نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
مصنوعی ذہانت صنعتی انقلاب کے بعد سب سے اہم مثبت تبدیلیوں میں سے ایک ہے۔ دنیا اس وقت ایک بڑی تبدیلی کے قریب ہے: نائب صدر
ہم تکنیکی انقلاب کی چوٹی پر ہیں: نائب صدر
ٹیکنالوجی کو سماجی کاز سے جوڑنے کی ضرورت ہے: نائب صدر
نائب صدر نے ٹیکنالوجی کی جمہوریت اور ہمہ گیریت پر زور دیا
علم اعلیٰ ترین طاقت ہے، یہ دنیا میں آپ کے مقام کا تعین کرتا ہے: نائب صدر
نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ کسی بھی معاشرے میں مساوی ترقی کے لیے خواتین کو بااختیار بنانا بہت ضروری ہے
نائب صدر جمہوریہ نے نوجوانوں کو حکمرانی کے عمل میں سب سے بڑا حصہ دار قرار دیا۔ قوم کی تعمیر میں ان کے کردار کو سب سے اہم قرار دیا
نائب صدر نے ہر شخص پر زور دیا کہ وہ اقتصادی قوم پرستی کا گہرا احساس پیدا کریں
نائب صدر نے کلیدی اداروں، حکومت اور صنعت کے درمیان ہم آہنگی پر زور دیا
نائب صدر جمہوریہ نے آئی آئی ٹی بامبے کے طلباء سے بات چیت کی
Posted On:
06 NOV 2023 8:47PM by PIB Delhi
نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکھڑنے آج مصنوعی ذہانت (اے آئی) جیسی نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی کی تبدیلی لانے والی صلاحیت پر زور دیا اور کہا کہ دنیا تکنیکی انقلاب کے عروج پر ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اے آئی بنیادی طور پر ہمارے رہنے، کام کرنے اور بات چیت کرنے کے طریقے کو بدل دے گا اور یہ موقع کے ساتھ ساتھ ایک چیلنج بھی ہے۔جناب دھنکھڑ نے اے آئی کے اُبھار کو صنعتی انقلاب کے بعد سب سے اہم مثبت تبدیلیوں میں سے ایک قرار دیا۔
آئی آئی ٹی، بامبے کے طلباء کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے ان سے تحقیق اور اختراعات کے عمل کو آگے بڑھانے پر زور دیا اور ساتھ ہی ان سے کہا کہ وہ سماجی مقاصد کے لیے ایسی ٹیکنالوجی کا استعمال کریں جو ملک کے لوگوں اور پوری انسانیت کے لیے فائدہ مند ہو اور زندگی کو آسان بنا سکے۔
انہوں نے آئی آئی ٹی جیسے اہم اداروں پر زور دیا کہ وہ صنعت اور حکومت کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ٹیکنالوجی کو سب کے لیے قابل رسائی اور ہمہ گیر بنایا جا سکے۔
خواتین کو بااختیار بنانے اور صنفی مساوات کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے، نائب صدر جمہوریہ نے حکومت کے اقدامات جیسے سوچھ بھارت مشن، اجولا یوجنا اور ہر گھر جل یوجنا کی ستائش کی، جنہوں نے ہزاروں خواتین کو وقار بخشاہے، ساتھ ہی انہیں سخت مشقت سے نجات دلائی ہے اور ان کی زندگی کو بہت آسان بنا دیا ہے۔ انہوں نے پارلیمنٹ میں خواتین ریزرویشن بل کی حالیہ منظوری کو ایک اہم پیش رفت قرار دیا، جس سے دور رس سماجی تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں گی۔
جنگ کی بدلتی ہوئی نوعیت اور اسٹریٹیجک علاقوں میں ٹیکنالوجی کی رسائی کو اجاگر کرتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ ’’بہترین دفاع یہ ہے کہ آپ سب سے بڑا حملہ کرنے کے قابل ہوں‘‘۔
طلباء سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ علم وہ اعلیٰ ترین طاقت ہے جو دنیا میں کسی بھی فرد، تنظیم اور قوم کے مقام کو متعین کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ کوانٹم کمپیوٹنگ، مصنوعی ذہانت، 6 جی، کرپٹوگرافی، سائبر سیکورٹی اور گرین ہائیڈروجن جیسے شعبوں میں جدید تحقیق میں مشغول ہوں۔
ڈیموگرافک ڈیویڈنڈ اور نوجوانوں کے کردار پر اظہار خیال کرتے ہوئے نائب صدر نے انہیں حکمرانی کے عمل میں سب سے بڑا حصہ دار ٹھہرایا ۔ انہوں نے ہندوستان کے مستقبل کی تعمیر میں نوجوانوں کی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کیا اور انہیں ترقی کا ایک اہم انجن قرار دیا۔
جناب دھنکھڑ نے ان پر زور دیا کہ وہ ہندوستان کے قابل فخر شہری بنیں، ہمارے ملک کی تاریخی کامیابیوں پر فخر کریں اور ہماری صدیوں پرانی اخلاقیات اور جمہوری اقدار کو برقرار رکھیں۔
ہمارے ملک کے خام مال کی قدر میں اضافے کے بغیر دیگر ممالک کو برآمد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ہم سب اقتصادی قوم پرستی کا گہرا احساس پیدا کریں۔ قدر میں اضافے کے بغیر ہمارے ساحلوں کو چھوڑنے والا خام مال ہمارے نوجوانوں کو روزگار اور کاروبار کے مواقع سے محروم کر دیتا ہے۔
بدعنوانی کو جمہوریت کا سب سے بڑا دشمن قرار دیتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ یہ عام آدمی کی ترقی میں رکاوٹ ہے اور لوگوں کے اندر مایوسی پیدا کرتی ہے۔
طلباء سے خطاب کرتے ہوئے، جناب دھنکھڑنے آئی آئی ٹی، صنعت اور حکومت جیسے اہم اداروں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا، تاکہ تکنیکی ترقی ایک محرک کے طور پر کام کر سکے اور ہندوستان کو عالمی رہنما کے طور پر ابھرنے کو یقینی بنایا جا سکے۔
اپنے خطاب میں نائب صدر نے آئی آئی ٹی بامبے کے سابق طلباء اور مختلف شعبوں میں ان کی بے پناہ شراکت کا بھی اعتراف کیا۔ نیز انہوں نے تمام آئی آئی ٹیز کے سابق طلباء تنظیموں پر مشتمل ایک باڈی بنانے کا منصوبہ تجویز کیا، تاکہ ان کے تجربات، مہارت اور ایکسپوزر کو پالیسی بنانے اور اس پر عمل درآمد میں استعمال کیا جاسکے۔
اس موقع پر مہاراشٹر کے معزز گورنر جناب رمیش بیس، آئی آئی ٹی بامبے کے ڈپٹی ڈائریکٹر (اے آئی اے)، پروفیسر۔ ایس۔ سدرشن، آئی آئی ٹی بامبے کےڈپٹی ڈائریکٹر (ایف ای اے) پروفیسر کے وی کے راؤ، طلباء، فیکلٹی ممبران اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔
*****
ش ح۔ م م ۔ ع ن
U NO: 755
(Release ID: 1975289)
Visitor Counter : 90