جل شکتی وزارت

‏ صدر جمہوریہ ہند نے سوچھ سجل شکتی سمان 2023 کے ایوارڈ تقسیم  کیے‏


‏بھارت کی صدر نے ’’جل شکتی ابھیان: کیچ دی رین  2023 ‘‘ کا افتتاح کیا جس کا موضوع  ’’پینے کے پانی کے منبع کی پائیداری‘‘ہے

Posted On: 04 MAR 2023 5:05PM by PIB Delhi

صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے، ‏‏دیہی پانی اور صفائی ستھرائی کے شعبے کی خواتین چیمپئن کو اعزاز دینے کے لیے وزارت جل شکتی کےتحت ‏‏ منعقدہ ’’سوچھ سجل شکتی سمان 2023‘‘میں شرکت کی۔ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر منعقد ہونے والی اس تقریب کا مقصد ‏‏سوچھ بھارت مشن – گرامین (ایس بی ایم-جی)، جل جیون مشن (جے جے ایم)، جل شکتی ابھیان: کیچ دی رین (جے ایس اے-سی ٹی آر) ‏‏ کے نفاذ میں نچلی سطح پر خواتین کے ذریعہ کیے جانے والے غیر معمولی اور مثالی کام کو خراج تحسین پیش کرنا تھا۔ 36 خواتین واش چیمپیئنز کو ‏‏ صدر جمہوریہ ہند اور ‏‏مرکزی وزیر جل شکتی ‏‏ نے ‏’سوچھ سجل شکتی سمان 2023‘‏‏ سے نوازا۔ ‏‏اس تقریب میں جل شکتی ابھیان – کیچ دی رین 2023 کا افتتاح اور جل شکتی کے ‏‏وزیر جناب گجیندر سنگھ شیخاوت کے ذریعے ذریعہ پائیداری کے بارے میں نیشنل واٹر مشن (این ڈبلیو ایم) کے ایس او پیز کا اجراء بھی کیا گیا۔ مرکزی وزیر نے صدر جمہوریہ کو ’سوچھ سجل شکتی کی ابھیویکتی‘کی پہلی کاپی بھی پیش کی جو ایس بی ایم (جی)، جے جے ایم اور این ڈبلیو ایم کی کیس اسٹوریوں کا مجموعہ ہے۔ وزیر مملکت برائے مواصلات جناب دیو سنگھ جیسنگ بھائی چوہان نے این ڈبلیو ایم کے لیے کسٹمائزڈ ’مائی اسٹیمپ‘کا اجراء کیا اور اس کی پہلی کاپی صدر جمہوریہ کو بھی پیش کی۔‏

‏اپنے خطاب میں صدر جمہوریہ نے کہا کہ وزارت جل شکتی کے تمام تین مشنوں میں خواتین سب سے آگے ہیں،’’ہم سیلف ہیلپ گروپس اور کمیونٹی پر مبنی تنظیموں میں خواتین کی کوششوں کا اعتراف کرتے ہیں جنھوں نے پانی کے تحفظ، پانی کے انتظام اور صفائی ستھرائی کی اہمیت کے بارے میں بیداری پھیلانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کی سخت محنت اور عزم نے سوچھ بھارت مشن، جل جیون مشن اور جل شکتی ابھیان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ صدر جمہوریہ نے مزید کہا کہ ایس بی ایم (جی) اور جے جے ایم پروگراموں میں خواتین کی قیادت نے 11 کروڑ سے زیادہ دیہی کنبوں کو پائپ کے ذریعے پانی کی فراہمی کی ہے اور 2 لاکھ سے زیادہ او ڈی ایف پلس گاؤوں کو حاصل کیا ہے۔ اہم مشنوں کے مجموعی فوائد کو اجاگر کرتے ہوئے محترمہ مرمو نے کہا، ’’نوبل انعام یافتہ مائیکل کریمر نے اپنی تحقیق میں بتایا ہے کہ دیہی بھارت میں ہر سال پانچ سال سے کم عمر کے 2.1 لاکھ بچوں کی زندگیاں بچائی جا سکتی ہیں۔‘‘ ‏

