نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ

مالویہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، جے پور میں طلباء کے ساتھ بات چیت کے دوران نائب صدر کے خطاب کا متن (اقتباس)

Posted On: 23 JUN 2023 3:00PM by PIB Delhi

آپ سبھی کو گڈ مارننگ!

میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ میں تعلیم کی پیداوار ہوں۔ جب میں گاؤں میں پڑھتا تھا، تعلیم حاصل کرنے کے لیے روزانہ پانچ کلومیٹر ایک طرف کا اور 10 کلومیٹر دونوں طرف کا سفر کرتا تھا، تو اگر میں نے چتور گڑھ کے سینک اسکول سے اسکالرشپ حاصل نہ کیا ہوتا…مجھے جو اسکالرشپ ملا، اس نے میری زندگی بدل دی۔ اس نے مجھے معیاری تعلیم فراہم کی۔ میں بہت فرمانبردار طالب علم تھا۔ ٹیچر مجھ سے بہت پیار کرتے تھے۔ اس کی قیمت بھی مجھے دینی پڑی۔ آپ خوش قسمت ہیں کہ آپ کے پاس ہندوستانی پروڈکٹ ’امول‘ ہے، لیکن ان دنوں ہمارے پاس ’پولسن‘ مکھن ہوا کرتا تھا۔ اس لیے جب بھی میں کسی استاد سے بات کرتا، تو پیچھے سے آواز آتی تھی پولسن، پولسن، پولسن۔ وہ مجھے تمام اساتذہ کا پسندیدہ مانتے تھے۔ میں ہمیشہ گولڈ میڈلسٹ رہا۔ مجھے بڑا ڈر لگتا  تھا اگر ٹاپر نہیں ہوؤں گا تو کیا ہوگا؟ بہت ڈر لگتا تھا اور اس ڈر کی وجہ سے بہت بڑی قیمت دی ہے۔ بہت بعد میں پتہ چلا کہ کچھ نہیں ہوگا۔ ٹاپر ہونا ضروری نہیں ہے۔ کبھی تناؤ میں مت رہو، کبھی دباؤ مت محسوس کرو، کوشش کرنے سے کبھی نہ ڈرو، خوف سے ڈرنا چھوڑ دو– اس سے کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔

آپ دنیا میں دیکھیں گے، جو لوگ صنعتیں لگاتے ہیں، انفراسٹرکچر بناتے ہیں، عالمی معیار کی عمارتیں کھڑی کرتے ہیں، وہ سب حقیقی تخلیق کار نہیں ہیں۔ حقیقی تخلیق کار یہاں بیٹھے ہیں۔ وہ آئڈیا دیتے ہیں، وہ آئڈیا کو تیار کرتے ہیں۔ عمل درآمد سے زیادہ آسان کوئی چیز نہیں ہے اور منصوبہ بندی سے زیادہ مشکل کوئی چیز نہیں ہے اور آپ سب نے یہی کیا ہے۔

مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ یہاں قومی تعلیمی پالیسی کو اپنایا جا رہا ہے۔ یہ پالیسی تین دہائیوں کے بعد تمام متعلقین کے خیالات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی۔ میں مغربی بنگال کا گورنر تھا۔ میرے ذریعہ ماہرین تعلیم اور تعلیم میں دلچسپی رکھنے والوں اور ایک صنعت کے طور پر تعلیم میں دلچسپی رکھنے والوں سے رائے لی گئی۔

طلباء، مفکرین نے ہمیں یہ پالیسی دی، جیسا کہ ڈائریکٹر نے اشارہ کیا ہے کہ اب آپ اپنے بڑے مضمون کے ساتھ ساتھ چھوٹے مضمون بھی لے سکتے ہیں۔ آپ اپنی زندگی میں سیکھیں گے کہ چھوٹا، بڑا ہو جاتا ہے۔ یہ بہت بڑا فائدہ ہے جو آپ کو مل رہا ہے۔

