صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ

زمبابوے کے پارلیمانی وفد نے صدر جمہوریہ سے ملاقات کی

Posted On: 07 DEC 2022 7:01PM by PIB Delhi

زمبابوے کے ایک پارلیمانی وفد نے زمبابوے کی پارلیمنٹ کے اسپیکر، ایڈوکیٹ جیکب فرانسس نزویڈا ملیمو موڈینڈا کی قیادت میں، آج (7 دسمبر، 2022) کو راشٹرپتی بھون میں صدر جمہوریہ ہند، محترمہ دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔

راشٹرپتی بھون میں وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان اور زمبابوے کے تعلقات صدیوں پرانے ہیں۔ زمبابوے میں ہندوستانی نژاد تقریباً 9000 لوگوں کی موجودگی ہمارے لوگوں کے درمیان ایک اہم کڑی ہے۔

صدر جمہوریہ کو یہ جان کر خوشی ہوئی کہ زمبابوے کے ساتھ ہندوستان کے اقتصادی تعلقات اچھی طرح سے ترقی کر رہے ہیں۔ بھارت اور زمبابوے کے درمیان تجارت تقریباً 200 ملین ڈالر کی ہے۔ ہندوستانی کمپنیوں نے زمبابوے میں تقریباً 500 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔ ہندوستان نے زمبابوے کو پانچ لائن آف کریڈٹ فراہم کیے ہیں، اور ایک پیشہ ورانہ تربیتی مرکز بھی قائم کیا ہے۔ انہیں یہ جان کر بھی خوشی ہوئی کہ ہندوستان سے آئی ٹی ای سی اور آئی سی سی آر کے وظائف زمبابوے کے لوگوں میں مقبول ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کے لیے مزید کوششیں کرنی چاہئیں۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ پارلیمنٹ عوام کی آواز کی نمائندگی کرتی ہے۔ ہماری دونوں پارلیمینٹوں کے درمیان مزید بات چیت اور تبادلہ ہونا چاہیے۔ ہمارے پاس ایک دوسرے سے سیکھنے کو بہت کچھ ہے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہے۔ ہماری مضبوط اور متحرک جمہوریت نچلی سطح سے شروع ہوتی ہے۔ یہ صحیح معنوں میں اس ملک کے عوام کی نمائندگی کرتی ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ وفد اس دورے کے دوران ہندوستان کے جمہوری نظاموں کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرے گا۔

*****

ش ح۔   ش ت۔ج

Uno-13447



(Release ID: 1881597) Visitor Counter : 127


Read this release in: English , Hindi , Punjabi