امور داخلہ کی وزارت
مرکزی وزیر داخلہ جناب امت شاہ نے، آج نئی دہلی میں مہاراشٹر اور کرناٹک کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ دونوں ریاستوں کے درمیان سرحدی تنازعہ پر میٹنگ کی
دونوں وزرائے اعلیٰ نے مثبت انداز اپنایا اور ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ جمہوریت میں تنازعات کو آئینی طریقوں سے ہی بہتر طور سے حل کیا جا سکتا ہے
سپریم کورٹ کے حتمی فیصلے تک دونوں ریاستیں ایک دوسرے کی زمین پر دعویٰ نہیں کریں گی۔ دونوں ریاستوں کے تین تین وزراء اس معاملے پر تفصیل سے بات کریں گے
دونوں ریاستوں نے ایک سینئر آئی پی ایس افسر کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنانے پر اتفاق کیا ہے، تاکہ دونوں ریاستوں میں امن و امان برقرار رکھا جا سکے اور اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ خطہ میں رہنے والے دیگر ریاستوں کے لوگوں، مسافروں یا تاجروں کو کسی قسم کی کوئی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے
اس پورے معاملے میں سرکردہ لیڈروں کے نام پر فرضی ٹوئٹس نے بھی دونوں ریاستوں میں جذبات کو بھڑکا دیا ہے۔ ایسے فرضی ٹوئٹس کے معاملے میں ایف آئی آر درج کی جائے گی اور مجرموں کو عوام کے سامنے لایا جائے گا
Posted On:
14 DEC 2022 9:54PM by PIB Delhi
مرکزی وزیر داخلہ جناب امت شاہ نے آج نئی دہلی میں دونوں ریاستوں کے درمیان سرحدی تنازعہ پر مہاراشٹرا اور کرناٹک کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ میٹنگ کی۔ میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے، مرکزی وزیر داخلہ جناب امت شاہ نے کہا کہ دونوں ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ نے میٹنگ میں مثبت انداز اپنایا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ جمہوریت میں تنازعات کو آئینی طریقوں سے ہی بہتر طورسے حل کیا جا سکتا ہے۔
جناب امت شاہ نے کہا کہ میٹنگ میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے تک کوئی بھی ریاست ایک دوسرے کی اراضی پر دعویٰ نہیں کرے گی اور دونوں ریاستوں کے تین- تین وزراء ملاقات کریں گے اور اس مسئلہ پر تفصیل سے بات کریں گے۔ جناب شاہ نے کہا کہ دونوں ریاستوں نے ایک سینئر آئی پی ایس افسر کی صدارت میں ایک کمیٹی بنانے پر اتفاق کیا ہے، تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ دونوں ریاستوں میں امن و امان برقرار رہے اور خطے میں رہنے والے دیگر ریاستوں کے لوگوں، مسافروں یا تاجروں کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ اس پورے معاملے میں اعلیٰ لیڈروں کے نام پر فرضی ٹویٹس نے دونوں ریاستوں میں لوگوں کے جذبات کو بھڑکانے کا کام بھی کیا ہے، اسی لیے میٹنگ میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ایسے فرضی ٹویٹس کے معاملے میں ایف آئی آر درج کی جائے گی اور مجرموں کو عوام کے سامنے لایا جائے گا۔ مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ دونوں ریاستوں کی اپوزیشن جماعتوں کے قائدین عوام کے مفاد میں اس معاملے کو سیاسی رنگ نہیں دیں گے۔
********** ***
(ش ح ۔ا ک ق ر)
13833U.No. :
(Release ID: 1883634)
Visitor Counter : 133