  میرے نوجوان دوستو، میں یہاں اپنے خیالات کا اشتراک کرنے آیا ہوں۔ میں نے آئی آئی ٹی مدراس میں بھی یہی کیا ہے جہاں میرا ایک طویل معنی خیز سیشن تھا۔ میں نے طلباء، اساتذہ سے بات چیت کی، ان کی ورکشاپ کا دورہ کیا، اور ان کی کامیابیوں کو دیکھا۔ میں آئی آئی ایم بنگلور گیا۔ آپ کا انسٹی ٹیوٹ بھی بہترین ہے، آپ کی آنکھوں میں چمک دیکھ کر میں اندازہ لگا سکتا ہوں کہ آپ کا مستقبل روشن ہے۔ یہ آج سے زیادہ روشن اور آج سے زیادہ اہم نہیں ہو سکتا۔

  ہندوستانی وزیر اعظم کی امریکہ میں موجودگی کافی اثردار ہے اور اب ہم عالمی قیادت کرنے کے لیے تیار ہیں۔ آپ خوش قسمت ہیں کہ آپ ایک ایسے وقت میں رہ رہے ہیں جب ہندوستان، ہمارا بھارت، عروج پر ہے جیسا کہ پہلے کبھی نہیں تھا اور یہ عروج رک نہیں سکتا۔ بڑھتی ہوئی رفتار کو روکا نہیں جا سکتا، بلکہ آپ کے تعاون سے اسے حقیقی رفتار ملے گی۔

میں آپ کو کچھ اعدادوشمار دیتا ہوں۔ میں آپ پر اعداد و شمار کا بوجھ نہیں ڈالوں گا۔ سال 2022 میں، ڈیجیٹل ٹرانسفر دنیا کا ایک نیا معمول ہے۔ 2022 میں ڈیجیٹل ٹرانسفر کا حجم 1.3 ٹریلین امریکی ڈالر تھا، لیکن یہ اہم نہیں ہے۔ جو چیز زیادہ اہم ہے وہ یہ ہے کہ ہماری ڈیجیٹل منتقلی امریکہ، برطانیہ، فرانس اور جرمنی کی ڈیجیٹل منتقلی سے زیادہ ہے اور اسے چار سے ضرب کیا جاتا ہے۔

تصور کریں کہ ہندوستان کس مقام پر پہنچ چکا ہے اور وہ بھی ہمارے 1.3 بلین لوگوں کی کوششوں سے۔ دنیا سوچ رہی ہو گی کہ وہ ٹیکنالوجی کو کیسے اپنائیں۔ لیکن، اس ملک میں یہ ہو چکا ہے۔ ان چار بڑے ممالک سے چار گنا زیادہ، مجھے یقین ہے کہ یہ ایک حصولیابی ہے۔ ہم اس پر فخر کر سکتے ہیں۔

دوسری کامیابی دیکھیں۔ ایک دہائی پہلے ہم عالمی معیشت میں دسویں نمبر پر تھے۔ ہم انسانیت کا 6/1واں حصہ ہیں اور ہم سب سے زیادہ متحرک جمہوریت ہیں لیکن ہماری معیشت 10 ویں نمبر پر تھی۔ ستمبر 2022 میں، ہم دنیا کی 5ویں بڑی عالمی معیشت بن گئے۔ یہ کوئی آسان راستہ نہیں تھا اور اس عمل میں ہم اپنے سابق نو آبادیاتی حکمرانوں، برطانیہ کے برابر پہنچ گئے۔

مگر کچھ لوگوں کو ہندوستان کی عظیم حصولیابیوں کو ڈائیجسٹ کرنے میں درد ہوتا ہے۔ ان کو سوچنے کی ضرورت ہے، یہ وہ بھارت نہیں ہے جو پہلے تھا، اب یہ وہ بھارت ہے جو صدیوں پہلے تھا جس کی 5000 سال کی تاریخ ہے۔ کون سا ملک ہے جو ہماری طرح 5000 سال کی تہذیبی گہرائی کا دعویٰ کر سکتا ہے اور اس پر فخر کر سکتا ہے؟ یہ ہماری کامیابی ہے اور دہائی کے اختتام تک، ہندوستان تیسری سب سے بڑی عالمی معیشت بن جائے گا اور جب ہندوستان اس کا جشن منائے گا، تو شاید ہم موجود نہ ہوں لیکن آپ سب 2047 میں کلیدی عہدوں پر ہوں گے۔

