صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ

’جن جاتیہ انوسندھان – اسمیتا، استتو ایوم وکاس‘ کے موضوع پر منعقد قومی ورکشاپ کے مندوبین نے صدر جمہوریہ سے ملاقات

Posted On: 28 NOV 2022 8:26PM by PIB Delhi

جن جاتیہ انوسندھان – اسمیتا، استتوا ایوم وکاس‘ کے موضوع پر منعقد ایک قومی ورکشاپ کے مندوبین نے آج (28 نومبر 2022) کو راشٹرپتی بھون کلچرل سینٹر میں صدر جمہوریہ ہند، محترمہ دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔ صدر جمہوریہ نے قومی کمیشن برائے درج فہرست قبائل کے چیئرپرسن جناب ہرش چوہان سے کتاب ’سوتنترتا سنگرام میں جن جاتیہ نائکوں کا یوگدان‘ کی پہلی کاپی بھی حاصل کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ ٹیکنالوجی اور روایات، جدیدیت اور ثقافت کا امتزاج وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ہمیں علم کی طاقت سے دنیا کی قیادت کرنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ قبائلی سماج کے علم کا فروغ اور ترقی ہندوستان کو علم کا سپر پاور بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ قبائلی معاشرے کے لوگ، مصنفین، محققین، اپنے خیالات، کاموں اور تحقیق سے قبائلی معاشرے کی ترقی میں بیش قیمتی تعاون کریں گے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ نوجوان ہماری تاریخ اور روایات کو سمجھنے کی ترغیب حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے یقین کا اظہار کیا کہ وہ ہمارے معاشرے کی تاریخ اور ثقافت کی خصوصیات کے بارے میں تحقیق اور تحریر کی طرف مائل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اسی وقت ترقی کرسکتا ہے جب ہمارے نوجوان ہمارے ملک کی شاندار تاریخ کو سمجھیں، ملک اور سماج کی خوشحالی کے خواب دیکھیں اور ان خوابوں کو پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔

صدر جمہوریہ نے قومی کمیشن برائے درج فہرست قبائل کی بڑی یونیورسٹیوں میں آزادی کا امرت مہوتسو کے حصے کے طور پر آزادی کی جدوجہد، سیمینار وغیرہ میں قبائلی رہنماؤں کے تعاون پر مبنی تصویری نمائشوں سمیت متعدد تقاریب منعقد کرنے کے لیے ان کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقریبات قبائلی نوجوانوں کو اپنے آباء و  اجداد کی قربانیوں اور اپنے معاشرے کی عزت نفس کی عظیم روایت پر فخر کرنے کے قابل بنائیں گی۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ تاریخ بتاتی ہے کہ قبائلی معاشرے نے کبھی غلامی قبول نہیں کی۔ ملک پر کسی بھی حملے کا جواب دینے میں وہ ہمیشہ پیش پیش رہتے تھے۔ ملک بھر میں قبائلی برادریوں کی طرف سے سنتھال، ہل، کول، برسا، بھیل تحریک جیسی کئی بغاوتوں میں جدوجہد اور قربانیاں تمام شہریوں کو متاثر کر سکتی ہیں۔

اس حقیقت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ ہمارے ملک میں درج فہرست قبائل کی آبادی 10 کروڑ سے زیادہ ہے، صدر جمہوریہ نے کہا کہ ترقی کے ثمرات ان سبھی تک پہنچنے کو یقینی بنانا اور اس کے ساتھ ساتھ ان کی ثقافتی شناخت کو برقرار رکھنا ہمارے سامنے ایک چیلنج ہے۔ اس کے علاوہ ان کی ترقی کے لیے مباحثوں اور تحقیق میں ان کی شرکت ضروری ہے۔

صدرجمہوریہ نے کہا کہ ’سوتنترتا سنگرام میں جن جاتیہ نائکوں کا یوگدان‘ کتاب کو منظر عام پر لانا ایک اچھا قدم ہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار  کیا کہ اس کتاب کے ذریعے قبائلی برادریوں کی جدوجہد اور قربانیوں کی داستانیں پورے ملک میں پھیلائی جائیں گی۔

*****

ش ح – ق ت – ت ع

U: 13076

 



(Release ID: 1879703) Visitor Counter : 122


Read this release in: Marathi , English , Hindi , Punjabi