وزارت دفاع
بحریہ کے سربراہ ایڈمیرل آر ہری کمار کا ناگالینڈ کا دورہ
Posted On:
08 DEC 2022 12:56PM by PIB Delhi
بحریہ کے سربراہ ایڈمیرل آر ہری کمار نے 07 دسمبر 22 کو ناگالینڈ کا دورہ کیا۔یہ دورہ ہندوستانی بحریہ کی جانب سے شمال مشرق میں رسائی کے ایک حصے کے طور پر جاری سرگرمیوں کے موقع پر کیا گیا ہے۔ دورے میں بحریہ کے سربراہ نے ناگالینڈ کے وزیر اعلیٰ جناب نیفیو ریو سے ملاقات کی اور ناگا ہیریٹیج ولیج کساما میں جو کوہیما سے 121 کلومیٹرکے فاصلے پر ہے، ہارن بل میلے میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور بحریہ کے سابق فوجیوں سے بات چیت کی۔بحریہ کے سربراہ نے ہارن بل میلے میں 3500 کلومیٹر کی مہم سر کرنے والے انڈین نیوی موٹر سائیکل مہم کا استقبال بھی کیا۔ناگالینڈ کے دورے کے دوران بحریہ کے سربراہ نے میجر جنرل وکاس لاکھیرا آئی جی اے آر نارتھ سے ملاقات کی اور ہیڈکوارٹر آئی جی اے آر نارتھ میں اہلکاروں سے بات چیت کی۔
ہارن بل میلے میں ہندوستانی بحریہ کی پہلی شرکت
نارتھ ایسٹ میں ہندوستانی بحریہ کے آؤٹ ریچ پروگرام کے ایک حصے کے طور پر ہارن بل میلے میں ایک بڑا اسٹال لگایا گیا ہے۔اسٹال کا فوکس ہندوستانی بحریہ، قومی سلامتی میں اس کی شراکت اور افسروں اور ملاح کے طور پر ملازمت کے مختلف مواقع کے بارے میں مقامی نوجوانوں کو معلومات فراہم کرنا ہے۔
میلے کے پہلے پانچ دنوں میں، اسٹال کو 4500 سے زائد لوگوں نے دیکھا۔ ریاستی حکومت، چیف سکریٹری، کمشنر صنعت و تجارت اور ریاستی حکومت کے کئی افسران نے بھی اسٹال دیکھا۔ اسٹال کے ایک حصے کو آڈیو ویژول روم میں تبدیل کر دیا گیا جہاں ہندوستانی بحریہ کو اجاگر کرنے والی فلمیں دکھائی جا رہی ہیں۔ ورچوئل رئیلٹی ہیڈسیٹ بھی دستیاب ہیں جو ناظرین کو متحرک زندگی جیسا تجربہ فراہم کرتے ہیں اور جہاز (آئی این ایس کولکتہ) اور طیارہ بردار بحری جہاز (آئی این ایس وکرمادتیہ) پر سوار ہونے کا 3600 نظارہ فراہم کرتے ہیں۔ یہ سیٹ لوگوں کو بے انتہا پسند آئے۔ ہندستانی بحریہ کے وفد نے 02 دسمبر کو ناگالینڈ اسٹارٹ اپس اور ناگالینڈ انڈسٹری اینڈ کامرس کے سرکاری عہدیداروں کے ساتھ بات چیت کی۔
مصنوعی ذہانت اور سائبر سیکیورٹی کے جدید حل پنڈال میں نمائش کردہ کچھ دلچسپ مصنوعات ہیں۔ اس کے علاوہ، صنعت/اسٹارٹ اپس کے ساتھ بات چیت کے لئے ایک انڈیجنائزیشن ڈیسک کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ میلے میں پرفارم کرنے والے ہندوستانی بحریہ کے بینڈ کی بھی کافی پذیرائی ہوئی۔
ہندوستانی بحریہ کے افسران کا اسکولوں کا دورہ اور سابق فوجیوں کے ساتھ بات چیت
