بھاری صنعتوں کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ڈاکٹر مہندر ناتھ پانڈےکا کہناہے کہ ہندوستان آنے والے سالوں میں بیٹری بنانے کا ایک بڑا مرکز بن جائے گا


الیکٹرک گاڑیوں کے بارے میں بیداری اور صارفین کے اعتماد کو بڑھانے کے لیے ایس آئی اے ایم کے زیر اہتمام ’’گرین پلیٹ ای وی ریلی‘‘ کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا گیا۔

ہندوستان کے سبز مستقبل کو فروغ دینے کے لئے’گرین پلیٹ ای وی ریلی‘سے پائیدار نقل و حرکت کی راہ ہموار ہوگی

Posted On: 18 OCT 2023 6:15PM by PIB Delhi

پائیدار نقل و حرکت کی ایک زبردست اور متفقہ توثیق میں، سوسائٹی آف انڈین آٹوموبائل مینوفیکچررز (ایس آئی اے ایم)، جو ہندوستان کے ممتاز آٹوموبائل مینوفیکچررز کی نمائندگی کرنے والی اعلیٰ تنظیم ہے، نے پرگتی میدان میں’گرین پلیٹ ای وی ریلی‘ کی میزبانی کی۔ بھاری صنعتوں کی وزارت کے ساتھ شراکت داری میں یہ تقریب ماحول دوست نقل و حمل کو فروغ دینے میں ایک اہم پیش رفت کی نشاندہی کرتی ہے اور ملک بھر میں الیکٹرک گاڑیوں کو بڑے پیمانے پر اپنانے کے لیے ایس آئی اے ایم کے غیر متزلزل عزم کی نشاندہی کرتی ہے۔ معزز مہمان خصوصی بھاری صنعتوں کے مرکزی وزیر ڈاکٹر مہندر ناتھ پانڈے کی موجودگی میں’’گرین پلیٹ ای وی ریلی‘‘ کو رسمی طور پر جھنڈی دکھا کر روانہ کیا گیا۔ ریلی میں 100 سے زیادہ الیکٹرک گاڑیوں کے ایک متاثر کن بیڑے کی نمائش کی گئی، جس میں2-وہیلرز،3-وہیلرز، کاریں اور بسیں شامل ہیں۔ اس کا بنیادی مقصد بیداری پیدا کرنا اور الیکٹرک گاڑیوں کے بارے میں گاہک کے اعتماد کو بڑھانا اور ہندوستانی آٹو موٹیو انڈسٹری کی صلاحیتوں کو ظاہر کرنا ہے، جس نے گزشتہ چند سالوں میں ہندوستانی صارفین کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے متعدد الیکٹرک گاڑیاں تیار کیں اور لانچ بھی کی ہیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image001BVVH.jpg

جناب کامران رضوی، سکریٹری، بھاری صنعتوں کی وزارت، حکومت ہند؛ ڈاکٹر حنیف قریشی، بھاری صنعت کی وزارت کے جوائنٹ سیکرٹری، ایس آئی اے ایم کے صدر جناب ونود اگروال اور وولو آئشر کمرشیل وہیکلز لمٹیڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او جناب سوشانت نائک، ایس آئی اے ایم  الیکٹرک موبلٹی گروپ کے سربراہ اور گلوبل ہیڈ– گورنمنٹ اینڈ پبلک افیئرز، ٹاٹا موٹرز لمیٹڈ؛ محترمہ سمن مشرا، ایس آئی اے ایم الیکٹرک موبلٹی گروپ کی شریک چیئرمین اور مہندرا لاسٹ مائل موبلٹی کی سی ای او اور ایم ڈی جناب وپن سورانا، شریک چیئرمین ایس آئی اے ایم الیکٹرک موبلٹی گروپ اور نائب صدر، وولوو آئشر کمرشل وہیکلز لمیٹڈ اور جناب راجیش مینن ڈائریکٹر جنرل سوسائٹی آف انڈین آٹوموبائل مینوفیکچررز (ایس آئی اے ایم)اس تقریب کے دوران موجود تھے۔

ایس آئی اے ایم نے ہانگزو، چین میں منعقدہ 19ویں ایشیائی کھیل 2023 میں طلائی تمغہ جیتنے پر ہندوستانی خواتین کی کبڈی ٹیم کی نائب کپتان محترمہ پرینکا پیلانیہ کو بھی مبارکباد دی۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image002EYR4.jpg

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مہندر ناتھ پانڈے نے کہا’’حکومت نے ملک میں ای وی کی ترقی کے لیے مسلسل مدد فراہم کی ہے۔ ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ 9.4 لاکھ ای وی اب ہندوستانی سڑکوں پر ہیں۔ بیٹری کی ترقی اور گھریلو مینوفیکچرنگ میں معاونت میں پی ایل آئی اسکیم کے نتائج دوسروں پر ہمارا انحصار کم کر رہے ہیں اور ہمیں خود انحصار بنا رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان آنے والے سالوں میں بیٹری مینوفیکچرنگ کا ایک بڑا مرکز بن جائے گا۔ ہمیں جموں و کشمیر میں لیتھیم کے ذخائر بھی ملے ہیں اور حکومت بلا تاخیر ہندوستان کو ہر میدان میں مسابقتی بنانے کی کوششیں کر رہی ہے۔ وزیر موصوف نے کہا’’ای وی 20-2019 میں0.13 فیصد سے بڑھ کر اب 4.3 فیصد ہو گئے ہیں اور ایس آئی اے ایم نے اس تبدیلی کی قیادت کرنے میں اہم شراکت کی ہے۔ میں ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ہمیں اپنے پائیدار مقاصد کو حاصل کرنے اور گرین موبلٹی موومنٹ کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔‘‘

