جل شکتی وزارت

25 ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے جل جیون مشن کے 'خصوصی مہمانان' لال قلعہ  پر یوم آزادی کی تقریب میں شامل ہوئے


ہر گھر میں  پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے ہم نے جل جیون مشن کے تحت دو لاکھ کروڑ روپے خرچ کیے ہیں: وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے  یوم آزادی کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا

آج جل جیون مشن کے چار سال مکمل ہورہے ہیں ، جس کا اعلان وزیر اعظم نے 15 اگست 2019 کو کیا تھا

جل شکتی کے مرکزی وزیر جناب گجیندر سنگھ شیخاوت نے سی جی او کمپلیکس، نئی دہلی میں جے جے ایم کے'خصوصی مہمانوں' کو اعزاز سے نوازا

Posted On: 15 AUG 2023 5:41PM by PIB Delhi

ایک قابل فخر قوم آج اپنا 77 واں یوم آزادی جذبہ حب الوطنی کے ساتھ منا رہی ہے۔ ملک بھر سے مدعو  کئے گئے'خصوصی مہمانان'  لال قلعہ کی فصیل سے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے تاریخی خطاب کے گواہ بنے ۔ یہ خصوصی مہمان ایک منی ہندوستان  کی زندہ و جاوید  تصویر پیش کر رہے تھے۔ ان خصوصی مہمانوں میں 25 ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے 'جل جیون مشن' کے زمینی سطح پر عملدرآمد کرنے والے کارکنان شامل تھے جو دیہی گھرانوں کو نل کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے یہ مہمان جیسے سرپنچ، پلمبر، پمپ آپریٹر، واٹر میٹر ریڈر اور گاؤں کی پانی اور صفائی سے متعلق کمیٹی کے ممبران  ملک کے مختلف حصوں سے یوم آزادی کی باوقار تقریبات میں شرکت کے لیے آئے تھے۔ مرکزی حکومت کے اس اقدام کا مقصد 'جن بھاگیداری' کی کوششوں کو اجاگر کرنا اور حقیقی جمہوری طریقے سے قوم کی تعمیر میں تعاون کرنے کے لیے 'عام آدمی' کا شکریہ ادا کرنا ہے۔

آج لال قلعہ کی فصیل سے  وزیراعظم نے آج اپنے یوم آزادی کے موقع پر خطاب میں پانی کے قیمتی وسائل کے زیادہ سے زیادہ استعمال کو یقینی بنانے کے لیے جل شکتی کی وزارت کے قیام کے بارے میں بات کی ۔ یہ یقینی بنایا جانا چاہئے  کہ ملک کے ہر دیہی گھر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کی سہولت ہو۔ وزیر اعظم نے کہا، "ہم نے جل شکتی کی وزارت قائم کی  ہے، جو یہ یقینی بنانے پر زور دیتی ہے کہ  پینے کے صاف پانی  ملک کے ہر فرد تک پہنچے اور ماحولیات کے تحفظ کے لیے پانی کے تئیں  حساس نظام  تیار کیا جائے۔" وزیر اعظم نے کہا، "ہر گھر تک صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے جل جیون مشن کے تحت 2 لاکھ کروڑ روپے خرچ کیے گئے ہیں۔"  پینے کے پانی کے شعبے میں دنیا کے کسی بھی ملک کے ذریعہ  کی گئی یہ سب سے بڑی سرمایہ کاری ہے اور یہ  حفظان صحت، روزگار اور لڑکیوں کی تعلیم سمیت  دیگربراہ راست اور بالواسطہ فوائد کے ساتھ لوگوں کی زندگی میں مثبت  تبدیلی لارہا ہے۔

وزیر اعظم کی تقریر کی جھلکیاں: https://pib.gov.in/PressReleseDetail.aspx?PRID=1948922

آج جل جیون مشن کے چار سال مکمل ہورہے  ہیں، جس کا اعلان وزیر اعظم نے 15 اگست 2019 کو کیا تھا۔ اس وقت صرف 3.23 کروڑ دیہی گھروں  میں نل سے  پینے کےپانی کی سپلائی کی جاتی تھی ۔ پینے کا صاف پانی فراہم کرانے کے اپنے 4 سال کے طویل سفر میں، مشن نے ملک کے دو تہائی دیہی خاندانوں کی سخت مشقت کو کم کر دیا ہے، کیونکہ 12.83 کروڑ (66.73 فیصد) خاندانوں کواب پینے کےقابل  نل کا پانی دستیاب ہے۔

جل شکتی کی وزارت کے پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کے محکمے کے ذریعہ منعقد  ایک پروگرام میں جل شکتی کے مرکزی وزیر جناب گجیندر سنگھ شیخاوت نے خصوصی مہمانوں کو اعزاز سے نوازا اور انہیں مومنٹو پیش کیا۔ مہمانوں سے خطاب  کرتے ہوئے جناب شیخاوت نے کہا، ’’ پانی کی اہمیت آپ سبھی کو معلوم ہے ۔ پانی کے بغیر زندگی کا تصورنہیں کیا جا سکتا۔ جناب نریندر مودی کے وزیر اعظم  بننے سے پہلے تک پانی کے شعبے کو کسی نے مناسب اہمیت نہیں دی تھی اور ایک موضوع کے طور پر پانی کئی وزارتوں اور محکموں میں تقسیم تھا۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے  پانی کے شعبے کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے ایک مربوط جل شکتی  کی وزارت قائم کی ، جہاں ہم نے  پانی سے متعلق  سبھی امور پر مربوط نقطہ نظر کے ساتھ کام کرنا شروع کیا۔‘‘