آپ سب ڈرائیور کی سیٹ پر ہوں گے، آپ سب اس ملک کی ترقی کو آگے بڑھائیں گے۔ جب بھارت 2047 میں ہوگا، اپنی آزادی کا صد سالہ جشن منا رہا ہوگا، تو ہم پہلے نمبر پر ہوں گے۔ دنیا اسے جانتی ہے، دنیا اسے سمجھتی ہے۔ یہ وہ وقت نہیں ہے جب ہندوستان کو دنیا کے سامنے اپنی رائے دینی پڑے۔ زمانہ بدل گیا ہے۔ دنیا ہندوستان کی طرف اور ہندوستان کے وزیر اعظم کیا کہتے ہیں اس کی طرف دیکھ رہی ہے، اور ہندوستان کے وزیر اعظم وہی کہتے ہیں جو ہندوستان کے مفاد میں ہے۔ ہم اس ملک میں عالمی امن، ہم آہنگی، استحکام اور ترقی کے لیے کھڑے ہیں۔ ہم ایک منفرد ملک ہیں؛ آپ کو ہم جیسا کوئی دوسرا ملک نہیں ملے گا۔ ہم علم اور انسانی وسائل پر کام کر رہے ہیں۔

جب میں احاطے میں داخل ہوا اور بائیں دیوار پر وژن اور مشن کو دیکھا تو یہ ہم آہنگی اور علم کا امتزاج دکھائی دے رہا تھا۔

انسانی وسائل کو تیز کیا جا رہا ہے، اس میں پھول آ رہے ہیں، اس وقت یہی ہو رہا ہے۔ میں بتا سکتا ہوں کہ آپ کو اس بات کا علم نہیں ہے، مگر آپ کے ادارے کی شہرت بہت زیادہ ہے۔ اس کی درجہ بندی آپ کے خیال سے کہیں زیادہ ہوئی ہے اور اس کی درجہ بندی میں اضافہ ہوا ہے اور مجھے یقین ہے کہ یہ بہت اوپر جائے گا۔

مجھے ایک اور اعداد و شمار بتانے دیجئے۔ ہم ہندوستانیوں کا ڈی این اے مضبوط ہے۔ ہم ایکلویہ ہیں، کوئی سکھائے یا نہ سکھائے، گاؤں کا آدمی اسمارٹ فون سے سب سیکھ جاتا ہے۔ کوئی ٹریننگ کی ضرورت نہیں ہے۔ اور یہی تو وجہ ہے کہ ہندوستان میں 700 ملین انٹرنیٹ صارفین ہیں۔

لوگ کہتے ہیں اتنی زیادہ آبادی ہے، اس میں کیا مہارت ہے۔ میں بتاتا ہوں مہارت کیا ہے۔ 2022 میں ہماری فی کس ڈیٹا کھپت امریکہ اور چین دونوں کو ملا لو، تو اس سے زیادہ تھی۔ یہ اچیومنٹ کیوں ہے، کیوں کہ جو بھارت کا دماغ ہے، جو کیپسٹی ہے محنت و لگن کے ساتھ کام کرنے کی… ہمارے چوبیسوں گھنٹے کام  کرنے کی صلاحیت ہے۔ باہر آپ کو ایسا ورک کلچر نہیں ملے گا۔ اسی لیے پوری دنیا میں،  آپ کو سب سے اوپر ہندوستانی دماغوں کی موجودگی ملے گی۔ یہ اطمینان کا باعث اور قابل تعریف ہے کہ  اس میں خواتین نے زیادہ بازی مار رکھی ہے۔ میری یہاں بھی آپ کی موجودگی متوازن ہے۔

