صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
صدر جمہوریہ ہند نے پٹنہ میں ایمس کے پہلے کنووکیشن میں شرکت کی
میڈیکل پروفیشنلز ہمارے ملک کا اثاثہ ہیں: صدر جمہوریہ مرمو
Posted On:
19 OCT 2023 9:33PM by PIB Delhi
صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج (19 اکتوبر 2023) پٹنہ، بہار میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) پٹنہ کے پہلے کنووکیشن میں شرکت کی اور اس سے خطاب کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ یہ ایمس پٹنہ کی پہلی تقریب تقسیم اسناد ہے۔ اوریہ اس ادارے اور اس کے طلباء کے لیے فخر کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اسناد حاصل کرنے والے ڈاکٹرز ملک اور اس کے لوگوں کی صحت اور ترقی میں اپنا نمایاں کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ ایمس قومی اہمیت کاحامل ادارہ ہے۔ اس نے ملک اور بیرون ملک طب اور تحقیق کے میدان میں کئی نئے معیار قائم کیے ہیں۔ ایمس ایک بہترین طبی ادارہ ہے جہاں معاشرے کے تمام طبقات کے لوگوں کو اعلیٰ معیار کااور جدید طریقے سے علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ طبی پیشہ لوگوں کی صحت اور زندگی کا تحفظ کرتا ہے۔ لوگ ڈاکٹروں پر اعتماد کرتے ہیں اور علاج کرواتے ہیں۔ اس لیے تمام میڈیکل پروفیشنلز کا فرض ہے کہ وہ اس عظیم پیشے کے وقار کو برقرار رکھیں اور خدمت کے جذبے سے کام کریں۔
صدر جمہوریہ نے پہلی بار این آئی آر ایف رینکنگ 2023 میں 27 واں مقام حاصل کرنے پر ایمس پٹنہ کی تعریف کی۔ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ یہ ادارہ انتہائی قابل ڈاکٹر تیار کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل پروفیشنلز ہمارے ملک کا اثاثہ ہیں۔ ان پر شہریوں کو صحت مند رکھنے کی بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہمارے ملک کی بڑی آبادی کی صحت کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے قابل ڈاکٹروں اور نرسوں کی ایک بڑی تعداد کی ضرورت ہے۔ قومی سطح پر ڈاکٹر-مریض اور نرس-مریض کا تناسب کم ہے اور اسے بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں ملک بھر میں بہت سے میڈیکل کالج اور اسپتال بنائے گئے ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو قریبی علاقوں میں طبی سہولیات مل رہی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ایم بی بی ایس کی نشستوں میں پچھلے 7-8 برسوں میں تقریباً 100 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے صحت مند اور ترقی یافتہ ملک کی تعمیر میں تعاون کرنے پر نجی شعبے اور غیر سرکاری تنظیموں کی تعریف کی۔
صدر جمہوریہ کو یہ جان کر خوشی ہوئی کہ ایمس پٹنہ جیسے طبی ادارے کلی تندرستی کے نقطہ نظر کو فروغ دے رہے ہیں اور ہومیوپیتھی، آیوروید، یوگا، یونانی اور سدھ جیسی متبادل ادویات سے لوگوں کا علاج کر رہے ہیں۔ انہوں نے ایمس پٹنہ جیسے اداروں پر زور دیا کہ وہ دماغی صحت کے شعبے میں مزید تحقیق کریں اور دماغی صحت کی تعلیم اور علاج کے نظام کو قائم کرنے کے لیے دوسرے اداروں کی رہنمائی کریں۔
ش ح۔ ف ا ۔ ج
Uno23
(Release ID: 1969286)
Visitor Counter : 97