وزارت دفاع
آئی این ایس کرپان، ویتنام کے لیے روانہ
آئی این ایس کرپان کو ویتنام پہنچنے کے بعد ویتنام کی عوامی بحریہ کے حوالے کیا جائے گا
Posted On:
28 JUN 2023 7:13PM by PIB Delhi
ویتنام کے وزیر دفاع جنرل فان وان گیانگ کے 17 سے 19 جون 2023 تک ہندوستان کے حالیہ دورے کے دوران، محترم رکشا منتری نے ویتنام کو اِن سروس میزائل کورویٹ آئی این ایس کرپان تحفے میں دینے کا اعلان کیا تھا۔ اسی کو انجام دینے کے لیے، آئی این ایس کرپان آج وشاکھاپٹنم سے ہندوستان سے ویتنام کے اپنے آخری سفر پر روانہ ہوا ہے۔
آئی این ایس کرپان دیسی ساختہ تیسرا کھوکری کلاس میزائل کورویٹ ہے، جو فی الحال ہندوستانی بحریہ میں سرگرم عمل ہے۔ یہ جہاز ہتھیاروں اور سینسروں سے لیس ہے اور اس نے مختلف آپریشنل اور انسانی امداد کے کاموں میں حصہ لیا ہے۔ ہندوستان سے ویتنام تک کے اپنے آخری سفر کے ایک حصے کے طور پر، آئی این ایس کرپان آج وشاکھاپٹنم سے روانہ ہوا اور ویتنام پہنچنے کے بعد اسے ویتنام کی عوامی بحریہ کے حوالے کر دیا جائے گا۔ مشرقی بحریہ کی کمان کے افسروں اور اہلکاروں نے وائس ایڈمرل سنجے واتسائن، چیف آف اسٹاف کی قیادت میں، نیول ڈاکیارڈ، وشاکھاپٹنم میں ایک رسمی تقریب کے دوران جہاز کو الوداع کیا۔
ہندوستان اور ویتنام کے درمیان تاریخی روابط ہیں اور موجودہ تعلقات مضبوط، کثیر جہتی اور ثقافتی اور اقتصادی ستونوں پر مبنی ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو ستمبر 2016 میں اسٹریٹجک پارٹنرشپ سے ایک جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ میں اپ گریڈ کیا گیا تھا۔ دفاعی شعبے میں یہ تعاون باہمی اسٹریٹجک مفادات، علاقائی استحکام کے لیے مشترکہ وژن اور بین الاقوامی نظام پر مبنی قوانین کو برقرار رکھنے پر مبنی ہے۔ نومبر 2009 میں دونوں ممالک کی طرف سے دفاعی تعاون پر ایک مفاہمت نامے پر دستخط کے بعد، گزشتہ دہائی کے دوران تعلقات میں اضافہ ہوا ہے۔ جون 2022 میں، دونوں وزرائے دفاع نے ’2030 کے لیے ہند– ویتنام دفاعی شراکت داری سے متعلق مشترکہ وژن کے بیان‘ پر بھی دستخط کیے ہیں۔
سمندری شعبے میں، دونوں بحری افواج متواتر آپریشنل تعاملات، منظم متواتر مکالمے اور معلومات کے تبادلے کے طریقہ کار کے ذریعے بڑے پیمانے پر مشغول رہتی ہیں۔ بحریہ سے بحریہ کے اس تعاون میں وسیع پیمانے پر اقدامات شامل ہیں جن کا مقصد صلاحیتوں میں اضافہ کرنا اور صلاحیت سازی کو بڑھانا ہے جن میں پرزوں کی فراہمی، بحری جہازوں کی مرمت، انسٹرکٹرز کی ڈیپوٹیشن اور بحری جہازوں اور وفود کے باقاعدہ خیر سگالی دورے شامل ہیں۔
ہندوستانی بحریہ سے ویتنام کی عوامی بحریہ کو دیسی ساختہ ان سروس میزائل کورویٹ، آئی این ایس کرپان کی منتقلی، اپنے ہم خیال شراکت داروں کی صلاحیت اور طاقت کو بڑھانے میں مدد کرنے کے ہندوستان کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ آئی این ایس کرپان کی ویتنام کو منتقلی ہندوستان کے ’وسودھیو کٹمبکم‘ اور ’خطے میں سب کے لیے سلامتی اور ترقی‘(ساگر) کے وژن کی ترجمانی ہے۔ کسی بھی دوست بیرونی ملک کو ہندوستان کی طرف سے مکمل طور پر آپریشنل کورویٹ تحفے میں دینے کا یہ پہلا موقع ہے۔
*****
ش ح – ق ت – ت ع
U: 6593
(Release ID: 1936068)
Visitor Counter : 146