خواتین اور بچوں کی ترقیات کی وزارت

پردھان منتری ماترو وندنا یوجنا اس بات کی ایک بہترین مثال ہے کہ ڈیجیٹل کنکشن اور جذباتی اور انتظامی ذمہ داری کس طرح ایک ساتھ مل سکتی ہے: اسمرتی زوبین ایرانی


پردھان منتری ماترو وندنا یوجنا (پی ایم ایم وی وائی)  کے بارےمیں ممبئی میں ایک قومی تقریب منعقد ہوئی

مختلف متعلقہ فریقوں کے لیے ایک جامع یوزر مینوئل کا اجرا؛ تقریب میں  ایک نئے  پی ایم ایم وی وائی پورٹل کا آغاز کیا گیا

​​​​​​​8,14,612 مستفیدین کو 321.57 کروڑ روپے کے بقدر فائدوں کی براہ راست  نقد منتقلی جاری کی گئی

Posted On: 27 OCT 2023 10:32PM by PIB Delhi

پردھان منتری ماترو وندنا یوجنا (پی ایم ایم وی وائی) کے بارے میں ایک قومی تقریب آج (27 اکتوبر 2023) یشونت راؤ چوان سینٹر، ممبئی، مہاراشٹر میں منعقد ہوئی۔ تقریب کا آغاز نیو پی ایم ایم وی وائی پورٹل پر تکنیکی ورکشاپ اجلاس کے ساتھ ہوا۔ اس  اجلاس  کا تعارف ، ڈپٹی سکریٹری، وزارت برائے خواتین اور اطفال ترقی جناب بھاسکر نے کیا اور  جوائنٹ سکریٹری، وزارت برائے خواتین اور اطفال ترقی ڈاکٹر پریتم بی یشونت نے  اس تقریب سے خطاب کیا جبکہ این آئی سی ٹیم نے اس کے لئے سہولت فراہم کی۔

تکنیکی اجلاس کے بعد وزیر اعلیٰ، حکومت مہاراشٹر، جناب ایکناتھ سمبھاجی شندے اور خواتین و اطفال کی ترقی اور اقلیتی امور کی مرکزی وزیر محترمہ  اسمرتی زوبن ایرانی کی صدارت میں افتتاحی اجلاس ہوا۔ اس موقع پر خواتین اور بچوں کی ترقی اور آیوش کی وزارت کے مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر منجاپاڑہ مہندر بھائی بھی موجود تھے ۔ ان کے علاوہ اس اجلاس میں موجود دیگر معززین میں مہاراشٹر حکومت کی خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزیر محترمہ ادیتی سنیل تاٹکرے، مہاراشٹر حکومت کے ہنر مندی کی ترقی اور صنعت کاری کے وزیرجناب منگل پربھات لودھا، مہاراشٹر قانون ساز اسمبلی کے رکن جناب آشیش   شیلر اور حکومت ہند کی  خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزارت میں سکریٹری  جناب اندیور پانڈے  اور حکومت ہند اور مختلف ریاستی حکومتوں اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں کی انتظامیہ کے سینئر افسران نے بھی اس اجلاس میں شرکت کی۔ ان کے علاوہ  اس اجلاس  میں لیڈی سپروائزرس، آنگن واڑی  کارکنان  اور آشا کارکنان سمیت صف اول کے کارکنان  بھی موجود تھے۔

اس تقریب میں پی ایم ایم وی وائی کے اہم پہلوؤں،حصولیابیوں اور کامیابیوں، اس کے سفر، اور پی ایم ایم وی وائی پورٹل اور موبائل ایپ کی خصوصیات پر روشنی ڈالی گئی۔ 'ڈیجیٹل انڈیا'، 'میک ان انڈیا' اور 'آتم  نربھر بھارت' کو فروغ دینے کے وزیر اعظم کے وژن کے مطابق، ایک نیا پی ایم ایم وی وائی پورٹل (پی ایم ایم وی وائی سوفٹ ایم آئی ایس) تیار کیا گیا ہے۔ اس پورٹل میں نئی خصوصیات شامل ہیں جیسے یو آئی ڈی اے آئی کے ذریعہ  'چہرے کی شناخت  اور اہل مستفیدین کی درست تصدیق کے لیے تصدیق کرنے والی ٹیکنالوجی' وغیرہ شامل ہے ۔ اس کے علاوہ  اس میں مستفید ہونے والے افراد کے بینک کھاتوں کی این پی سی آئی تصدیق کو شامل کیا گیا ہے تاکہ  فائدوں کی براہ راست  منتقلی (ڈی بی ٹی) کے ذریعے فنڈز کی آسانی اور خوش اسلوبی  کے ساتھ منتقلی کو یقینی بنایا جا سکے۔اس کے علاوہ اس کے ذریعہ یہ مستفیدین اور آنگن واڑی/آشا کارکنوں کے لیے پورٹل کے ذریعے براہ راست اندراج کرنے کے لیے کاغذ کے استعمال کے بغیر پیپر لیس آن لائن رجسٹریشن سسٹم متعارف کرایا  گیاہے۔

