوؤں پر کام کیا جائے۔ ایک پہلو یہ ہے کہ شمال مشرق نے ایک خطہ کے طور پر پائیدار سیاحت کے معاملے میں برتری حاصل کی ہے اور سیاحت کے منفی اثرات، اگر کوئی ہیں تو ان کے بارے میں بھی یہ خطہ انتہائی باشعور ثابت ہوا ہے۔ کچھ نئی معلومات ہیں، جو ہم واقعی شمال مشرق سے حاصل کرنا چاہتے ہیں اور انہیں ملک کے مختلف حصوں میں پہنچانا چاہتے ہیں اور یہاں کے انتہائی نازک ماحول کے بارے میں اتنا ہی حساس ہونا چاہتے ہیں تاکہ ہم سیاحت کو پائیدار اور ایک خوابوں کی دنیا جیسے سیاحتی ماڈل کے طور پر تیار کریں۔"
انٹرنیشنل ٹورازم مارٹ ایک سالانہ تقریب ہے جو وزارت کی طرف سے شمال مشرقی ریاستوں میں سے ایک میں گردشی اصول کی بنیاد پر منعقد کی جاتی ہے، جس کا مقصد شمال مشرقی علاقہ سے تعلق رکھنے والے شراکت داروں کو ملک کے اندر اور بیرون ملک دونوں بازاروں سے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے ایک بڑا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ شمال مشرقی خطہ (این ای آر) کی سیاحت کی صلاحیت کے بارے میں بیداری پیدا کرنا اور اس کی منفرد سیاحتی مصنوعات، بھرپور حیاتیاتی تنوع، منفرد غیر محسوس ورثہ بشمول مقامی روایات، رقص کی شکلیں، فنون، دستکاری اور ہینڈ لومز کو ملکی اور بین الاقوامی سامعین تک پہنچانا بھی اس کے مقاصد میں شامل ہے۔
بین الاقوامی مارٹ بھی ایک منفرد تقریب کی حیثیت حاصل کرنے جا رہا ہے، کیونکہ اس کا منصوبہ ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت، حکومت ہند کے مشن لائیف ای کے نفاذ کے لیے اور سیاحت کے شراکت داروں کو حساس بنانے اور اس کے مقاصد کے بارے میں زیادہ سے زیادہ بیداری پیدا کرنے کے لئے بنائے گئے ایکشن پوائنٹس کی طرز پر کاربن کی مقدار میں کمی لانے والے متبادلات کو اپناتے ہوئے ایک ماحول دوست تقریب کے طور پر بنایا گیا ہے ۔ ایس یو پی (سنگل یوز پلاسٹک) کا کوئی استعمال نہیں ہوگا، ڈیجیٹل اور کاغذ کے استعمال سے پاک کے ساتھ ساتھ درخت لگانے کی مہم بھی چلائی جائے گی۔
************
ش ح۔ س ب ۔ م ص
(U: 1246 )
(Release ID: 1978669)
Visitor Counter : 62