صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت

پارلیمنٹ نے نرسنگ کے شعبے میں جامع اصلاحات کے لیے نرسنگ اینڈ مڈوائفری (دائی گیری) نیشنل کمیشن (این این ایم سی) بل 2023 کو منظور ی دی


نرسنگ کی تعلیم اور خدمات کے معیار کو بلند کرنے، پیشہ ورانہ طرز عمل کو بڑھانے اور زیادہ شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانے کی غرض سے کئی اہم تجاویز متعارف کرائی گئی ہیں

Posted On: 08 AUG 2023 9:56PM by PIB Delhi

نرسنگ کی تعلیم اور پریکٹس کے منظر نامے میں تبدیلی لانے کے مقصد سے ایک تاریخی اقدام کرتے ہوئے ، پارلیمنٹ نے نیشنل نرسنگ اینڈ مڈوائفری کمیشن (این این ایم سی) بل، 2023 منظور کر لیا ہے۔ یہ ایکٹ ، شعبے میں ایک اہم قانون سازی اصلاحات کی علامت کے طور پرموجودہ انڈین نرسنگ کونسل کو ایک جدید ریگولیٹری ڈھانچے میں تبدیل کر دے گا۔

این این ایم سی ایکٹ، 2023، نرسنگ کی تعلیم اور خدمات کے معیار کو بلند کرنے، پیشہ ورانہ طرز عمل کو بڑھانے، اور زیادہ شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانے کے لیے کئی اہم تجاویز متعارف کرائے گا۔ مجوزہ ایکٹ کی اہم خصوصیات حسب ذیل ہیں:

1. قومی اور ریاستی کمیشنوں کا قیام: این این ایم سی ایکٹ کے تحت، قومی سطح پر ایک قومی نرسنگ اور مڈوائفری (دائی گیری)کمیشن اور خود مختار ادارے قائم کیے جائیں گے۔ تعلیم اور خدمات کے معیارات کو منظم کرنے اور برقرار رکھنے، پیشہ ورانہ طرز عمل کی نگرانی، اور رجسٹروں کا آن لائن اور براہ راست انتظام کرنے کے مقصد سے ، متعلقہ ریاستی نرسنگ اور مڈوائفری (دائی گیری) کمیشن بھی قائم کیے جائیں گے۔

2. میعاد اور جواب دہی: ایکٹ کے ذریعے متعارف کرائی گئی اہم اصلاحات میں سے ایک کمیشن کے ممبران اور چیئرپرسن کے لیے مقررہ مدت طے کئے جانے ، دوبارہ تقرری کو ختم کرنے اور ذاتی مفادات کو روکنے کی غرض سے ضابطہ بنانا ہے۔ یہ اقدام نرسنگ سے متعلق تعلیم کے شعبے میں ریگولیٹرز کے درمیان شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بناتا ہے۔ یہ ایکٹ حکومت کو عوام کے مفاد میں کمیشن کو ہدایات جاری کرنے کا اختیار بھی دے گا۔

3. داخلے کا یکساں عمل اور اہلیت : قومی کمیشن ، نرسنگ کی تعلیم میں مستقل مزاجی کو یقینی بنانے کے لیے داخلے سے متعلق ایک معیاری عمل کو نافذ کرے گا۔ اس کے علاوہ ، یہ اعلیٰ معیار کی صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کو یقینی بنانے کے لیے نرسنگ اور مڈوائفری کے شعبے کے پیشہ ور افراد کی قابلیت کو برقرار رکھنے پر توجہ مرکوز کرے گا۔

4. اختراع اور تعاون کو اختیارت کرنا: این این ایم سی ایکٹ ، نرسنگ کی تعلیم میں جدید ترین ٹیکنالوجی اور اختراع کے استعمال کی حوصلہ افزائی کرے گا۔ کمیشن نرسنگ کے شعبے میں ہم آہنگی، عمدگی اور تحقیق کو فروغ دینے کے لیے صنعت اور دیگر اداروں کے ساتھ تعاون کرے گا۔

5. سافٹ اسکلز اور خصوصی کورسز کا فروغ : یہ ایکٹ، رجسٹرڈ پیشہ ور افراد کے درمیان نرم مہارتوں کی نشوونما پر زور دے گا اور نرسنگ اور مڈوائفری (دائی گیری )میں خصوصی کورسز اور سرٹیفیکیشن پروگراموں کو تسلیم کرے گا۔ اس اقدام کا مقصد مختلف شعبوں اور میدانوں میں نرسنگ کے شعبے کے پیشہ ور افراد کی مہارت کو بڑھانا ہے۔

6. عالمی نقل و حرکت اور مہارت : این این ایم سی ایکٹ غیر ملکی ماہرین اور شعبے کے ماہرین کو قومی کمیشن کی میٹنگوں میں شرکت کے لیے مدعو کرکے، ہندوستانی نرسوں کی عالمی نقل و حرکت اور روزگار کے لئے سہولت فراہم کرنے کی کوشش کرے گا۔ اس بین الاقوامی تعاون اور اشتراک کی بدولت ہندوستانی نرسوں کی ہنر مندی اور صلاحیت کو بڑھانے میں معاونت ملے گی ۔

7. قومی مشاورتی کونسل اور مطابقت : یہ ایکٹ تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی متوازن نمائندگی کو یقینی بنانے کے لیے ایک قومی مشاورتی کونسل کی تشکیل کے لیے راہ ہموار کرے گا۔ یہ کونسل نرسنگ کی تعلیم، خدمات، تربیت، اور تحقیق سے متعلق امور پر مشورے پیش کرے گی۔ اس کے علاوہ ، یہ ایکٹ صحت کی دیکھ بھال کی فراہمی کی غرض سے، نیشنل میڈیکل کمیشن، فارمیسی کونسل آف انڈیا، نیشنل کمیشن فار الائیڈ اینڈ ہیلتھ کیئر پروفیشنز، نیشنل کمیشن آف انڈین سسٹم آف میڈیسن، اور نیشنل کمیشن آف ہومیوپیتھی سمیت متعلقہ قانونی اداروں کے ساتھ مشترکہ اجلاس کے دوران ٹیم پر مبنی نقطہ نظر کو فروغ دے گا۔

نرسنگ اور دائی گیری سے متعلق قومی کمیشن بل 2023 کی منظوری کی بدولت ، نرسنگ کی تعلیم اور پریکٹس کے معیار کو بلند کرنے، جدت طرازی اور اختراعات کو فروغ دینے اور حفظان صحت کے پورے شعبے میں تعاون کو بڑھانے کی طرف ایک اہم قدم کی نشاندہی ہوتی ہے۔ یہ ایک اہم سنگ میل ہے، جو ایک انتہائی ہنر مند اور قابل نرسنگ افرادی قوت کو پر وان چڑھانے کے لیے حکومت کے عزم کو واضح کرتا ہے اور اس طرح قوم کےلئے صحت کی معیاری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ش ح۔ ع م۔ ق ر۔

U- 8116



(Release ID: 1946979) Visitor Counter : 113


Read this release in: English , Hindi