‏خواتین چیمپیئنز کی ستائش کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم سب نے دیکھا ہے کہ کس طرح بہار کی ببیتا گپتا کو پلاسٹک کے فضلے کو آرائشی مصنوعات میں تبدیل کرنے کے لیے ، اوڈیشہ کی سلیلا جینا کو ٹھوس اور مائع فضلہ کے انتظام کے لیے، جھارکھنڈ کی منی دیوی کو گھروں میں نل کا پانی فراہم کرنے کے لیے، اور نیلم سنگھ کو کمیونٹی تعاون کے ذریعہ گاؤں کو او ڈی ایف پلس بنانے میں اہم کردار ادا کرنے کے لیے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ خواتین میرے اس یقین کو مضبوط بناتی ہیں کہ ان کی لگن اور سخت محنت سے بھارت پانی کے انتظام اور صفائی ستھرائی میں دنیا کے سامنے ایک مثال پیش کرے گا۔ اپنے اختتامی کلمات میں صدر جمہوریہ نے کہا کہ میں یہاں موجود تمام ایوارڈ یافتہ افراد سے کہنا چاہتی ہوں کہ جب آپ اپنے گاؤوں میں واپس جائیں تو لوگوں کو ملک بھر میں صفائی ستھرائی اور آبی تحفظ کے شعبے میں کیے جانے والے کاموں کے بارے میں بتائیں اور انھیں ماحول دوست طریقوں پر عمل کرنے کی ترغیب دیں۔ مجھے یقین ہے کہ آج کا ایوارڈ آپ کو مزید لگن کے ساتھ کام کرنے کی ترغیب دے گا اور آپ کو دیکھ کر دوسرے لوگ بھی سیکھیں گے اور صفائی، پانی اور ماحولیاتی تحفظ میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔ ‏

‏ڈی ڈی ڈبلیو ایس مرکزی حکومت کے دو فلیگ شپ پروگراموں یعنی سوچھ بھارت مشن گرامین (ایس بی ایم-جی) اور جل جیون مشن (جے جے ایم) کو نافذ کر رہا ہے۔ ایس بی ایم-جی  2‏اکتوبر 2014 کو شروع کیا گیا تھا،  جس کا مقصد کھلے میں رفع حاجت کی روک تھام کرنا تھا۔ 2 اکتوبر 2019 کو ملک کے تمام گاؤوں نے خود کو کھلے میں رفع حاجت سے پاک (او ڈی ایف) قرار دیاگیا۔ اس کے بعد ایس بی ایم-جی 2.0 کا آغاز کیا گیا تاکہ دیہاتوں کی او ڈی ایف حیثیت کو برقرار رکھا جاسکے اور ٹھوس اور مائع فضلہ مینجمنٹ کے ذریعے دیہی علاقوں میں صفائی ستھرائی کی سطح کو بہتر بنایا جاسکے اور اس طرح دیہاتوں کو او ڈی ایف پلس بنایا جاسکے۔ اب تک ملک کے دو لاکھ سے زیادہ گاؤوں کو او ڈی ایف پلس قرار دیا جا چکا ہے۔15 ‏‏ اگست 2019 کو وزیر اعظم نے جل جیون مشن کا آغاز کیا تھا۔ لانچ کے وقت صرف 3.23 کروڑ دیہی کنبوں کو نل کے پانی کے کنکشن تک رسائی حاصل تھی، ریاست اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے اشتراک سے مشن کے ذریعہ زمین پر کی گئی انتھک کوششوں کے ساتھ، آج 11 کروڑ سے زیادہ دیہی کنبوں کو نل کے ذریعہ پینے کا پانی مل رہا ہے۔‏

‏پانی کو ہر ایک کا سروکار بنانے کے لیے، جل شکتی ابھیان (جے ایس اے) کو 2019 میں شروع کیا گیا تھا، جو ایک قومی کال ٹو ایکشن تھا، جس میں لاکھوں لوگوں کو پانی کے تحفظ اور ری چارج کی کوششوں میں شامل کیا گیا تھا۔ اس مہم کے نتیجے میں عوام کی شرکت اور برادریوں کی فعال شمولیت کے ساتھ پانی سے متعلق 6 لاکھ سے زیادہ ڈھانچوں کی تعمیر اور بحالی ہوئی۔ جے ایس اے 2019 کے بعد  ’’کیچ دی رین‘‘مہم کا آغاز کیا گیا جس میں پانی کے تحفظ اور بارش کے پانی کو جمع کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ کوویڈ کے دوران بھی اس مہم سے ملنے والے زبردست رسپانس نے وزارت کی اس بات کی حوصلہ افزائی کی کہ اسے سالانہ تقریب بنایا جائے، جو براست کے موسم سے پہلے شروع ہو اور اگلے چھ ماہ تک جاری رہے۔ لہٰذا جل شکتی ابھیان: کیچ دی رین مہم شروع کی گئی جس میں 2020 اور 2021 میں پورے ملک میں اس کے نفاذ کو توسیع دی گئی۔  یہ مہمات پانی کے تحفظ اور پانی کے انتظام پر کام کرنے والے تمام اسٹیک ہولڈروں کو یکجا کرنے اور ہم آہنگی پیدا کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔ اس کامیابی سے حوصلہ پاکر صدر جمہوریہ ہند نے  اس سلسلے کی چوتھی کڑی ’’جل شکتی ابھیان: کیچ دی رین 2023‘‘کا افتتاح کیا جس کا موضوع ’’پینے کے پانی کے منبع کی پائیداری‘‘ ہے۔‏‏ جے ایس اے: سی ٹی آر -2023 کی توجہ مرکوز مداخلت میں ان سرگرمیوں کو مستحکم کرنا شامل ہے : (1) پانی کا تحفظ اور بارش کے پانی کو جمع کرنا؛ (2) تمام آبی ذخائر کی گنتی، جیو ٹیگنگ اور انوینٹری بنانا؛ اس کی بنیاد پر پانی کے تحفظ کے لیے سائنسی منصوبوں کی تیاری (3) تمام اضلاع میں جل شکتی کیندروں کا قیام (4) وسیع پیمانے پر شجرکاری اور (5) بیداری پیدا کرنا۔‏

