صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ

صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے 17ویں پرواسی بھارتیہ دیوس کنونشن کے موقع پر کوآپریٹو ریپبلک آف گیانا کے صدر سے ملاقات کی

Posted On: 10 JAN 2023 6:59PM by PIB Delhi

صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج (10 جنوری 2023) اندور، مدھیہ پردیش میں کوآپریٹو ریپبلک آف گیانا کے صدر محترم ڈاکٹر محمد عرفان علی سے 17ویں پرواسی بھارتیہ دیوس کنونشن کے موقع پر ملاقات کی۔

صدر عرفان علی کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا کہ ہمیں 17ویں پرواسی بھارتیہ دیوس کنونشن کے مہمان خصوصی کے طور پر ان کی آمد پر بیحد خوشی ہے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ اگرچہ ہندوستان اور گیانا جغرافیائی طور پر ایک بڑے فاصلے پر واقع ہیں، تاہم دونوں ممالک میں بہت سی چیزیں مشترک ہیں جن میں نوآبادیاتی ماضی اور کثیر ثقافتی معاشرے شامل ہیں۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ بڑی تعداد میں بھارت نژاد افراد ہندوستان اور گیانا کے درمیان دوستی کی ایک پائیدار کڑی کے طور پر کام کرتے ہیں۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات مضبوط ہوئے ہیں۔ ہندوستان اور گیانا کے درمیان تجارت بھی ترقی کی طرف گامزن ہے۔ گیانا میں تیل اور گیس کی حالیہ اہم دریافتوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس شعبہ میں گیانا اور ہندوستان کے درمیان تعاون اور اشتراک کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ ہندوستان کے پاس تیل اور گیس کے مکمل ویلیو چین میں مطلوبہ تجربہ اور مہارت ہے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان گیانا کے ساتھ اپنی ترقیاتی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے اور ہندوستان کو اپنی صلاحیت سازی اور تربیتی تعاون کو مزید گہرا کرنے میں بھی خوشی ہوگی۔

صدر جمہوریہ نے مختلف بین الاقوامی اداروں میں ہندوستان کی امیدواری اور عالمی مسائل پر ہندوستان کی ترجیحات کے لئے گیانا کی حکومت کی مسلسل حمایت کے لئے اس کی تعریف کی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ش ح۔ م ع۔ع ن

 (U: 309)



(Release ID: 1890111) Visitor Counter : 124


Read this release in: English , Tamil