ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت

جناب بھوپندر یادو نے مرطوب زمینوں  کے تحفظ کے لیے شراکت داری قائم کرنے اور مکمل سماج کا نقطہ نظر اپنانے کی اپیل کی


مرطوب زمینوں کی بازبحالی اور مربوط انتظام کاری کے لیے منی پور، امپھال  میں علاقائی مشاورتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا

Posted On: 29 APR 2023 7:39PM by PIB Delhi

ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی  کی وزارت نے  منی پور کی راجدھانی امپھال میں 29 سے 30 اپریل 2023 کے دوران شمال مشرقی ریاستوں کے لیے مرطوب زمینوں کی باز بحالی اور مربوط انتظام کاری کے  مقصد سے ایک علاقائی مشاورتی ورکشاپ کا انعقاد کیاہے۔ یہ ورکشاپ مشن سہبھاگیتا کے تحت علاقائی ورکشاپس (اس سے قبل سری نگر، گوا، اور کوچی میں منعقد کی گئی تھیں) کے سلسلے کی چوتھی کڑی ہے۔ سہبھاگیتا مشن کا مقصد مبنی بر شمولیت ’مکمل سماج‘ اور ’مکمل حکومت‘ کے نقطہ نظر کے ساتھ ملک میں قومی اور بین الاقوامی اہمیت کی حامل 75 مرطوب زمینوں کے ایک نیٹ ورک کا تحفظ اور مؤثر انتظام کاری  ہے۔

ورکشاپ کے دوران ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کے مرکزی وزیر جناب بھوپندر یادو نے  سائٹ منیجر حضرات اور اروناچل پردیش، آسام، منی پور، میگھالیہ، میزورم، ناگالینڈ، سکم اور تری پورہ جیسی شمال مشرقی ریاستوں  کی اسٹیٹ  ویٹ لینڈ اتھارٹیز (ایس ڈبلیو اے) سے گفت و شنید کی تاکہ ان کی متعلقہ ریاستوں/ مقامات  پر مرطوب زمینوں کے تحفظ سے متعلق ترجیحات اور چنوتیوں کو سمجھا جا سکے۔ مرکزی وزیر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ مرطوب زمینوں کا ان کے فطری ماحول کے ساتھ دانشمندانہ استعمال اس ایکو نظام کی بقاء کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔ کثیر-شراکت داری کے  نقطہ نظر کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے جناب یادو نے کہا، ’’مرطوب زمینوں کے تحفظ کے لیے مختلف ایجنسیوں کو ایک ساتھ مل کر کام کرنا چاہئے‘‘۔ جناب یادو نے کہا، ’’مرطوب زمینوں کو عوامی اثاثے کے طور پر اکثر نظرانداز کیا جاتا ہے۔ اس ایکونظام کے تحفظ کے لیے مکمل سماج کو مل جل کر کوشش کرنی چاہئے۔‘‘ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہمیں مرطوب زمینوں کا تحفظ کرنا ہے تو ذاتی رویے میں تبدیلی ازحد اہمیت کی حامل ہے۔ مرطوب زمینوں کے تحفظ کے مقصد سے عوام کی حوصلہ افزائی کے لیے مشن لائف اہمیت رکھتا ہے۔

جناب یادو نے کہا کہ مرطوب زمینوں کا تحفظ صرف حکومت کی ہی ذمہ داری نہیں ہے۔ مرطوب زمینیں اہم سماجی اثاثے ہیں، اور حکومت بھارت کے شہریوں کے لیے ان اثاثوں کے امین کے طور پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب تک مکمل سماج مرطوب زمینوں کے تحفظ کے کاموں میں حصہ نہیں لیتا، مرئی تبدیلی حاصل نہیں کی جا سکتی۔

ورکشاپ سے خطاب کرتے وقت ، منی پور کے وزیر اعلیٰ نے اپنی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس ورکشاپ میں تمام شمال مشرقی ریاستوں کی نمائندگی ہوئی ہے ، اور مرطوب ورثے کے تحفظ کے لیے بارآور گفت و شنید کی گئی ہے۔ انہوں نے مونٹریکس ریکارڈ سے لوکٹک کو ہٹانے کی غرض سے فعال اقدامات کی ضرورت کو اجاگر کیا۔

امور صارفین اور عوامی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے وزیر ، حکومت منی پور جناب ایل سوسندرو میتی؛ جنگلات ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی کے وزیر، حکومت منی پور ، جنا ب بسواجیت سنگھ؛ لوکٹک ترقیاتی اتھارٹی کے چیئرمین جناب ایم اسنی کمار سنگھ؛ جنگلات، ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی کے محکمے، حکومت منی پو ر  کے ایڈیشنل چیف سکریٹری، جناب ایم ایچ خان؛ پی سی سی ایف اور ایچ او ایف ایف، حکومت منی پور  ڈاکٹر اے کے جوشی اس ورکشا پ کے دوران موجود تھے۔  ڈاکٹر سجیت کمار باجپئی، جوئنٹ سکریٹری، ایم او ای ایف سی سی  نے پورے ایک دن جاری رہنے والے تبادلہ خیالات کا اہتمام کیا، اور مرطوب زمینوں کے پروگرام کی مؤثر انتظام کاری کے لیے ریاستوں کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی۔

مرکزی وزیر  نے ’بھارتی مرطوب زمینوں کی ثقافتی اہمیت‘  کے موضوع پر پبلی کیشن بھی جاری کیا۔ یہ پبلی کیشن مرطوب زمینوں کی ثقافتی قدر قیمت کو اجاگر کرتا ہے اور روایتی علم، مقامی عقیدے، تیوہاروں، سماجی طور طریقوں اور مرطوب زمینوں سے متعلق لوک کہانیوں کی مثالیں پیش کرتا ہے۔

ورک شاپ کے پہلے حصے میں، ریاستوں نے اپنی اپنی ریاستوں  میں مرطوب زمینوں کے تحفظ کا جائزہ ، کامیابیاں اور چنوتیاں پیش کیں۔ پرزنٹیشن کے توسط سے مرطوب علاقوں کی خاکہ نگاری، ایجاد، مختصر دستاویزات کی تیاری، انتظامی منصوبہ بندی، اور مواصلات اور رسائی کے اقدامات کو اجاگر کیا گیا۔

سناتن دھرم کالج، کیرالہ سے مسٹر انوپ کمار وی نے پسماندہ طبقات کو افرادی قوت کے طور پر ملازمت دے کر سنبل آبی کا استعمال کرتے ہوئے ماحول دوست اضافی قدرو قیمت کی حامل مصنوعات تیار کرنے کے بارے میں ایک تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ دوسرے نصف حصے میں تین مکمل مباحثے ہوئے۔ پہلی بحث امرت دھروہر اور مشن لائف ای میں انضمام پر مرکوز تھی۔ مرطوب زمینوں کے تحفظ کی مہم کو فعال بنانے پر دوسری بحث مرطوب زمینوں کے تحفظ سے متعلق مہم کے کلیدی مقاصد اور اہداف پر مرکوز تھی۔ مربوط مینجمنٹ پلاننگ پر تیسرا مباحثہ مربوط انتظام کاری منصوبوں کی تیاری اور نفاذ میں چنوتیوں پر مرکوز تھا۔ 30 اپریل 2023 کو ورکشاپ کے دوسرے دن، جناب یادو ورکشاپ کے شرکاء کے ساتھ لوکٹک جھیل کا دورہ کریں گے۔

**********

 (ش ح –ا ب ن۔ م ف)

U.No:4654



(Release ID: 1920823) Visitor Counter : 111


Read this release in: English , Hindi , Manipuri