میرا آپ سے یہ کہنا ہے کہ جب ہم اتنے عظیم ملک میں رہ رہے ہیں، جس کی اتنی بڑی تہذیب ہے، ہماری ترقی کی رفتار رک نہیں سکتی،  ہمیشہ کے لیے عروج پر ہے، آج ہم کھلی آنکھوں سے وہ چیزیں دیکھ رہے ہیں، جس کا ہم خواب نہیں دیکھ سکتے تھے۔

سال 1989 میں، میں لوک سبھا ممبر کے طور پر پارلیمنٹ کے لیے منتخب ہوا۔ مجھے ایک سال میں 50 گیس کنکشن اپنی پسند کے لوگوں کو دینے کا اختیار تھا۔ لوگ کہتے تھے کہ ایم پی کی بڑی پاور ہے۔ آج وزیر اعظم صاحب نے 17 کروڑ لوگوں کو گیس کنکشن مفت دے دیے، جنہیں  اس کی ضرورت ہے۔ یہ انقلاب ہے کہ نہیں ہے؟ کتنی بڑی سوچ ہے ایک آدمی کی۔ ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمیں اس وقت ایسی قیادت میسر ہے، جہاں وژن ہے، تیزی سے اس پر عمل ہو رہا  ہے اور نتیجے بھی سامنے آ رہے ہیں۔

میں نائب صدر ہونے کی وجہ سے راجیہ سبھا کا چیئر مین ہوں۔ آپ کو لگتا ہے کہ نئے پارلیمنٹ ہاؤس  کی شکل میں صرف ایک بہت بڑی عمارت آئی ہے؟ 30 مہینے سے کم وقت میں اور کووڈ کے باوجود، وہ صرف ایک عمارت نہیں ہے،یہ مکمل طور پر اندر سے آراستہ ہے۔ عام طور پر صرف فرنشننگ میں 10 سال لگتے ہیں۔ کتنا سنکرونائزیشن اور تھاٹ پروسیس اس میں گیا ہوگا۔ نئے پارلیمنٹ ہاؤس میں پورے ہندوستان اور ہندوستانیت کی جھلک دکھائی دیتی ہے۔ تصور کریں– یہ ڈھائی سال سے بھی کم عرصے میں سامنے آیا ہے!

جے پور سے دہلی جانا بھی اب آسان ہو گیا اور آپ کو الگ الگ متبادل بھی ملتے ہیں۔ ہندوستان کی ترقی ایک سطح مرتفع کی طرح ہے، یہ تمام پیمانوں پر آگے بڑھ رہی ہے۔ آپ کو یہ جان کر حیرانی ہوگی کہ آج کے دن جو دہلی سے آتا ہے اس میں آپ ایک فیصد  کی بھی قینچی نہیں مار سکتے، یہ کسی میڈیم، بچولیے یا رابطہ ایجنٹ کے بغیر براہ راست آتا ہے۔ میں سب سے مشکل منتقلی کی مثال دوں گا، جو گاؤں کے کسان کو آتی ہے۔ 11 کروڑ کسانوں کو 2.25 لاکھ کروڑ روپے براہ راست ان کے بینک اکاؤنٹ میں ملے ہیں۔

بھارت بدل چکا ہے اور بدلتے بھارت میں کچھ لوگوں کو چنوتیاں آ گئی ہیں، بے تکی باتیں کرتے ہیں۔ کہتے ہیں کہ بھارت  حقیقی جمہوریت نہیں ہے۔ مجھے اس سے تکلیف ہوتی ہے۔میں آپ سب سے اپیل کرتا ہوں کہ اس کا تجزیہ کریں اور اس کے مطابق ردعمل ظاہر کریں کیونکہ ہندوستان دنیا کا واحد ملک ہے جس میں گاؤں کی سطح پر، پنچایت کی سطح پر، ضلع پریشد کی سطح پر، ریاستی مقننہ اور یقیناً پارلیمنٹ میں آئینی جمہوریت ہے۔ ایسے میں اگر لوگ باہر جا کر یہ کہیں کہ بھارت میں حقیقی جمہوریت نہیں ہے، ہندوستان کی  قومیت کے ساتھ بدسلوکی ہے، بدسلوکی آپ کے مستقبل کے ساتھ ہے۔ وہ بدسلوکی ہمارے مستقبل  کی ترقی کے اوپر  پابندی لگانے کی منفی کوشش ہے۔ہم مذموم ذہنوں کی طرف سے ایسی باتوں کو پھیلانے، ہمارے اداروں اور ترقی کو بدنام کرنے اس کی اجازت نہیں دے سکتے۔

