صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

صدر جمہوریہ نے جے پور میں ’جمہوریت کو مضبوط کرنے میں راجستھان لیجسلیچر کے اہم آئینی عہدیداروں کا رول‘ موضوع پر ایک سیمینار سے خطاب کیا

Posted On: 14 JUL 2023 7:38PM by PIB Delhi

صدر جمہوریہ محترمہ دروپدی مرمو نے آج شام (14 جولائی، 2023) جے پور میں ’جمہوریت کو مضبوط کرنے میں راجستھان لیجسلیچر کے اہم آئینی عہدیداروں کا رول‘ موضوع پر ایک سیمینار سے خطاب کیا۔ یہ سیمینار جناب بھیروں سنگھ شیخاوت کا صد سالہ یوم پیدائش منانے کے لیے کامن ویلتھ پارلیامنٹری ایسوسی ایشن (راجستھان  شاخ) کے زیر اہتمام راجستھان  قانون ساز اسمبلی کے ذریعے منعقد کیا گیا تھا۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں، صدر جمہوریہ نے کہا کہ جناب بھیروں سنگھ شیخاوت نے نہ صرف راجستھان بلکہ  پورے ملک کی سیاست میں اپنی عظیم شخصیت کی امٹ چھاپ چھوڑی ہے۔ راجستھان کے وزیر اعلیٰ کے طور پر، انہوں نے ریاست کی ترقی اور لوگوں کی فلاح کے لیے کئی اسکیموں کا تصور کیا اور انہیں نافذ کیا۔ صدر جمہوریہ ہند کے طور پر انہوں نے ہندوستانی پارلیمنٹ کی اعلیٰ روایات کی پیروی کی اور انہیں مضبوط بھی کیا۔ انہوں نے راجستھان اور ملک کے مستقبل کی تعمیر میں اہم رول نبھایا۔ ان کے  اصول ہمارے ملک کے تمام عوامی نمائندوں کے لیے  قابل تقلید ہیں۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان میں جمہوری نظام مسلسل مضبوط ہو رہا ہے۔ ہمارا ملک دنیا کے سب سے بڑے تنوع کو شامل کرتے ہوئے جمہوری طریقوں سے  اپنی ترقی کی راہ پر آگے بڑھ رہا ہے۔ آزادی کے بعد کے 75 برسوں میں، ہمارے ملک نے تمام چیلنجوں کا سامنا کرتے ہوئے اپنے جمہوری اقدار کو مضبوط بنائے رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جمہوریت کی عمدگی کا سب سے بڑا ثبوت عام انتخابات ہیں۔ سال 2019 میں ہوئے 17ویں لوک سبھا کے عام انتخابات میں کل 61.3 کروڑ ووٹروں نے  اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا، جو کہ ایک ریکارڈ تھا۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار خواتین ممبران پارلیمنٹ کی تعداد 100 سے پار ہو گئی۔ انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ تعداد مزید آگے بڑھے گی۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہمارے جمہوری نظام میں  معاشرے کے سبھی لوگوں، خاص طور پر  پس ماندہ اور کمزور طبقوں اور خواتین کو نمائندگی فراہم کی گئی ہے۔ پنچایتی راج کا نظام ہماری جمہوریت میں  بنیادی رول ادا کر رہا ہے۔ آج 2.75 لاکھ سے زیادہ مقامی دیہی اداروں میں 31.5 لاکھ سے زیادہ منتخب نمائندوں میں سے 46 فیصد خواتین ہیں۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ راجستھان کے عوام اور ان کے نمائندوں نے ہندوستانی جمہوریت کی کامیابی میں اہم رول نبھایا ہے۔ انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ راجستھان کے لوگ پارلیمانی جمہوریت  کی اقدار کو مضبوط کریں گے اور ریاست اور ملک کی ترقی میں تعاون دینا جاری رکھیں گے۔

صدر جمہوریہ کی تقریر ملاحظہ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں

*****

ش ح – ق ت – ت ع

U: 7040


(Release ID: 1939668)
Read this release in: English , Hindi