وزارتِ تعلیم

صدر جمہوریہ ہند کی جواہر لال نہرو یونیورسٹی  کے چھٹے جلسۂ تقسیم اسناد میں بہ نفس نفیس شرکت

Posted On: 10 MAR 2023 7:24PM by PIB Delhi

 

صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج (10 مارچ ؍2023)نئی دہلی میں جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے چھٹے جلسۂ تقسیم اسناد میں شر کت  کر کے اسے وقار بخشا۔

 

اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان بھر سے آئے طلبہ جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ یہ یونیورسٹی کثرت میں وحدت کے مظہر ہماری ثقافتی یگانگت  اور رنگا رنگی کی زندہ و جاوید نظیر ہے۔ ہندوستان سے باہر کے بہت سے ملکوں سے بھی طلبہ یہاں تعلیم حاصل کرنے آتے ہیں اور اس طرح  علم کے مرکز کی حیثیت سے جے این یو کی کشش ہندوستان سے باہر بھی پھیلی ہوئی ہے۔

 

صدر جمہوریہ نے کہا کہ جے این یو اپنی ترقی پسندانہ  سوچ کے لئے مشہور ہے اور اس نے سماجی بیداری، شمولیت اور خواتین کو با اختیار بنانے کی جانب زبردست کام کئے ہیں۔

 

صدر جمہوریہ نے کہا کہ جے این  یو کے طلبہ اور اساتذہ نے مختلف  شعبوں مثلاً تعلیم اور تحقیق، سیاست، سول سروس، ڈپلومیسی، سوشل ورک، سائنس  وٹیکنالوجی، میڈیا،ادب اور ثقافت  میں قابل ذکر خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ جے این یو 2017 سے لگاتار ہر سال‘‘ نیشنل انسٹی ٹیوشنل رینکنگ فریم ورک’’ کے تحت ملک میں دوسرے نمبر پر رہا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image0016JB7.jpg

صدر جمہوریہ نے کہا کہ جے این یو کا ویژن، مشن اور مقاصد اس کے اساسی قانون میں پنہاں ہیں۔یہ بنیادی نظریات قومی یکجہتی، سماجی انصاف، سکیولرزم، جمہوری طرز زندگی ، بین الاقوامی مفاہمت اور معاشرے کے مسائل کے ازالے کے لئے سائنسی سوچ کا احاطہ  کرتے ہیں۔  انہوں نے یونیورسٹی برادری پر زور دیا کہ وہ اپنے ان بنیادی اصولوں کی پاسداری کریں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image002WWUK.jpg

صدر جمہوریہ نے کہا کہ کردارسازی بھی تعلیم کے خاص مقاصد میں سے ایک ہے۔ کردارسازی کے مواقع کو وقتی معاملات میں ضائع نہیں کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ  نوجوان طلبہ میں فطری طور پر تجسس، سوالات کرنے اور منطق استعمال کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔ اس رجحان کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے۔ نوجوان نسل جب غیر سائنسی فرسودہ خیالات کی مخالفت کرتی ہے، تو اس کی بھی حوصلہ افزائی ہونی چاہئے۔ خیالات و نظریات کی قبولیت یا تردیدہمیشہ بحث و مباحثہ اور بات چیت پر مبنی ہونے چاہئیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image00394R6.jpg

صدر جمہوریہ نے اعتماد ظاہر کیا کہ جے این یو جیسی یونیورسٹیاں ہمیشہ ہماری جدوجہد آزادی کے نظریات کی پاسداری کریں گی، آئین کے اقدار کو سربلند رکھیں گی اور قوم کی تعمیر میں ہاتھ بٹائیں گی۔

 

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے جناب پردھان نے کہا کہ ہندوستان نہ صرف دنیا کی سب سے قدیم جمہوریت ہے، بلکہ یہ جمہوریت کی ماں ہے اور جے این یو اس جمہوریت کی فعال تجربہ گاہ ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ جے این یو دیگر کسی بھی یونیورسٹی کی طرح  تنوع، مساوات، معیار، مناسب فیس اور ثقافتی رنگا رنگی کا مظہر ہے۔ ہندوستان ایک قدیم تہذیب والا ملک ہے اور علم ہمارا سرمایہ ہے۔ جے این یو ہماری علم پر مبنی تہذیب کو آگے لے جانے کا کام کر رہا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image004XDAL.jpg

 انہوں نے آج ڈگری پانے والے طلبہ کے لئے تمنا ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں کامیاب ہوں گے ۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کی کہ جے این یو کے طلبہ ملک ، معاشرے اور انسانیت کی توقعات کو پورا کرنے کا ایک نیا معیار وضع کریں گے۔

***

ش ح۔ ع س۔ ک ا

 



(Release ID: 1905850) Visitor Counter : 93


Read this release in: English , Hindi