نوجوانوں کا اس میں بہت بڑا کردار ادا کرنا ہے، کیونکہ آپ سوچتے ہیں اور متنوع ذہن رکھتے ہیں۔ اگر میں آپ کو کچھ بتاتا ہوں، تو آپ حقیقی طور پر  تجزیہ کریں گے کہ کیا نائب صدر نے حقیقت میں کچھ درست کہا ہے۔ اس کمرے میں اور باہر ہر کوئی تجزیہ کرے گا، اگر ایسی سوچ رکھنے والے ذہن ان قوتوں کو روکنے یا بے اثر کرنے کا کام نہیں کرتے تو ہم اپنا فرض ادا نہیں کر پائیں گے۔

دوستو، ہمیں ہمیشہ اپنی قوم پر یقین رکھنا چاہیے، یہ اختیاری نہیں ہے۔ ہمیں ہندوستانیوں کے طور پر فخر کیوں نہیں کرنا چاہیے؟ ہمیں اپنی کامیابی پر فخر کیوں نہیں کرنا چاہیے؟ مجھے لندن جانے کا موقع ملا، شہزادہ چارلس سوئم کی تاجپوشی کے دوران میں نے وہاں کے طلباء سے بات چیت کی، وہ ہندوستان کے بارے میں پرجوش تھے۔ میں کہتا رہتا ہوں کہ باہر جانے والے ہندوستانی طلباء بہت باصلاحیت ہوتے ہیں، لیکن وہ آپ کو ٹیلنٹ میں ہرا نہیں سکتے تھے اور اس لیے انہیں یہاں جگہ نہیں دی جاسکتی تھی، اس لیے انھیں وہاں جانے کا موقع مل گیا۔

میرا یقین کریں، بہترین ٹیلنٹ ہمارے اداروں میں موجود ہے، آپ کو خود کو نہیں بلکہ دنیا کو بدلنا ہوگا۔ جب آپ باہر جاتے ہیں، تو آپ کا ایک مختلف ماحولیاتی نظام ہوتا ہے، مثبت اقدامات کی ایک سیریز سے آپ اپنے خوابوں کو پورا کر سکتے ہیں۔

جب میں 1979 میں وکیل تھا، لائبریری رکھنے کا خواہشمند تھا، مجھے 6000 روپے درکار تھے۔ جس بینک مینیجر نے بغیر ضمانت کے مجھے قرض دیا، مجھے آج بھی اس کا چہرہ یاد ہے۔ آپ کے پاس صرف ایک خیال ہونا چاہیے اور آسمان ہی اس کی حد ہے، آپ کچھ بھی حاصل کر سکتے ہیں۔

ہمارے اسٹارٹ اپ اور یونیکارن نوجوان لوگوں کی دین ہیں۔ درحقیقت، میں آپ نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو بتانا چاہتا ہوں، آپ صنعت کاروں کو کڑی ٹکر دے رہے ہیں، اب وہ لوگ ہوشیار ہو گئے ہیں کہ آج کا پڑھا ہوا نوجوان کیا کرشمہ دکھا سکتا ہے اور دولت حاصل کرنے میں بھی ہم سے آگے جا سکتے ہیں اور ایسا دیکھنے کو مل رہا ہے۔

طلباء کے ساتھ بات چیت کرکے مجھے نہ صرف تحریک، توانائی اور حوصلہ ملتا ہے، بلکہ میں ان لوگوں سے بھی ملتا ہوں جو سول سروسز میں شامل ہوتے ہیں۔ میں اب ایک بہت اہم بات کہہ رہا ہوں، میں نے سول سروسز ڈے پر ایسا کہا تھا: جب آپ سول سروسز میں شامل ہوتے ہیں اور ملک کی خدمت کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں، تو آپ کو زیادہ معاوضہ نہیں دیا جاتا ہے۔ لوگ باہر بہت زیادہ حاصل کر سکتے ہیں۔ لیکن جو اطمینان اور چہرے پر چمک اپنے ملک کی خدمت کرنے میں آتی ہے، وہ آپ کو کہیں نہیں آئے گی۔

