امور صارفین، خوراک اور عوامی تقسیم کی وزارت

حکومت کے مختلف اقدامات کے نتیجے میں مختلف اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا گیا ہے


خوردنی تیل  کی قیمتوں میں بھی تیزی سے کمی درج کی جارہی ہے

Posted On: 11 NOV 2022 8:09PM by PIB Delhi

حکومت دیگر وجوہات کے علاوہ موجودہ جغرافیائی سیاسی منظر نامے اور دنیا بھر میں سخت ترین موسمی حالات کے پیش نظر ملک میں تمام اہم اشیاء کی قیمتوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ مذکورہ حالات کی وجہ سے بڑی معیشتیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ ہندوستان میں، اشیائے ضروریہ، خاص طور پر خوردنی تیل کی قیمتوں میں پچھلے سالوں کے مقابلے اس سال اکتوبر 2022 میں کمی درج کی گئی ہے۔

قیمتوں میں کمی کی وجہ، گھریلو دستیابی میں اضافہ اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو مستحکم کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے کیے گئے متعدد سرگرم اور بروقت اقدامات کو قرار دیا گیا ہے۔ خوراک اور سرکاری نظام تقسیم کے محکمے کی ایک کمیٹی تمام اہم اشیاء کی قیمتوں کا جائزہ لیتی ہے اور کسانوں، صنعتوں اور صارفین کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے قیمتوں کی نگرانی کے لیے بروقت اقدامات کی سفارش کرتی ہے۔

دالوں پر درآمدی ڈیوٹی اور سیس میں کمی، محصولات کو معقول بنانا، خوردنی تیل اور تیل کے بیجوں پر اسٹاک کی حد کا نفاذ، پیاز اور دالوں کے بفر اسٹاک کی بحالی جیسے مختلف اقدامات نے وبا کی وجہ سے  فراہمی اور مانگ میں عدم توازن کے سبب  اشیائے ضروریہ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو روکنے میں مدد کی ہے۔

اس وقت عالمی منڈی میں خوردنی تیل کی قیمتیں مستحکم دیکھی جا رہی ہیں۔ خوردنی تیل کی صنعت کے ساتھ مسلسل نگرانی اور سلسلہ وار تعاملات کی وجہ سے حکومت نے اس بات کی یقینی دہانی کرائی ہے کہ خوردنی تیل کی بین الاقوامی قیمتوں میں قبل از وقت کمی کا فائدہ صارفین تک پہنچایا جائے۔

خوردنی تیل کی صنعت کے ذرائع اور موجودہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ دو ماہ کے دوران مختلف خوردنی تیلوں کی عالمی قیمتوں میں 200 سے 300 امریکی ڈالر فی ٹن کی کمی واقع ہوئی ہے۔ اس گراوٹ کا اثر خوردہ بازاروں میں نظر آنے لگا ہے۔ آنے والے دنوں میں خوردنی تیل کی خوردہ قیمتوں میں مزید کمی کا امکان ہے۔

پچھلے تین مہینوں میں، ریفائنڈ سورج مکھی کے تیل کی کل ہند اوسط گھریلو خوردہ قیمتیں 181 روپے فی کلوگرام سے کم ہو کر 170 روپے فی کلوگرام، ونسپتی 154 روپے فی کلو سے کم ہو کر 146 روپے فی کلو تک کمی آئی ہے اور ریفائنڈ سویابین کی قیمت 157 روپے فی کلوگرام سے 154 روپے فی کلوگرام ،سرسوں کے تیل کی قیمت 173 روپے فی کلو سے کم ہو کر 170 روپے فی کلو گرام ہو گئی ہے۔ آر بی ڈی پامولین کی کل ہند اوسط گھریلو خوردہ قیمت 138 روپے فی کلو سے گھٹ کر 119 روپے فی کلو ہوگئی۔

مرکزی حکومت کی طرف سے خوردنی تیل پر درآمدی ڈیوٹی کم کرنے کے فیصلے کے نتیجے میں تیل کی قیمتوں میں کمی آئی ہے، جس سے یہ شے کافی سستی ہوگئی ہے۔ صنعت  سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ ڈیوٹی میں کمی کا پورا فائدہ صارفین تک پہنچایا جائے۔

آربی ڈی پامولین، ریفائنڈ سویا بین تیل، ریفائنڈ سورج مکھی تیل، سرسو کا تیل اور وناسپتی کی کل ہند خوردہ قیمتوں میں گزشتہ 6 ماہ کے دوران بالترتیب 26 فیصد، 9 فیصد، 12فیصد، 9 فیصداور 11 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔

برآمدی ضوابط کے ذریعے گندم اور چینی کی بڑھتی ہوئی برآمدات کو روکنے میں حکومت کی بروقت دخل اندازی نے عالمی منڈی میں مروجہ قیمتوں کے برعکس ان اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کو روکا ہے۔ گھریلو منڈیوں میں گندم کی تھوک قیمتوں میں کمی آئی ہے اور مرکزی حکومت کی طرف سے غذائی اجناس کی برآمد پر سلسلے وار پالیسی اقدامات  کی وجہ سے ملک میں گندم کی قیمتیں مستحکم ہوئی ہیں۔

اگر حالیہ ہفتوں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوتی رہتی ہے اور ساتھ ہی سپلائی چین کے دباؤ میں بھی کمی آتی ہے تو یہ صارفین کے لیے زیادہ راحت کا باعث ہوگا۔

*****

ش ح۔ ع ح

Uno-13162



(Release ID: 1880189) Visitor Counter : 163


Read this release in: English , Hindi , Bengali