پردھان منتری ماترو وندنا یوجنا (پی ایم ایم وی وائی)  یکم جنوری 2017 کو شروع کی گئی تھی اور یکم اپریل 2022 سے مشن شکتی کے ایک جزو کے طور پر اس میں نظرثانی  کئی گئی  تھی ۔ اس یوجنا کا بنیادی مقصد پی ایم ایم وی وائی 2.0 کے طورپر  حمل کی مدت کےد وران اجرت کے نقصان کے جزوی معاوضے کے لیے نقد ترغیب فراہم کرنا ہے تاکہ خواتین، بچے کی پیدائش سے پہلے اور بعد میں مناسب آرام کر سکیں، اور حاملہ خواتین اور دودھ پلانے والی ماؤں (پی ڈبلیو اینڈ ایل ایم) کے مابین صحت مند رہنے  سے متعلق  رویے کو بہتر بنانا ہے۔ پی ایم ایم وی وائی پورٹل اور موبائل ایپ، تکنیکی  عمدگی  فراہم کرنے ، فائدوں کی  براہ راست منتقلی (ڈی بی ٹی) کے ذریعے فنڈ کی آسانی سے منتقلی کو یقینی بناتے ہوئے  شہریوں کے لیے سازگار تجربے کو ترجیح دینے کے لئے پرعزم ہے۔

خطبہ استقبالیہ اور شمع روشن کرنے کے بعد  خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزارت  کے سکریٹری نے  تعارفی خطاب کیا۔ نئے پورٹل اور پی ایم ایم وی وائی کے موبائل ایپ کی نئی خصوصیات کا تعارف کراتے ہوئے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پورٹل اور موبائل ایپ کا استعمال رجسٹریشن اور سروس ڈیلیوری کے عمل کو کس طرح آسان بناتا ہے۔ پورٹل اور موبائل ایپ کی نئی خصوصیات میں، تاخیر کو کم کرنے اور شفافیت کو بڑھانے کے لیے چہرے کی تصدیق، ڈی بی ٹی کی سہولت سے کھاتے کی منتقلی  اور این پی سی آئی میپر انٹیگریشن متعارف کرایا جانا شامل ہے۔ پی ایم ایم وی وائی 2.0 میں دوسری بچی کے لئے  پہلی مرتبہ چھ ہزار   روپے کی نقد ترغیب متعارف کرائی گئی ہے۔ انہوں نے یوزر مینوئل، پورٹل اور موبائل ایپلیکیشن کا آغاز کئے جانے پر  روشنی ڈالتے ہوئے  اس تقریب کی اہمیت کے حوالے سے اضافی معلومات فراہم کیں۔

مہاراشٹر قانون ساز اسمبلی کے رکن آشیش شیلار نے اپنے خطاب میں، نوراتری کے موقع پر خواتین کو خراج تحسین پیش کرنے کے طور پر پردھان منتری ماترو وندنا یوجنا (پی ایم ایم وی وائی) کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں ریاستی حکومت اور مرکزی حکومت کے درمیان خاص طور پر حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین میں  تغذیہ بخش خوراک کی کمی ، سوئے تغذیہ اور بھوک کے خلاف جنگ میں، اہم تعاون اور تال میل کا اعتراف  کیا۔ انہوں نے یومیہ اجرت کمانے والی ماؤں اور بہنوں کے لیے اسکیم کے خاطر خواہ فوائد اور مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کی شرکت سے لایا جانے والی اضافی اہمیت  کو بھی نمایاں کیا۔