  ارد گرد کے ماحول میں تبدیلی پیدا کریں، جس کے لیے میں آپ کے لیے چند تجاویز رکھتا ہوں:

  • تناؤ اور دباؤ کو یکسر ترک کر دیں، اس سے کچھ نہیں ہو گا، بس نظر انداز کر دیں۔
  • اپنے دماغ کو آئیڈیاز کے ٹھہرنے کی جگہ نہ بننے دیں، جیسے ہی آپ کو کوئی ملے، اس پر عمل کریں۔
  • ناکامیوں سے گھبرائیں نہیں، یہ بدنما نہیں ہے، پہلی کوشش میں کوئی بھی چاند پر نہیں اترا، اس کے بعد کوشش کرنی پڑتی ہے، لیکن اگر آپ کسی ایسے آئیڈیا پر عمل نہیں کرتے جو آپ کے شاندار ذہن میں آیا ہے، تو آپ انسانیت کے ساتھ بڑا ظلم کر رہے ہیں۔
  • مسابقت میں شامل نہ ہوں، خود سے مقابلہ کریں اور دوسروں سے نہیں، جو آپ کو لگتا ہے وہی کریں۔
  • دوسروں کے کہنے پر نہ چلیں۔ دوسروں کو آپ کا فیصلہ کرنے کی اجازت نہ دیں، میں بھارت کے اس خیال کے بالکل خلاف ہوں کہ باہر کے اداروں کے ذریعے فیصلہ کیا جائے، وہ ہمیں کیلیبریٹ کرتے ہیں۔ وہ ہماری خوراک کی حفاظت پر سوال اٹھاتے ہیں۔ انہیں معلوم نہیں ہے کہ 01 اپریل 2020 سے ہندوستان میں 80 کروڑ لوگوں کو مفت کھانا مل رہا ہے۔ ایسے ملک میں فوڈ سیکورٹی کیسے نہیں ہو سکتی ہے؟

گاؤں کے اندر آج ماحول بدل گیا ہے، ریل کا ٹکٹ، ہوائی جہاز کا ٹکٹ، گیس بکنگ، پاسپورٹ کے لیے اب کسی کو کہنا نہیں پڑتا، یہ سب ہو گیا ہے، تبھی تو فی کس ڈیٹا کی کھپت امریکہ اور چین سے زیادہ ہے۔

اب اچھی بات یہ ہے جو ہمارے زمانے میں نہیں تھی کہ ہماری نشوونما سیزرین تھی؛ دھرتی پھاڑ پر اوپر آنا پڑتا ہے، نسب اور جانشینی چلتی تھی۔ کچھ لوگوں کے بچے ہارورڈ اور آکسفورڈ میں داخلہ لیتے تھے؛ اب حالات بدل گئے ہیں، سبھی کے لیے برابری کا میدان ہے۔ آپ خوش قسمت ہیں جو اس وقت ہندوستان میں رہ رہے ہیں جہاں ایک ماحولیاتی نظام ہے جو آپ کی صلاحیتوں اور استعداد کا بھرپور فائدہ اٹھانے کی اجازت دیتا ہے۔ موقع سے فائدہ اٹھائیں، اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ آپ آگے بڑھیں گے۔

