صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ

صدر جمہوریہ ہند نے ایک آرٹ نمائش ”خاموش گفتگو: حاشیہ سے مرکز تک“ کا افتتاح کیا

Posted On: 03 NOV 2023 7:06PM by PIB Delhi

صدر جمہوریہ ہند، محترمہ دروپدی مرمو نے آج (3 نومبر 2023) نئی دہلی میں ”خاموش گفتگو: حاشیہ سے مرکز تک“ کے عنوان سے ایک آرٹ نمائش کا افتتاح کیا۔ یہ نمائش نیشنل ٹائیگر کنزرویشن اتھارٹی کے ذریعہ سنکالا فاؤنڈیشن کے تعاون سے پروجیکٹ ٹائیگر کے 50 سال مکمل ہونے کی خوشی میں منعقد کی گئی ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ آج دنیا کی شیروں کی 70 فیصد آبادی ہندوستان میں پائی جاتی ہے اور اس کامیابی میں ٹائیگر ریزرو اور نیشنل پارکس کے آس پاس رہنے والی کمیونٹیز کا اہم تعاون ہے۔ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ یہ نمائش ٹائیگر ریزرو کے آس پاس رہنے والے لوگوں اور جنگلات اور جنگلی حیات کے درمیان تعلق کو پیش کر رہی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے سنگین مسئلے کے پیش نظر ایک جامع اور اجتماعی کوشش کی ضرورت ہے۔ نہ صرف ماحولیاتی تحفظ کے لیے بلکہ انسانیت کے وجود کے لیے بھی ہمیں قبائلی برادریوں کی زندگی کی اقدار کو اپنانا ہوگا۔ ہمیں ان سے سیکھنا ہو گا کہ فطرت کے ساتھ ہم آہنگ رہتے ہوئے خوشحال اور خوشگوار زندگی کیسے ممکن ہے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ بے لگام مادیت پرستی، وحشیانہ کمرشل ازم اور لالچی موقع پرستی نے ہمیں ایک ایسی زمین پر چھوڑ دیا ہے جہاں زندگی کے پانچوں عناصر پریشان اور مضطرب ہیں۔ موسمیاتی تبدیلیوں نے خوراک اور پانی کے تحفظ کے حوالے سے خدشات کو جنم دیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ روایتی اور جدید سوچ کو مربوط کرنے کی ضرورت کو تسلیم کرتے ہوئے ہمارے تحفظ، موافقت اور تخفیف کی حکمت عملیوں کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں مقامی علم کو محفوظ رکھنے، فروغ دینے اور استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔

صدر جمہوریہ کی تقریر دیکھنے کے لیے براہ کرم یہاں کلک کریں

************

ش ح۔ ف ش ع- م ف

U: 660



(Release ID: 1974585) Visitor Counter : 66