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image003ZZMQ.jpg

اپنے خطاب میں جناب کامران رضوی نے کہا’’ایک کہاوت ہے کہ تبدیلی واحد مستقل ہے۔ مثبت تبدیلیوں نے ہماری زندگیوں کو مزید آسان بنا دیا ہے اور الیکٹرک گاڑیاں ان میں سے ایک ہیں، جنہیں اب بڑے پیمانے پر قبول کیا جاتا ہے۔ ہندوستانی آٹوموبائل انڈسٹری نے اس مثبت تبدیلی کی حمایت اور سہولت فراہم کی ہے۔ ای وی مینوفیکچرنگ ایک تکنیکی کوشش ہےاور وزارت نے  ایف اے ایم ای اور پی ایل آئی اسکیموں کے ساتھ صنعت کی مدد کی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اس سال 12 لاکھ اسکوٹر فروخت ہونے کی توقع ہے، جس کا مطلب ہے کہ عوام ای وی کو فعال طور پر اپنا رہے ہیں اور ہمارے سامنے ایک طویل راستہ ہے۔ 2030 تک ہم توقع کرتے ہیں کہ70-60فیصد الیکٹرک ٹو وہیلر ہوں گے اور چند سالوں میں75-70فیصد الیکٹرک تھری وہیلر ہوں گے۔ کاروں کے لیے ہمارا مقصد ایک لاکھ کاریں فروخت کرنا ہے اور اس تعداد کو دوگنا کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایس آئی اے ایم کی قیادت نے حکومت کے ساتھ مل کر کام کیا ہے اور اس کے نتیجے میں، ہم پائیدار نقل و حرکت کے لیے بہت سی کامیاب کوششیں شروع کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

ایس آئی اے ایم کے صدر اور  وولو آئشر کمرشیل وہیکلز لمٹیڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای اوجناب  ونود اگروال نے اپنے خطاب میں کہا کہ پچھلے دو سالوں میں ہندوستانی آٹوموبائل انڈسٹری نے ہندوستانی حکومت کے مقرر کردہ ڈیکاربونائزیشن کے اہداف کو پورا کرنے کے لیے پائیداری کی طرف اہم پیش رفت کی ہے۔ ملک نے تیز رفتار پیش رفت کی ہے، جس کی حمایت فعال کارروائیوں سے ہوئی ہے۔ انہوں نے ذکر کیا کہ ای-موبلٹی میں ہندوستان کی منتقلی اچھی طرح سے جاری ہے، اور جیسے جیسے معیشت بڑھ رہی ہے، الیکٹرک گاڑیوں کو اپنانے میں بھی اضافہ ہوگا۔ پالیسی اور انفراسٹرکچر کے حوالے سے مضبوط تعاون کی ضرورت ہے۔ ہمارے (الیکٹریفیکیشن) اقدام کے تحت ایس آئی اے ایم ویلیو چین کے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی تعاون سے صنعت کے مسائل کو حل کرنے کے لیے وقف ہے۔

ایس آئی اے ایم کو اس طرح کے اقدامات کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے ڈاکٹر حنیف قریشی،بھاری صنعتوں کی وزارت کے جوائنٹ سیکرٹری نے کہا‘‘ریلی ای وی کے بارے میں بیداری پھیلانے کے لیے ایک بہترین اقدام ہے جو کہ بجلی کے اہداف کو پورا کرنے کی کلید ہے۔ حکومت نے الیکٹرک گاڑیوں کو اپنانے کی حمایت کی ہے اور صنعت کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور حکومت کے ساتھ مل کر کوششیں کرنی ہوں گی۔ اس وقت یوروپ، امریکہ اور چین میں ای وی کی زیادہ فروخت ہے اور ہندوستان کو ان کے برابر آنا ہوگا۔‘‘

ریلی میں شریک کمپنیوں کو بھی تقریب کے دوران مبارکباد دی گئی، جس میں آٹوموبائل انڈسٹری کے سینئر ماہرین اور معززین کی موجودگی تھی۔

سوسائٹی آف انڈین آٹوموبائل مینوفیکچررز(ایس آئی اے ایم)ایک اعلیٰ قومی ادارہ ہے، جو ہندوستان میں گاڑیوں اور گاڑیوں کے انجن بنانے والے بڑے اداروں کی نمائندگی کرتا ہے۔ یہ سوسائٹی رجسٹریشن ایکٹ 1860 کے تحت رجسٹرڈ خیراتی مقاصد کے ساتھ ایک سوسائٹی ہے۔ اس کے مقاصد میں ہندوستانی معیشت کی ترقی اور فروغ میں آٹوموبائل انڈسٹری کے تعاون کو بڑھانا، آٹوموبائل انڈسٹری کی سماجی ذمہ داری کو پورا کرنے میں مدد کرنا، اس کی کارکردگی کی حوصلہ افزائی کرنا شامل ہے۔ صنعت عام طور پرماحولیات کو بہتر بنانا اور تحفظ فراہم کرنا، بشمول گلوبل وارمنگ، آلودگی پر قابو پانے اور آٹوموبائل گاڑیوں کے صارفین اور عوام کی حفاظت جیسے امور کی انجام دہی میں بھی مصروف ہے۔ ان مقاصد کو تسلیم کرتے ہوئے ایس آئی اے ایم کو انکم ٹیکس ایکٹ 1961 کے تحت ایک خیراتی مقصد کے ساتھ ایک ادارے کے طور پر رجسٹریشن دی گئی ہے۔

*************

ش ح۔ ج ق۔ن ع

U. No.10976



(Release ID: 1968880) Visitor Counter : 96


Read this release in: English , Hindi , Manipuri