ایک نیا مسئلہ ہے، آج کے وقت کیا کوئی قانون سے اوپر ہے؟ نہیں ہے نا۔ اگر کوئی قانون سے بالاتر ہے یا اسے قانون سے استثنیٰ حاصل ہے تو ہم قانون کے تحت چلنے والا معاشرہ ہونے کا دعویٰ نہیں کر سکتے۔ کچھ لوگوں کا بھرم اب ٹوٹ رہا ہے، اور چکناچور ہو رہا ہے لیکن پھر بھی کچھ باقی ہے، کہ ہمیں قانون کا نوٹس کیوں مل گیا؟ اور لوگ سڑکوں پر آ جاتے ہیں۔ نوجوان ذہنوں کو سوال کرنا چاہیے؛ جب آپ کو نوٹس مل چکا ہے تو آپ قانون کا سہارا کیوں نہیں لیتے؟ سسٹم کے پاس جائیں لیکن لوگ سڑکوں پر آ جاتے ہیں۔ کیوں؟ آج کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔ میں سیاست کا اسٹیک ہولڈر نہیں ہوں لیکن مجھے قانون کی حکمرانی اور سماجی ترقی سے سروکار ہے۔

اگر پبلک پراپرٹی کو کوئی نقصان پہنچاتا ہے، یا جلا دیتا ہے اور ویڈیو آڈیو پر وہ دکھائی دیتا ہے، لیکن اس پر کوئی ایکشن نہیں ہوتا، کیوں؟ نوجوان ذہنوں کو اس پر سوال اٹھانا ہوگا، اور مثبت اور ترقی پر مبنی خیالات کے ساتھ سوشل میڈیا پر غلبہ حاصل کرنا ہوگا۔

مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ آپ نے کئی ایم او یوز کیے ہیں۔ انڈین کونسل آف ورلڈ افیئرز ایک بہت اہم ادارہ ہے جو ہندوستان کے انسانی وسائل کو دنیا سے جوڑتا ہے، میں نائب صدر ہونے کی وجہ سے اس ادارہ کا چیئرمین ہوں۔ میں اعلان کرتا ہوں کہ انڈین کونسل آف ورلڈ افیئرز کا اگلے 30 دنوں میں آپ کے انسٹی ٹیوٹ کے ساتھ ایک ایم او یو (مفاہمت نامہ) ہوگا اور ایک بہت ہی سینئر آئی ایف ایس آفیسر، میڈم ٹھاکر ڈائریکٹر اور طلباء کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے انسٹی ٹیوٹ آئیں گی اور آپ کو وہ راستے بتائیں گی جو آپ کر سکتے ہیں۔ میں معزز ڈائریکٹر سے اپیل کروں گا کہ جب ہم پارلیمنٹ کی نئی عمارت میں داخل ہوں گے تو اس ادارے کا ایک وفد میری طرف سے نئی پارلیمنٹ کو دیکھنے کے لیے آئے گا۔

عزت مآب وزیر اعظم نے آج اپنی تقریر میں کہا کہ ’’پوری دنیا مصنوعی ذہانت سے پرجوش ہے‘‘ اور کہا ’’امریکہ-انڈیا: دونوں برابر ہیں‘‘ اور ان کا مطلب یہی تھا۔ اس ملک کی ترقی تاریخ کے ایک اہم موڑ پر ہے۔ یہ بھارت کی دوبارہ دریافت نہیں ہے، ہم نے اسے دوبارہ دریافت کیا ہے: یہ بھارت کا حصول ہے، اور ہم اسے حاصل کریں گے۔

میری ٹیم یہاں کام کرے گی اور آپ کے تمام سوالات کو لے گی، جن کا جواب میری طرف سے ویڈیو کے ذریعے دیا جائے گا۔ ایک بہت بڑے علاقے اور بعض خدشات کا احاطہ کرنے کے لیے سوالات بہت اچھی طرح سے سوچے گئے ہیں۔ وہ ملک میں ہونے والی کئی چیزوں کی بات کرتے ہیں۔ میں آپ کے تمام شکوک و شبہات کو دور کردوں گا اور اگر کچھ چیزوں پر عمل کرنا ہے تو میں اس کے لیے اپنا حصہ ڈالوں گا۔

میں آپ سب کو آپ کی زندگی میں بہت اچھی اور عظیم کامیابی کی خواہش کرتا ہوں۔

*****

ش ح – ق ت – ت ع

U: 6427



(Release ID: 1934847) Visitor Counter : 171


Read this release in: English , Hindi