جناب شیخاوت نے کہا، ’’ لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لئے سرکار کے ذریعہ کوششیں کی جا رہی ہیں۔ کسی نے خواب میں بھی نہیں سوچا ہوگا کہ ہر  دیہی  گھر میں نل سے پانی کی سپلائی کی سہولت فراہم کرکے  دیہی ہندوستان میں خواتین کی صدیوں پرانی سخت محنت کرنے کی روایت کو ختم کیا جاسکتا ہے۔  وزیر اعظم کی دور اندیشی پر مبنی رہنمائی  میں، ہم نے اب تک 12.83 کروڑ سے زیادہ نل کنکشن فراہم کیے ہیں اور ملک اب مکمل صفائی کی طرف تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ ملک نے 2 اکتوبر 2019 کو اپنے  کو کھلے میں رفع حاجت سے پاک (او ڈی ایف) قرار دیا ہے۔ اب ٹھوس اور مائع فضلہ کے بندوبست کے ساتھ او ڈی ایف پلس بننے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ 60 فیصد گاؤں پہلے ہی او ڈی ایف پلس بن چکے ہیں۔ 'ہر گھر جل' کے رضاکاروں اور گاؤں کی پانی اور صفائی کمیٹیوں (وی ڈبلیو ایس سی) کے اراکین کو مدعو کیا گیا تھا جو ان مشنوں کی اہمیت اور ملک کے دیہی منظر نامے میں  اس سے ہونے والی تبدیلی کو ظاہر کرتا ہے۔‘‘

جل شکتی اورڈبہ بند صنعت  کے مرکزی وزیر مملکت جناب پرہلاد سنگھ پٹیل نے سرکار، ترقیاتی شراکت داروں، سول سوسائٹی اور کمیونٹی کی طرف سے کی جانے والی مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ ان کوششوں سے ہر دیہی گھر میں پائپ کے ذریعے پینے کا پانی فراہم کرنے کے ہدف کو حاصل کرنے میں مدد ملی ہے۔ جناب پٹیل نے کہا، "جل جیون مشن اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ مقررہ معیار کا پانی، مناسب مقدار میں، ہر دیہی گھر تک پہنچے اور 'کوئی پیچھے نہ رہے'۔ پینے کے پانی کی فراہمی کی سہولت سے خواتین کا وقت بچ گیا ہے جسے وہ بچوں کو پڑھانے، کھیتوں میں کام کرنے، سبزیاں اگانے، مویشیوں کی دیکھ بھال، بکریاں پالنے وغیرہ میں استعمال کر رہی ہیں۔ وہ خاندان کی آمدنی میں تعاون کررہی  ہیں ۔"

پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کی سکریٹری  محترمہ وینی مہاجن نے کہا، " میرے لئے یہ انتہائی خوشی اور فخر کی بات ہے کہ میں  ان مہمانوں کا استقبال کررہی ہوں جنہوں نے یوم آزادی کی تقریب میں شرکت کے لیے طویل  سفر  طے کیا ہے ۔وزیر اعظم کے ذریعہ دیئے گئے اعزاز سے  ہمارے اوپر یہ ذمہ داری عائد  ہوتی ہے کہ ہم یہ یقینی بنائیں کہ سپلائی ہونے والا پانی خالص ہے ، اس کی بار بار جانچ کی جائے اور پانی کا دانشمندانہ طریقہ سے استعمال کیا جائے۔ تیزرفتار اور بڑے پیمانے پر کام کرتے ہوئے، مشن نے آج  یہ یقینی بنایا ہے کہ  کسی بھی ریاست میں کوریج ایک تہائی سے کم نہ ہو۔  دیہی ہندوستان میں ہر سیکنڈ  ایک نل کنکشن دیا جا رہا ہے۔

جل جیون مشن کے ایڈیشنل سکریٹری اور مشن ڈائرکٹر جناب وکاس شیل نے پانی کے بہتر بندوبست کے لئے 5 آر  – منع کرنا، کم استعمال کرنا، دوبارہ استعمال کرنا، دیگر ضرورتوں کے لئے استعمال کرنا اور ری سائکل کرنا (ریفیوز، ریڈیوز، ری یوز، ری پرپز، ری سائکل ) کی اہمیت کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے کہا کہ ‘‘  دستیاب وسائل کا مؤثر طریقے سے استعمال کرنے اور پائیدار طور طریقوں کو نافذ کرنے کے مواقع شناخت کرنا ضروری ہے۔‘‘

جل جیون مشن کے ڈائریکٹر جناب وائی کے۔ سنگھ نے شکریہ ادا کرتے  ہوئے کہا کہ خصوصی مہمانوں کی موجودگی اس جذبے کا ثبوت  ہے جو جل جیون مشن کی روح  کی تشکیل کرتی ہے۔

************

ش ح۔ف ا    ۔ م  ص

 (U: 8410 )



(Release ID: 1949278) Visitor Counter : 115


Read this release in: Hindi , Tamil , English