 

  1. ‏جل شکتی کی وزارت نے خواتین کا عالمی دن  2023 منایا۔‏
  2. ‏صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے اس تقریب میں شرکت کی اور ’سووچھ سجل شکتی سمان‘ایوارڈ یافتگان  کو مبارکباد پیش کی۔‏
  3. ‏ملک بھر میں 36 خواتین واش چیمپیئنز کو سوچھ سجل شکتی سمان 2023 کا ایوارڈ دیا گیا۔ ‏
  4. ‏ جل شکتی کے مرکزی وزیر جناب گجیندر سنگھ شیخاوت نے ’سوچھ سجل شکتی کی ابھیویکتی‘کی پہلی کاپی صدر جمہوریہ کو پیش کی‏۔
  5. ‏ صدر جمہوریہ نے وزیر مملکت برائے مواصلات جناب دیو سنگھ جیسنگ بھائی چوہان کے ذریعہ کسٹمائزڈ’’مائی اسٹیمپ‘ قومی آبی مشنوں کو بھی پیش کیا۔‏
  6. ‏ مرکزی وزیر جل شکتی جناب گجیندر سنگھ شیخاوت نے جل شکتی ابھیان : کیچ دی رین2023  کا افتتاح کیا۔‏

‏مرکزی وزیر جل شکتی جناب گجیندر سنگھ شیخاوت نے اس عظیم مجمع سے خطاب کرتے ہوئے ایوارڈ حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دی اور ملک میں پانی اور صفائی ستھرائی کی کوششوں کا حصہ بننے والی ہر خاتون کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے پانی ذخیرہ کرنے کے منتر سے متاثر ہوکر 2019 میں جل شکتی ابھیان کا آغاز کیا گیا تھا اور مجھے آپ کو یہ بتاتے ہوئے فخر محسوس ہورہا ہے کہ اب تک شہری اور دیہی علاقوں میں 46 لاکھ سے زیادہ پانی کے تحفظ اور پانی کو جمع کرنے کے کام کیے گئے ہیں۔ 36 کروڑ سے زیادہ پودے لگائے گئے ہیں۔ 43 ہزار سے زائد تربیتی مہمات اور زرعی میلوں کا انعقاد کیا گیا ہے۔ 374 جل شکتی مرکز قائم کیے گئے ہیں۔ یہ سب ہماری خواتین کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں تھا۔ انھوں نے مزید کہا کہ نئے بھارت کی تعمیر میں ہماری بہنوں نے جو کام کیا ہے وہ انمول ہے۔ خاص طور پر دیہی علاقوں میں خواتین نے پانی اور صفائی ستھرائی کے شعبے میں بہترین مثالیں قائم کی ہیں۔ ہم جانتے اور سمجھتے ہیں کہ ایک عورت کو بااختیار بنانا ایک خاندان اور پورے معاشرے اور ملک کی تبدیلی کی راہ ہموار کرتا ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ اس موقع پر میں ملک کی کروڑوں خواتین کے مسائل  کو سمجھنے اور سوچھ بھارت مشن اور جل جیون مشن جیسی تاریخ ساز مہم شروع کرنے اور دنیا کے سامنے خواتین کو بااختیار بنانے کی ایک انوکھی مثال پیش کرنے کی ترغیب دینے کے لیے اپنے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ اسی سے آج ہمیں دو لاکھ سے زیادہ گاؤوں کو او ڈی ایف پلس قرار دینے میں مدد ملی ہےاور 11.30کروڑ سے زیادہ دیہی کنبوں کو پینے کا صاف پانی مل رہا ہے۔ ‏

