سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
گزشتہ 9 برسوں میں ایم بی بی ایس کی نشستوں میں 79 فیصد اور ایم ڈی کی نشستوں میں 93 فیصد اضافہ ہوا ہے: ڈاکٹر جتیندر سنگھ
Posted On:
10 NOV 2023 8:06PM by PIB Delhi
سائنس و ٹکنالوجی کی وزارت (آزادانہ چارج)، پی ایم او، پرسنل، عوامی شکایات، پنشن، محکمہ جوہری توانائی اور خلائی محکمہ کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں حکومت نے طبی تعلیم کو سستی اور قابل رسائی بنانے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں تاکہ کوئی بھی مستحق امیدوار پیچھے نہ رہ جائے۔ انھوں نے کہا کہ گذشتہ 9 سالوں میں ایم بی بی ایس کی نشستوں کی تعداد 79 فیصد اضافے کے ساتھ 51,348 سے بڑھ کر 91,927 ہوگئی جبکہ ایم ڈی کی نشستوں کی تعداد 93 فیصد اضافے کے ساتھ 31,185 سے بڑھ کر 60،202 ہوگئی۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ 2014 میں بھارت میں 145 سرکاری میڈیکل کالجوں سے اب ایسے 260 جی ایم سی ہوگئے ہیں جبکہ ملک میں ایمس کی تعداد 9 سال میں بڑھ کر 23 ہوگئی ہے۔
وزیر موصوف نے یہ بات ایس بی آئی کی جانب سے جموں کے ایمس کو عطیہ کی گئی 32 نشستوں والی بس کو ہری جھنڈی دکھانے کے بعد کہی۔ یہ تقریب ایمس جموں کے بخشی نگر کیمپ آفس میں منعقد ہوئی۔
ایمس کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شکتی گپتا نے ڈاکٹر جتیندر سنگھ کا شکریہ ادا کیا اور ان کے مصروف شیڈول کے باوجود تلنگانہ سے براہ راست آنے کے ان کے عزم کی ستائش کی۔
بھارت کے ٹیکہ کاری پروگرام کے بارے میں بات کرتے ہوئے ، ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ بھارت حفاظتی صحت کی دیکھ بھال میں عالمی رہنما کے طور پر ابھرا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس سے پہلے ملک کو صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنے والے کے طور پر سنجیدگی سے نہیں لیا جاتا تھا۔
وزیر موصوف نے صحت کی دیکھ بھال کے شعبے کو زنجیروں سے آزاد کرنے اور فرسودہ ضابطوں کو ختم کرنے کے لیے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی ستائش کی اور کہا کہ ایک زیادہ سازگار ماحول پیدا کیا گیا ہے۔
وزیر موصوف نے تجویز پیش کی کہ ایس بی آئی کی جانب سے عطیہ کی گئی بسوں میں ’ڈاکٹرز آن وہیلز‘ سہولت کی طرز پر ٹیلی میڈیسن کی سہولت کو شامل کیا جائے۔ انھوں نے دور دراز علاقوں میں طبی خدمات کی فراہمی میں اضافے کے لیے ایک مربوط ہیلتھ مینجمنٹ پروٹوکول پر زور دیا۔
بعد ازاں وزیر موصوف نے ایمس جموں کے طلبہ اور فیکلٹی سے بات چیت کی۔ انھوں نے اپنے تجربات کا اشتراک کیا اور طلبہ کو اپنے شعبے میں کامیابی حاصل کرنے کے بارے میں تجاویز پیش کیں۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس ، کوانٹم تھراپی وغیرہ جیسے میڈیکل پریکٹس کے جدید ترین آلات پر اظہارِ خیال کیا اور اس پر اپنے تجربات بتائے۔ انھوں نے تھیم پر مبنی سی ایم ایز کی بھی تجویز دی جس میں ایک ہی چھت تلے متعدد اسٹریمز اور ڈسپلن شامل ہوں۔ انھوں نے زیادہ سے زیادہ نتائج حاصل کرنے کے لیے ڈیپ ٹکنالوجی کے ساتھ کلینیکل میڈیسن کو مربوط کرنے کے بارے میں بھی بات کی۔
اس موقع پر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ’’ہینڈ بک آف پالیسیز، گائیڈ لائنز اینڈ پروسیجرز‘‘ کے عنوان سے ایک کتاب کا اجراء کیا۔ یہ کتاب اداروں کے درمیان تعاون اور متعدد مراکز میں ٹرائلز کے انعقاد کی اہمیت پر روشنی ڈالتی ہے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ وزیر اعظم کے 2047 تک ترقی یافتہ ملک کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے کام کریں۔
***
(ش ح – ع ا – ع ر)
U. No. 814
(Release ID: 1976280)
Visitor Counter : 91