صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

صدر جمہوریہ ہند نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ اور وزیر اعظم کی ضیافت  کی


ہندوستان میں کئی مختلف شعبوں میں سعودی سرمایہ کاری  میں اضافے کے کافی مواقع  موجودہیں: صدرجمہوریہ ہند مرمو

Posted On: 11 SEP 2023 9:10PM by PIB Delhi

صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج (11 ستمبر 2023) کو راشٹرپتی بھون میں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادے اور وزیر اعظم محمد بن سلمان بن عبدالعزیز ال سعود کا استقبال کیا۔ انہوں نے ان کے اعزاز میں ایک ضیافت کا اہتمام بھی کیا۔

راشٹرپتی بھون میں ولی عہد شہزادے  کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر جمہوریہ ہند نے کہا کہ سعودی عرب، ہندوستان کے سب سے اہم اسٹریٹجک شراکت داروں میں سے ایک ہے۔ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تعلقات پچھلے کچھ سالوں میں کافی مستحکم  ہوئے ہیں۔

صدر مرمو نے کہا کہ جدید دنیا میں ہندوستان-سعودی عرب کے مشترکہ ثقافتی تجربات، اقتصادی ہم آہنگی اور ایک پرامن اور پائیدار دنیا کے تئیں مشترکہ عزم،  ہمیں فطری ساجھے دار بناتا ہے۔

صدر جمہوریہ ہند نے کہا کہ حالیہ برسوں میں ہندوستان-سعودی عرب شراکت داری کے اقتصادی عنصر  میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان میں کئی مختلف شعبوں میں سعودی سرمایہ کاری میں اضافہ کرنے کے کافی مواقع موجود ہیں۔

صدر جمہوریہ ہند نے کہا کہ سعودی عرب نے بڑی تعداد میں ہندوستانی تارکین وطن کا اپنے ملک میں استقبال کیا ہے اور انہیں پھلنے پھولنے اور ترقی کرنے کے لیے  مواقع فراہم کئے ہیں ۔ اپنی سخت  محنت اور پیشہ ورانہ مہارت کے ذریعے ہندوستانی تارکین وطن نے سعودی عرب کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے ان کی دیکھ بھال کرنے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔

صدر  جمہوریہ ہند  نے امن و استحکام کے لیے سعودی عرب کے کردار کی  ایک مثبت قوت کے طور پر  ستائش کی ۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ولی عہد  شہزادے کا یہ دورہ اور جی 20سربراہی اجلاس میں ان کی شرکت سے ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان کثیر جہتی ساجھے داری  کو مزید تقویت ملے گی۔

صدر کی تقریر دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں-

*************

 

ش ح۔ ع م۔ رض

U. No.9379


(Release ID: 1956510) Visitor Counter : 143


Read this release in: English , Hindi