مہاراشٹر کی حکومت کی خواتین اور بچوں کی بہبود کی وزیر محترمہ ادیتی سنیل تٹکارےنے حاملہ خواتین  اورنوزائدہ بچوں کی صحت سے متعلق ریاست کی لگن اور کوششوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے ماں اور نوزائدہ بچوں کی اموات کو کم کرنے کی غرض سے پردھان منتری ماترو وندنا یوجنا کے کردار اور خواتین اور بچوں کی بہبود کے محکمے اور صحت عامہ کے محکمے کے درمیان موثر تعاون اور تال میل پر زور دیا۔ حکومت  نےقبائلی علاقوں میں خوش اسلوبی کے ساتھ  ادارہ جاتی خدمات کی فراہمی کو آسان بنانے پر توجہ مرکوز  کررکھی ہے۔ بھگوان برسا منڈا جوداراستے اسکیم کا مقصد قبائلی دیہاتوں کو مرکزی سڑکوں سے جوڑنا ہے، جس سے 17 قبائلی اضلاع مستفید ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ مہیلا شکتی کرن ابھیان سرکاری اسکیموں کے نفاذ کو ہموار کرے گا۔ انہوں نے لیک لڑکی اسکیم کا بھی ذکر کیا، جو مالی طور پر پسماندہ طبقات کی لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دیتی ہے۔ انہوں نے آنگن واڑیوں اور آشا کارکنوں کی سرشار کوششوں کے ذریعے دیہی اور شہری دونوں علاقوں کے بچوں تک پہنچنے کے عزم کی تصدیق کی۔

   خواتین اور بچوں کی ترقی اور آیوش کی وزارت  کےمرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر منجاپاڑا مہندر بھائی نے پی ایم ایم وی وائی سافٹ ایم آئی ایس پورٹل کے ذریعے ملک بھر میں پی ایم ایم وی وائی 2.0 اسکیم کے نفاذ پر روشنی ڈالی۔ یہ، مشن شکتی رہنما خطوط سے مطابقت رکھتا ہے جس کا مقصد جیسا کہ وزیر نے تبادلہ خیال کے دوران بتایا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانا ہے ۔ صارف دوست اور استعمال میں آسان ای-گورننس پورٹل، آنگن واڑی کارکنوں، آشا کارکنوں اور شہریوں کے لیے رجسٹریشن کے عمل کو آسان بناتا ہے اور کاغذ کے استعمال کے بغیر طریقہ کار کو فروغ دیتا ہے۔ اس میں فائدہ اٹھانے والوں کی تصدیق کے لیے آدھار کی بنیاد پرقابل ادائیگی کے نظام کو شامل کیا گیا ہے تاکہ  مستفیدین کی  تصدیق کی جاسکے اور  براہ راست فنڈ کی منتقلی کی جاسکے،  جس سے کہ شفافیت میں اضافہ ہوتا ہے۔ انٹیگریٹڈ ٹریکنگ سسٹم شہریوں کو اپنی درخواست کی صورتحال پر نظررکھنے کے لئے بااختیار بناتا ہے، اور پوشن ٹریکر ہیلپ  لائن اس  پورے عمل میں معاونت  فراہم کرتی ہے۔

اس خطاب کے بعد مختلف متعلقہ فریقوں کے لیے ایک جامع یوزر مینوئل جاری کیا گیا۔ اس تقریب میں ایک نئے پی ایم ایم وی وائی پورٹل (پی ایم ایم وی وائی سافٹ ایم آئی ایس)  کا آغازکیا گیا۔ پی ایم ایم وی وائی- 'زچگی کو سلام' کے موقع پر پہلے بچے کے مستفید ہونے والے 5.68 لاکھ افرادکے لیے کل 173.8 کروڑ روپے کے بقدر فائدے کی براہ راست نقدمنتقلی کی گئی ۔ پہلی مرتبہ ، دوسری بچی کی 2.46 لاکھ ماؤں کو کل 147.8 کروڑ روپے کے فوائد جاری کئے گئے ہیں ۔ اس موقع پر 8,14,612 مستفیدین کو کل 321.57 کروڑ روپے  کے بقدر براہ راست نقد رقم کی منتقلی جاری کی گئی۔اس اسکیم کے آغاز کے بعد سے، 3.19 کروڑ سے زیادہ مستفیدین کو کل 14,424.57 کروڑ روپے سے زیادہ کی  رقم کی تقسیم کے ساتھ مالی مدد فراہم کی گئی ہے۔

