وزارت اطلاعات ونشریات

آئی ایف ایف آئی -53 میں سدا بہار کلاسک فلم ’ کٹی پتنگ ‘ کی نمائش آشا پاریکھ کو ماضی کی یاد میں واپس لے گئی


پروڈیوسرز کے لئے آئی ایف ایف آئی ایک موقع ہے جہاں وہ اپنی فلموں کی نمائش کر سکتے ہیں اور مارکٹنگ کرسکتے ہیں: آشا پاریکھ

Posted On: 27 NOV 2022 12:40PM by PIB Delhi

’’پیار دیوانہ ہوتا ہے،مستانہ ہوتا ہے

ہر خوشی سے ہر غم سے بیگانہ ہوتا ہے‘‘

 

کشور کمار کی شاندار آواز اور راجیش کھنہ کا دمدار کردار  ایک مرتبہ پھر اس سدا بہار گانے کے ساتھ پنجی کے میکنیز پیلس آڈیٹوریم کے پردے پر زندہ اور جاویدہوگیا، اور یہ ناظرین کے لیے ایک سنہرا لمحہ تھا۔ گزرے زمانے کی اداکارہ اور ناظرین کے دل کی دھڑکن آشا پاریکھ ، جنہوں نے اس  فلم میں اہم  کردار ادا  کیا  اور اس گانے میں بھی نظرآئی تھیں،ان کے لئے فلم کٹی پتنگ کی نمائش میں  شامل ہونا  دل  کو چھو لینے والے لمحات سے پُرماضی کی یادوں میں واپس لوٹ جانے جیسا تھا۔ 53 ویں ہندوستانی بین الاقوامی فلم فیسٹیول  کے دادا صاحب پھالکے ایوارڈ ریٹرو سیکشن میں کٹی پتنگ کی نمائش کی گئی تھی ۔ ایفّی کا یہ سیکشن  اس سال آشا پریکھ کو وقف ہے جو سال 2020 کے دادا صاحب پھالکے ایوارڈ  یافتہ ہیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/kati-11J3N.jpg

 

اس  اسکریننگ  میں حصہ لیتے ہوئے اور اس فیسٹیول کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے آشا پاریکھ نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں آئی ایف ایف آئی بہت بڑا ہوگیا ہے اور یہ پروڈیوسروں کو اپنی فلموں کی نمائش کرنے اور فروخت کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ مجھے اپنی فلم انڈسٹری سے پیار ہے۔فلم شائقین کے لئے آئی ایف ایف آئی سب سے اچھی جگہ ہے، کیونکہ یہاں  ملک بھر کے لوگوں ایک ساتھ آتے ہیں۔ آشا پاریکھ نے اس عزت افزائی کے لئے ایفّی، این ایف ڈی سی اور اطلاعات و نشریات کی وزارت کا شکریہ ادا کیا۔

کئی سپر ہٹ فلموں میں کام کرنے والی آشا پاریکھ کو پیار سے  1960 اور 70 کی دہائی میں ہندی سنیما کی ’ہٹ گرل‘  کہا جاتا تھا۔ ایک چائلڈ آرٹسٹ کے طور پر شروعات کرتے ہوئے، آشا پاریکھ کی پہلی فلم دل دے کے دیکھو (1959) تھی، جو بہت زیادہ کامیاب ہوئی جس نے انہیں اسٹارڈم کی بلندیوں تک پہنچا دیا۔ انہوں نے 95 سے زیادہ فلموں میں اداکاری کی ، جن میں  کچھ  اس وقت کے  چوٹی کے فلمکاروں اور اس وقت کے اہم اداکاروں کے ساتھ تھیں، جیسے کہ - شکتی سامنت، راج کھوسلہ، ناصر حسین، راجیش کھنہ، دھرمیندر، شمی کپور، منوج کمار، دیو آنند اور کئی ۔ انہوں نے کتی پتنگ (1971) کے لیے بہترین اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ  جیتا اور کئی  دیگر اہم  اعزازات کے ساتھ فلم فیئر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ (2002)  بھی حاصل کیا ۔ آشا پاریکھ ایک فلم ڈائریکٹر، پروڈیوسر اور ایک بہترین  ہندوستانی کلاسیکل ڈانسر بھی ہیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/kati-2G6P1.jpg

پدم شری (1992) اعزاز یافتہ آشا پاریکھ نے 1998 سے2001 کے دوران سنٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن (سی بی ایف سی) کی سربراہ کے طور پر بھی کام کیا ہے۔

 شکتی سامنت کی ہدایت کاری والی کٹی پتنگ، گلشن نندا کے اسی عنوان سے سب سے زیادہ فروخت ہونے والے ناول پر مبنی تھی۔ اس  فلم میں مرکزی کردار مادھوی (آشا پاریکھ)، کمل (راجیش کھنہ) کے ساتھ اپنی شادی کے دن گھر سے دور  پتنگ کی طرح کٹ کر  اڑ جاتی ہے، لیکن  آگے اسے اپنے  ’محبوب‘  کیلاش (پریم چوپڑا) کے ناپاک ارادےپتہ چلتے ہیں۔ حالات مادھوی کو مجبور کردیتے ہیں اور اسے ایک گھر میں پناہ لینی پڑتی ہے اور اس گھر کی بہو ہونے کا ڈرامہ کرنا پڑتا ہے۔ اصل بہو پونم (ناز) کی ٹرین حادثہ میں موت ہوجاتی ہے لیکن مرنے سے پہلے وہ اپنے بچے کو مادھوی کے سپرد کرجاتی ہے۔آگے فلم کی کہانی مادھوی کی زندگی دکھاتی ہے، کیسے وہ ایک جھوٹی شناخت کے ساتھ زندگی گزارتی ہے ۔ موسیقار آر ڈی برمن اور سپر اسٹار راجیش کھنہ کو ایک ساتھ لانے کے لیے بھی اس فلم کو سب سے زیادہ  یاد کیا جاتا ہے۔ اس  فلم میں ’یہ شام مستانی‘، ’پیار دیوانہ ہوتا ہے‘ اور  ’یہ جو محبت ہے ‘  جیسے  سدابہار ہٹ گانوں کو سننے کا موقع ملتا ہے۔

 

************

ش ح ۔ ف ا  ۔  م  ص

 (U: 13015)



(Release ID: 1879397) Visitor Counter : 163