مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت
سی – ڈاٹ اور آئی آئی ٹی دہلی نے آئی او ٹی / ایم 2 ایم، اے آئی / ایم ایل، سائبر سکیورٹی، 5 – جی اور اس سے آگے کی ٹیکنالوجیز سمیت ٹیلی کام کے مختلف اُبھرتے ہوئے شعبوں میں تعاون کے لئے ایک مفاہمت نامے پر دستخط کئے
اس مفاہمت نامے سے آر اینڈ ڈی اور تعلیم کے شعبے کے درمیان تعاون مضبوط ہوگا اور ملک کے اندر ٹیلی کام سولیوشنز کو تیزی سے ڈیزائن کرنے اور تیار کرنے کی راہ ہموار ہوگی
اس سے طلباء، فیکلٹی اور محققین کے درمیان خیال اور تصور کے مرحلے سے ہم آہنگی اور تال میل پر مبنی تعاون کے لئے موافق ماحول تیار ہوگا
Posted On:
27 SEP 2022 8:50PM by PIB Delhi
حکومت ہند کی مواصلات کی وزارت کے ٹیلی مواصلات کے محکمے کے ایک ممتاز ٹیلی کام آر اینڈ ڈی سینٹر،سینٹر فار ڈیولپمنٹ آف ٹیلی میٹکس ( سی- ڈاٹ) اور انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی دہلی (آئی آئی ٹی ڈی) نے آج یہاں آئی او ٹی / ایم 2 ایم، اے آئی / ایم ایل، سائبر سکیورٹی، 5 – جی اور اس سے آگے کی ٹیکنالوجیز سمیت ٹیلی کام کے مختلف شعبوں میں تعاون کے لئے ایک مفاہمت نامے پر دستخط کئے ہیں۔
سی-ڈاٹ، 1984 میں اپنے قیام سے ہی ٹیلی کام کے میدان میں ایک ممتاز ادارہ ہے۔ سی- ڈاٹ نے جدید ترین آر اینڈ ڈی کے میدان میں کئی کارہائے نمایاں انجام دیئے ہیں، جن سے آپٹیکل ، سوئچنگ، سکیورٹی ، نیٹ ورک مینجمنٹ اور اختراعی ٹیلی کام سافٹ ویئر ایپلی کیشنز کے میدان میں گونا گوں ٹیکنالوجیز پر مشتمل ایک متنوع پروڈکٹ پورٹ فولیو تیار ہوا ہے۔ سی- ڈاٹ نے مقامی صنعت ، تعلیم کے ادارے اور اسٹارٹ اپس کے تعاون سے ملک کے اندر 4- جی اور 5- جی سسٹمز تیار کرنے میں اہم رول ادا کیا ہے۔
قومی اہمیت کا ممتاز ادارہ آئی آئی ٹی ڈی ،مواصلات اور متعلقہ ٹیکنالوجیز کے شعبے میں لگن کے ساتھ کام کرتا رہا ہے۔ آئی آئی ٹی ڈی کے بھارتی اسکول آف ٹیلی کمیونی کیشن نے صنعت اور دیگر ممتاز آر اینڈ ڈی تنظیموں کے تعاون سے ملک کی ابھرتی ہوئی ضرورتوں کے لئے کثیر موضوعاتی جدید تحقیق کرنے اور سولیوشن تیار کرنے کے سلسلے میں زبردست پہل کی ہے۔
اس مفاہمت نامے کا مقصد مکمل طو رپر ملک کے اندر ٹیلی کام سولیوشنز کے ڈیزائن اور ڈیولپمنٹ کو رفتار دینے کے لئے آر اینڈ ڈی اور تعلیمی ادارے کے درمیان تعاون کے واسطے ایک باہمی طور پر مثبت فریم ورک تیار کرنا ہے۔ یہ طلباء، فیکلٹی اور محققین کے درمیان خیال اور تصور کے مرحلے سے علم وہنر کے تبادلے کے واسطے ایک مؤثر پلیٹ فارم ہوگا۔ یہ پلیٹ فارم نئے خیالات کو بازار کے لئے تیار سولیوشن میں تبدیل کرنے کے لئے ایک محرک کے طور پر بھی کام کرے گا۔
مفاہمت نامے پر دستخط کئے جانے کے موقع پر حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے سی- ڈاٹ کے ایگزیکیٹو ڈائریکٹر ، ڈاکٹر راج کمار اپادھیائے نے آر اینڈ ڈی اور تعلیمی ادارے کے درمیان ہم آہنگی کے زبردست امکان کو ‘آتم نربھر بھارت ’کے وزیراعظم کے ویژن کے لئے ایک کلیدی محرک قرار دیا ہے۔ ملک کے اندر 4- جی اور 5- جی کو کم لاگت میں تیار کرنے والے سودیشی ایکو سسٹم کے شراکت داروں کے درمیان مؤثر تعاون کی شاندار کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی – ڈاٹ اور آئی آئی ٹی ڈی کے درمیان اس شراکت داری کی طاقت سے ملک کے اندر اختراعات کے ساتھ مکمل ٹیلی کام ٹیکنالوجی کے حصول کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مفاہمت نامے سے استعمال کرنے والوں کی بڑی تعداد کے لئے نئی استعمال کی اشیاء اور مستقبل کے ٹیلی کام سولیوشنز تیار ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی مہارت اور اختراعی تحقیق کے تال میل سے ہماری قومی دانشورانہ املاک کو فروغ حاصل ہوگا۔
آئی آئی ٹی ڈی کے بھارتی اسکول آف ٹیلی کمیونی کیشن ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ کے سربراہ پروفیسر سوئڈیز ڈے نے تعلیمی ادارے اور آر اینڈ ڈی کے درمیان ایسے مشترکہ تعاون کے لئے ایک مرکوز اور نتیجہ خیز فریم ورک کی ضرورت پر زور دیا، جس سے کاروباری طور پر قابل عمل ،صنعتی گریڈ کے اور بازار کے لئے مسابقتی ٹیکنالوجیکل سولیوشنز ، تیز رفتار سے ڈیزائن اور تیار کرنے کے لئے مؤثر طریقے سے خامیوں کو دور کرنے کے واسطے طلباء ،فیکلٹی اور محققین ایک دوسرے کے قریب آئیں گے۔ انہوں نے ٹیلی کام کے شعبے میں ‘آتم نربھرتا ’ حاصل کرنے کے لئے باہمی صلاحیت کو فروغ دینے میں اس تعاون سے چلنے والے پلیٹ فارم کی متعدد جہتوں پر زور دیا۔ انہوں نے سی- ڈاٹ اور آئی آئی ٹی ڈی دہلی کے درمیان اس معاہدے کی زبردست کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
سی - ڈاٹ اور آئی آئی ٹی ڈی ، دونوں نے تعاون والے اس پلیٹ فارم کے مؤثر ہونے پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا اور زبردست کامیابی کے ساتھ اس کو مزید آگے لے جانے کے لئے اپنے عزم مصمم کا اعادہ کیا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
(ش ح- ا گ- ق ر)
(28-09-2022)
U-10749
(Release ID: 1862835)
Visitor Counter : 138