دیما پور اور کوہیما میں ریاستی محکمہ تعلیم کے اشتراک سے تقریباً 1300 اسکولی بچوں کے لئے ’ہندوستانی بحریہ میں کیریئر‘ پر تحریکی لیکچرز کا اہتمام کیا گیا۔ جن اسکولوں کا دورہ کیا گیا ان میں جی ایچ ایس ایس دیما پور، جی ایچ ایس ایس پرانا بازار اور دیما پور میںپرنب ودیا پیٹھ ایچ ایس ایس اور کوہیما میں روجھوکھری جی ایچ ایس ایس اور تھینوچا میموریل جی ایچ ایس ایس شامل تھے۔ سابق فوجیوں کے ساتھ بھی 15 اور 16 نومبر 22 کو کوہیما میں ملاقاتیں کی گئیں۔
ہندوستانی بحریہ کا میڈیکل کیمپ
ہندوستانی بحریہ نے 29 اور 30 نومبر 2022 کو دیما پور سے 35 کلومیٹر دور ناگالینڈ کے ایک دور دراز واقع ضلع نیولینڈ میں ایک کثیر خصوصی طبی اور فلاحی کیمپ کا انعقاد کیا۔ سرجن رئیر ایڈمیرل رویندراجیت سنگھ، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل میڈیکل سروسز (بحریہ) اور محترمہ سارہ ایس جامِر، نیولینڈ کی ضلعی کمشنر نے کیمپ کا افتتاح کیا۔ ملٹی اسپیشلٹی کیمپ میں 700 سے زائد رہائشیوں کو میڈیکل اسپیشلسٹ، گائناکالوجسٹ، پیڈیاٹریشن، ای این ٹی اسپیشلسٹ، آپتھلمولوجسٹ، ریڈیولوجسٹ، کمیونٹی میڈیسن اور ڈینٹل اسپیشلسٹ نے مشورے دئیے۔ ماہرین کی طرف سے تجویز کردہ ادویات مریضوں میں مفت تقسیم کی گئیں۔
ہندوستانی بحریہ کی موٹر سائیکل مہم
ہندوستانی بحریہ کی موٹر سائیکل مہم کو 25 نومبر 22 کو گوہاٹی سے بحریہ کے سربراہ نے عملی طور پر جھنڈی دکھا کر روانہ کیا تھا۔ اسی روز لچیت دیوس بھی تھا۔ آہوم کنگڈم کے مشہور کمانڈر انچیف (بورفوکان) کا 400 واں یوم پیدائش۔ تفصیلات۔
https://pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=1878820
یہ ٹیم 31 بحریہ کے اہلکاروں پر مشتمل ہے جس میں دو خواتین افسران شامل ہیں۔ ٹیم نے دو مراحل میں 21 دنوں میں 3500 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔ پہلے مرحلے کے دوران سواروں نے 2000 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا، گوہاٹی، سہرا، ایزول، کولاسیب، لوکتک اور امپھال کے اسکولوں میں طلباء کے ساتھ بات چیت کی۔ طلباء کے ساتھ بات چیت نے نوجوان طلباء کو ہندوستانی بحریہ اور مسلح افواج میں شامل ہونے کے لئے حوصلہ اور ترغیب فراہم کی۔ ان تمام مقامات پر رائیڈرز نے سابق فوجیوں اور مقامی آبادی سے بھی بات چیت کی۔ ہندوستانی بحریہ کی مہم کو رائل اینفیلڈ کی مدد حاصل ہے جس نے سروس سپورٹ کے ساتھ 15 میٹیور 350 رائل اینفیلڈ موٹر سائیکلیں فراہم کی ہیں۔ آٹھ سابق فوجیوں نے بھی ہندوستانی بحریہ کی موٹر سائیکل مہم ٹیم میں شمولیت اختیار کی ہے۔
موٹر سائیکل مہم کا بحریہ کے سربراہ ایڈمیرل ہری کمار نے 07 دسمبر 22 کو ہارن بل میلے میں استقبال کیا۔
***
ش ح۔ ع س۔ ک ا
(Release ID: 1881969)
Visitor Counter : 145