ریلوے کی وزارت

ہندوستانی ریلوے کی گتی شکتی وشو ودیالیہ (جی ایس وی) وڈودرا اور ایئربس نے ایرو اسپیس (فضائیات) کی تعلیم اور تحقیق کے لیے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے


اس ایم او یو سے طلبا کو صنعت کے لیے تیاری کا موقع ملے گا- جناب اشونی ویشنو

ایئربس میں طلباء کے لیے 15000 ملازمت کے مواقع

نقل و حمل اور لاجسٹکس کے شعبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے، جی ایس وی ”اپنی نوعیت کی پہلی“ یونیورسٹی ہے جس کا مقصد ریلوے، جہاز رانی، بندرگاہوں، شاہراہوں، سڑکوں، آبی گزرگاہوں اور ہوا بازی میں قومی ترقیاتی منصوبوں کے مینڈیٹ کو پورا کرنا ہے

یہ ایم او یو صنعت اور اکیڈمی کے اشتراک سے نئی تعلیمی پالیسی کو مزید مضبوط کرے گا

Posted On: 07 SEP 2023 6:40PM by PIB Delhi

ہندوستانی ریلوے کی گتی شکتی وشو ودیالیہ (جی ایس وی) وڈودرا اور ایئربس نے ہندوستانی ہوا بازی کے شعبے کو نمایاں طور پر مضبوط کرنے کے لیے آج باہمی تعاون میں قدم رکھا ہے۔ ریل بھون، نئی دہلی میں جناب ریمی میلارڈ (صدر اور منیجنگ ڈائریکٹر، ایئربس انڈیا اور جنوبی ایشیا) اور پروفیسر منوج چودھری (وائس چانسلر، گتی شکتی وشو ودیالیہ) کے درمیان ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ اس مفاہمت نامے پر ریلوے، مواصلات، الیکٹرانکس اور آئی ٹی کے وزیر جناب اشونی ویشنو کی موجودگی میں دستخط کیے گئے جو گتی شکتی وشو ودیالیہ کے پہلے چانسلر بھی ہیں۔ اس موقع پر ریلوے بورڈ کی چیئرپرسن اور سی ای او محترمہ جیا ورما سنہا اور ریلوے بورڈ کے سینئر افسران موجود تھے۔

ایئربس اور ٹاٹا نے حال ہی میں وڈودرا (گجرات) میں ہندوستان کے C295 طیاروں کی ڈیزائن، اختراع، تیاری اور ترقی کے لیے شراکت داری کا اعلان کیا تھا۔ ایئربس تجارتی طیاروں کا دنیا کا سب سے بڑا مینوفیکچرر ہے اور ہیلی کاپٹر، دفاعی اور خلائی سازوسامان کا ایک سرکردہ پروڈیوسر ہے۔ کمپنی کا ہندوستان کے ساتھ علامتی ترقی کا دیرینہ رشتہ ہے۔ کمپنی ہندوستان کو عالمی ہوا بازی کے ایک اہم محرک کے ساتھ ساتھ ایک نا گزیر ہنر اور وسائل کے مرکز کے طور پر تسلیم کرتی ہے اور ملک میں مکمل طور پر مربوط ایرو اسپیس ماحولیاتی نظام کو تیار کرنے کے لیے تمام ضروری عمارتی بلاکس کو پختہ کرنے کے لیے پر عزم ہے۔ میک ان انڈیا ہندوستان میں ایئربس کی کاروباری حکمت عملی کے مرکز میں ہے اور کمپنی اپنی عالمی مصنوعات میں ہندوستان کے تعاون کو مسلسل بڑھا رہی ہے۔

 

 

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے، جناب اشونی ویشنو نے کہا، ”جی ایس وی شدت کے ساتھ صنعت-اکیڈمی شراکت داری پر توجہ مرکوز کرے گا۔ اس کے تمام کورسز انڈسٹری کے تعاون سے تیار کیے جائیں گے۔ جی ایس وی میں پڑھنے والے طلبا صنعت کے لیے تیار ہوں گے۔ نقل و حمل اور لاجسٹکس کے شعبوں میں ملازمت کے لیے انہیں ترجیح دی جائے گی۔ ایئربس کے ساتھ آج کا ایم او یو اس مقصد کے حصول میں ایک اہم قدم ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، جناب ریمی میلارڈ، صدر اور منیجنگ ڈائریکٹر، ایئر بس انڈیا اور جنوبی ایشیا نے کہا، ”ایک کمپنی کے طور پر جو ہندوستان میں ایرو اسپیس ایکو سسٹم کی ترقی کے لیے پر عزم ہے، ہم انسانی سرمائے کی ترقی میں سرمایہ کاری کرنے کی اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہیں۔ گتی شکتی وشو ودیالیہ کے ساتھ شراکت داری ملک میں ہنر مند افرادی قوت کی ایک مضبوط پائپ لائن تیار کرے گی جو مستقبل میں اس کے تیزی سے بڑھتے ہوئے ایرو اسپیس سیکٹر کی خدمت کے لیے تیار ہوگی۔“

یہ صنعت-تعلیمی شراکت داری باقاعدہ طلبا اور کام کرنے والے پیشہ ور افراد کے لیے شعبے سے متعلقہ ہنر مندی کے کورس اور پروگراموں، فیکلٹی کے لیے مشترکہ تحقیق اور صنعت کے تجربات، طالب علموں کے لیے انٹرنشپ اور تقرریوں اور اسکالرشپ پروگراموں کی باہمی ترقی اور تعاون کو فروغ دے گی۔ یہ صنعت کی ضروریات کے مطابق طلبا کے لیے ملازمت کے مواقع پیدا کرے گی۔ توقع ہے کہ 15000 طلبا کو ایئربس انڈین آپریشنز میں رکھا جائے گا۔

نقل و حمل اور لاجسٹکس کے شعبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے، جی ایس وی ”اپنی نوعیت کی پہلی“ یونیورسٹی ہے جس کا مقصد ریلوے، جہاز رانی، بندرگاہوں، شاہراہوں، آبی گزرگاہوں، اور ہوا بازی وغیرہ سے متعلق قومی ترقیاتی منصوبوں (پی ایم گتی شکتی نیشنل ماسٹر پلان 2021 اور نیشنل لاجسٹک پالیسی 2022) کے مینڈیٹ کو پورا کرنا ہے۔

صنعت کے ساتھ چلنے والی اور اختراع پر مبنی یونیورسٹی ہونے کے ناطے، جی ایس وی کو پہلے سے ہی دنیا بھر کے سر کردہ اداروں اور صنعتوں کا تعاون حاصل ہے۔

**************

 

ش ح۔ ف ش ع- م ف

U: 9272



(Release ID: 1955483) Visitor Counter : 93


Read this release in: English , Hindi , Marathi , Tamil