وزارت دفاع
لیفٹیننٹ جنرل رگھو سری نواسن نے ڈائریکٹر جنرل بارڈر روڈز کا عہدہ سنبھالا
Posted On:
30 SEP 2023 6:30PM by PIB Delhi
لیفٹیننٹ جنرل رگھو سری نواسن نے 30 ستمبر 2023 کو 28 ویں ڈائریکٹر جنرل بارڈر روڈز (ڈی جی بی آر) طور پر عہدہ سنبھال لیا ہے ۔ انھوں نے لیفٹیننٹ جنرل راجیو چودھری کی ریٹائرمنٹ کے بعد یہ قلم دان سنبھالا۔ ڈی جی بی آر کے طور پر اپنی تقرری سے پہلے ، جنرل آفیسر کمانڈنٹ ، کالج آف ملٹری انجینئرنگ ، پونے کی تقرری پر فائز تھے۔
لیفٹیننٹ جنرل رگھو سری نواسن نیشنل ڈیفنس اکیڈمی، کھڈک واسلا اور انڈین ملٹری اکیڈمی دہرادون کے سابق طالب علم ہیں اور انھیں 1987 میں کور آف انجینئرز میں کمیشن دیا گیا تھا۔ انھوں نے اپنی شاندار خدمات کے دوران آپریشن وجے، آپریشن رکشک اور آپریشن پرکرم میں حصہ لیا ۔ ان کے پاس سرحدی علاقوں خاص طور پر لداخ، اروناچل پردیش اور جموں و کشمیر میں خدمات انجام دینے کا وسیع تجربہ ہے۔
جنرل آفیسر نے اپنے کیریئر کے دوران متعدد اہم کمانڈ اینڈ اسٹاف تقرریوں پر کام کیا ، انھوں نے ڈیفنس سروسز اسٹاف کالج ، ہائر کمانڈ اور نیشنل ڈیفنس کالج کورسز کیے ۔ ان کی تقرریوں میں 58 انجینئر رجمنٹ اور 416 انجینئر بریگیڈ کی کمان قابل ذکر ہیں۔ انھوں نے وزارت دفاع (آرمی) کے ہیڈ کوارٹر میں ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل، ڈسپلن اینڈ ویجیلنس، کمانڈنٹ بنگال انجینئر گروپ اینڈ سینٹر روڑکی، چیف انجینئر سدرن کمانڈ اور وزارت دفاع (آرمی) کے آئی ایچ کیو میں انجینئر ان چیف برانچ میں اے ڈی جی کی تقرریاں بھی کی ہیں۔ وہ انڈین ملٹری ایڈوائزری ٹیم، لوساکا، زیمبیا اور ڈیفنس سروسز اسٹاف کالج میں انسٹرکٹر بھی رہ چکے ہیں۔ ان کی شاندار خدمات کے لیے انھیں وششٹھ سیوا میڈل سے نوازا گیا ہے۔
عہدہ سنبھالنے کے بعد بی آر او اہلکاروں کے نام اپنے پیغام میں لیفٹیننٹ جنرل رگھو سری نواسن نے انتہائی مشکل اور ناسازگار حالات میں اہم سڑکوں اور متعلقہ بنیادی ڈھانچے کو برقرار رکھنے اور تعمیر کرنے میں ان کی کوششوں کی ستائش کی۔ انھوں نے ان پر زور دیا کہ وہ دور دراز علاقوں کو جوڑنے کے اپنے مشن میں غیر متزلزل لگن، لچک اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کریں تاکہ مسلح افواج سرحدوں کی حفاظت کرسکیں اور دور دراز علاقوں کی سماجی و اقتصادی ترقی میں سہولت فراہم کرسکیں۔
بی آر او کا قیام 07 مئی 1960 کو عمل میں لایا گیا تھا جس کا مقصد شمال اور شمال مشرقی ریاستوں کے دور دراز علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے ذریعہ بھارت کی سرحدوں کو محفوظ بنانا تھا۔ اپنے قیام کے بعد سے بی آر او نے 63,000 کلومیٹر سے زیادہ سڑکیں، 976 پل، چھ سرنگیں اور 21 ہوائی اڈے تعمیر کیے ہیں اور قوم کے نام وقف کیے ہیں۔ گزشتہ ایک سال میں اس نے آٹھ سرحدی ریاستوں اور تین مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں 5400کروڑ روپے کی لاگت سے ریکارڈ 193 پروجیکٹ مکمل کیے ہیں۔
***
(ش ح – ع ا – ع ر)
U. No. 10170
(Release ID: 1962479)
Visitor Counter : 114