خواتین و بچوں کی بہبود اور اقلیتی امور کی مرکزی وزیر محترمہ اسمرتی زوبن ایرانی نے اپنے کلیدی خطاب میں اسکیم کی حصولیابیوں  پر روشنی ڈالی۔ اس اسکیم کے تحت اب تک 3.50 کروڑ مستفیدین کا احاطہ کیا گیا ہے۔ اس اسکیم کی بدولت  کئی کلیدی اشاریوں میں بہتری لائی جاسکی ہے جس میں بچے کی پیدائش کے اندراج، ادارہ جاتی پیدائش، اور اے این سی رجسٹریشن میں اضافہ شامل ہے۔ انہوں نے وزارت کی دوسری پہل قدمی کی وضاحت کی جس کا مقصد خواتین کی حفاظت اور تحفظ فراہم کرنا ہے۔ مصیبت میں گھری خواتین کی مدد کے لیے 733 ون اسٹاپ سینٹرز (او ایس سی) قائم کیے گئے ہیں۔ اسی طرح خواتین کی ہیلپ لائن کو ای آر ایس ایس کے ساتھ مربوط کیا گیا ہے، مقدمات کو تیزی سے نمٹانے کے لیے فاسٹ ٹریک کورٹس یعنی تیزی سے سماعت کرنے والی عدالتیں قائم کی گئی ہیں اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام سے متعلق  یونٹس قائم کیے گئے ہیں۔ نربھیا کے تحت 983 ریلوے اسٹیشنوں پر مربوط ایمرجنسی رسپانس مینجمنٹ سسٹم یعنی ہنگامی حالات میں تدارکی اقدامات سے متعلق مربوط نظام   قائم کئے گئے ہیں۔

محترمہ اسمرتی زوبن ایرانی  نے کہا ،’’بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ کی کامیابی سے  بچیوں کے لیے مساوی قوم کی تعمیر  سے متعلق وزیر اعظم کے وژن کی عکاسی ہوتی ہے۔ اس وژن کے تسلسل میں، پردھان منتری ماترو وندنا یوجنا  بنائی گئی  اور اسے نافذ کیا گیا۔ پردھان منتری ماترو وندنا یوجنا اس بات کی ایک بہترین مثال ہے کہ ڈیجیٹل کنکشن اور جذباتی اور انتظامی ذمہ داری کس طرح ایک ساتھ آ سکتی ہے۔ ‘‘

اپنے خصوصی خطاب میں، مہاراشٹر کے وزیر اعلی، جناب ایکناتھ سنبھاجی شندے نے، معاشرے میں خواتین کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہوئے، پی ایم ایم وی وائی تقریب کے ذریعے ماؤوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے پارلیمنٹ میں خواتین کے ریزرویشن اور سووچھ بھارت مہم جیسی پہل قدمیوں کو اجاگر کیا۔ جناب شندے نے ملک کی ترقی  میں قائدانہ کردار ادا کرنے  کے طور پر خواتین کو بااختیار بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے 'لیک لڑکی  یوجنا 2023' کے ذریعے لڑکیوں کی تعلیم میں معاونت کے لیے حکومت کی کوششوں کا ذکر کیا ۔ وزیراعلیٰ  نے خواتین کو بااختیار بنانے کی مہم اور پی ایم ماترو وندنا یوجنا کے کامیاب نفاذ کا اعلان کیا۔ سیلف ہیلپ گروپس یعنی اپنی مدد آپ کرنے والے گروپوں کے ذریعے دو کروڑ خواتین کو بااختیار بنانے اور خوراک کی فروخت کے ذریعے سیلف ہیلپ گروپس کو فروغ دینے کے منصوبوں کو یہ نمایاں کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے مہاراشٹر میں مختلف سرکاری اسکیموں کے ذریعے عام لوگوں کی بہتری کے لیے حکومت کی لگن اور کوششوں کی توثیق کی۔

اس اجلاس کا اختتام   حکومت ہند کے خواتین اور بچوں کی بہبود کی وزارت کے جوائنٹ سکریٹری  ڈاکٹر پریتم بی یشونت کے  اظہار تشکر کے ساتھ ہوا۔ اس تقریب نے پردھان منتری ماترو وندنا یوجنا کی   کامیاب پہل قدمیوں کوساجھا کرنے کے  ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کیا۔

************

ش ح۔  ع م     ۔ م  ص

 (U:443 )



(Release ID: 1972994) Visitor Counter : 76


Read this release in: English , Hindi