‏جل شکتی اور آدیواسی امور کے وزیر مملکت جناب بشیشور ٹوڈو نے اپنی تقریر میں خواتین چیمپیئنزکی ستائش کی اور بتایا کہ کس طرح خواتین تمام سرکاری پروگراموں میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ انھوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ جل شکتی ابھیان: کیچ دی رین نے پانی کے تحفظ کی اہمیت کے بارے میں عوام میں بے پناہ بیداری پیدا کی ہے اور پانی کے تحفظ اور ریچارج کے لیے ایک عوامی تحریک میں تمام اسٹیک ہولڈروں کو یکجا کیا ہے۔‏

‏جل شکتی اور فوڈ پروسیسنگ انڈسٹریز کے وزیر مملکت جناب پرہلاد سنگھ پٹیل نے اپنی تقریر میں سبھی پر زور دیا کہ وہ ’’سوچھتا‘‘کو اپنی زندگی کا عزم اور مقصد بنائیں اور اس تقریب میں شرکت کرنے والی خواتین واش ہیروز سے سبق لیں۔ وزیر مملکت نے دیہی علاقوں میں گرے واٹر مینجمنٹ کی اہمیت پر بھی زور دیا۔‏

‏صدر جمہوریہ ہند اور مرکزی وزیر جل شکتی نے مندرجہ ذیل زمروں کے تحت ایس بی ایم-جی، جے جے ایم اور این ڈبلیو ایم کے تحت کل 36 ایوارڈ دیے:‏

  1. ‏سوچھ بھارت مشن - گرامین (ایس بی ایم - جی)‏
    1. ‏گاؤں کو او ڈی ایف پلس ماڈل بنانا‏
    2. ‏گوبردھن / بائیو ڈی گریڈایبل فضلہ اور / یا پلاسٹک ویسٹ مینجمنٹ‏
    3. ‏گرے واٹر مینجمنٹ اور / یا فیکل سلج مینجمنٹ‏
  2. ‏جل جیون مشن (جے جے ایم)‏
    1. ‏پائپ کے ذریعے پانی کی فراہمی کے او اینڈ ایم زمرے میں تبدیلی لانے والی خواتین‏
  3. ‏نیشنل واٹر مشن (این ڈبلیو ایم)‏
    1. ‏جل شکتی ابھیان – کیچ دی رین
    2. ‏واٹر واریئر

‏انعام یافتگان کی فہرست دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں ‏

‏پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کے محکمہ کی سکریٹری محترمہ ونی مہاجن نے معززین کا خیرمقدم کیا اور تقریب میں موجود خواتین واش چیمپیئنز کو مبارکباد پیش کی۔ محترمہ مہاجن نے کہا کہ 2 لاکھ سے زیادہ او ڈی ایف پلس گاؤوں کا حصول اور 11 کروڑ سے زیادہ دیہی گھرانوں کو پائپ کے ذریعے پانی کی فراہمی صرف خواتین کی قیادت اور عزم سے ہی ممکن ہوئی ہے۔ محترمہ مہاجن نے اس بات کو اجاگر کری کہ رانی مستری ہو، جیویکا دیدی ہو، سوچھ اگرہی ہو، آشا دیدی ہو، آنگن واڑی دیدی ہو، جل ساہیہ ہو، کشوری سمیتی دیدی ہو اور دیگر کردار ہوں، یہ وہ خواتین ہیں جنھوں نے اپنی قیادت اور لگن سے ملک کی تمام ترقیاتی اسکیموں اور پروگراموں کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ‏

‏اس موقع پر وزیر مملکت برائے مواصلات جناب دیو سنگھ جیسنگ بھائی چوہان اور بہار حکومت کے دیہی ترقی اور پارلیمانی امور کے وزیر جناب شرون کمار بھی موجود تھے۔ اس تقریب میں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے معززین یعنی وزراء، مرکزی/ ریاستی/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے سرکاری عہدیداروں، گراس روٹ واش ورکرس، سیکٹر پارٹنرز، ڈیولپمنٹ پارٹنرز، رورل واش پارٹنر فورم (آر ڈبلیو پی ایف)، کلیدی ریسورس سینٹرز (کے آر سی)، سول سوسائٹی تنظیموں اور واش سیکٹر کی خواتین نمائندوں وغیرہ نے شرکت کی۔‏

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/SUB_7848CUXW.JPG

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/55WH5.jpg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/SUB_7859S5CR.JPG

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/SUB_78621MGQ.JPG

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/SUB_7884P74Q.JPG

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/SUB_7950OWMI.JPG

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/SUB_7899HHFX.JPG

****

(ش ح – ع ا – ع ر)

U. No. 2319



(Release ID: 1904242) Visitor Counter : 159


Read this release in: English , Hindi