وزارت سیاحت
نائب صدر جمہوریہ ہند ،جناب جگدیپ دھنکر نے عالمی یوم سیاحت کے موقع پر قومی سیاحت کے انعامات تقسیم کیے
اس سال 81 انعامات کی تقسیم 19-2018 میں سیاحتی صنعت کی حصولیابیوں کو نمایاں کرتی ہے
بین الاقوامی سفر کے بارے میں غور کرنے سے پہلے گھریلو سطح پر موجود سیاحتی مقامات کی تلاش کریں: جناب جگدیپ دھنکر
ہندوستانی سیاحت کا شعبہ تخلیقی، ذمہ دارانہ اور جامع ترقی کی جانب گامزن ہے: جناب جی کشن ریڈی
Posted On:
27 SEP 2022 6:55PM by PIB Delhi
ہندوستان کے نائب صدر، جناب جگدیپ دھنکر نے آج عالمی یوم سیاحت، 2022 کے موقع پر وزارت سیاحت، حکومت ہند کی طرف سے منعقدہ پروگرام میں ایوارڈ حاصل کرنے والوں کو قومی سیاحتی ایوارڈ پیش کیے۔ مرکزی وزیر سیاحت جناب جی کشن ریڈی اور وزیر مملکت برائے سیاحت جناب اجے بھٹ نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ سکریٹری سیاحت جناب اروند سنگھ اور وزارت کے دیگر سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس سال 2018-19 میں صنعت کی کامیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے کل 81 ایوارڈز تقسیم کیے گئے۔ نائب صدر نے اس موقع پر ہندوستانی سیاحت کی شماریات 2022، نئے شاندار ہندوستان کے عالمی فروغ پر مبنی فلموں، اور ’’گو بیانڈ: شمالی ہندوستان کے 75 تجربات‘‘ای بک کا بھی اجرا کیا۔
اپنے کلیدی خطبہ کے دوران نائب صدر جناب جگدیپ دھنکر نے ہندوستان کو ’’سیاحت کے لیے جنت‘‘ قرار دیا اور ہندوستانیوں سے کہا کہ وہ بین الاقوامی سفر پر غور کرنے سے پہلے گھریلو سیاحتی مقامات کی تلاش کریں۔ ہندوستان کی طویل تہذیبی تاریخ اور بھرپور ثقافتی ورثے کا ذکر کرتے ہوئے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کے زیادہ تر سیاحتی مقامات کا ہماری تاریخ، لوک فنون اور قدیم تحریروں سے گہرا تعلق ہے۔
نائب صدر جمہوریہ نے سیاحت کو ملک میں اقتصادی ترقی اور روزگار پیدا کرنے کا ایک اہم محرک قرار دیا۔ سیاحت کے متعدد پہلوؤں کا ذکر کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے طبی سیاحت کے میدان میں ہندوستان کی بے پناہ صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ آیوروید اور یوگ جیسے علاج کے ہمارے قدیم طریقوں میں بڑھتی ہوئی عالمی دلچسپی سے پوری طرح فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ملک میں سیاحت کے شعبے کی ترقی کے لیے حکومت کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے، جناب دھنکر نے کہا کہ سیاحت کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے ساتھ ’دیکھو اپنا دیش‘ اور ’اتسو‘ پورٹل جیسے اختراعی اقدامات بھی اٹھائے گئے ہیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جناب جی کشن ریڈی نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی رہنمائی میں ہندوستانی سیاحت کا شعبہ تخلیقی، ذمہ دارانہ اور جامع ترقی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ سیاحت کی وزارت سیاحت کے شعبے کی ترقی کے لیے 360 ڈگری کے نقطہ نظر اور پورے حکومتی نقطہ نظر کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ وزارت سیاحت کے ساتھ ساتھ شہری ہوا بازی کی وزارت، سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت، وزارت خارجہ، وزارت ثقافت اور وزارت تجارت بھی اس شعبے کی ترقی کے لیے کام کر رہی ہیں، جس سے پائیدار اور عالمی معیار کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کی خاطر بہتر ہم آہنگی اور تال میل قائم کرنے میں مدد ملے گی۔
جناب ریڈی نے مزید کہا کہ ہندوستان 2023 کے لیے جی 20 کی اپنی صدارت کے دوران خود کو ایک اہم سیاحتی مقام کے طور پر کھڑا کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ صدارت کے دوران ہمارا مقصد ہندوستان کو عالمی سطح پر ایک ’لازمی طور پر دورہ کرنے والی‘ منزل کے طور پر نمایاں کرنا ہے۔ سیاحتی مقامات پر جانے والی مخصوص ٹرینوں میں 3600 ریلوے کوچ سیاحت کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ اس طرح کی ٹرینیں رامائن اور بدھسٹ سرکٹ کے لیے شروع ہو چکی ہیں جبکہ کرشنا سرکٹ کے لیے جلد ہی شروع ہو جائے گی۔ ہمارا مقصد ہندوستان کو دنیا کے نمایاں ترین مقامات میں سے ایک بنانا ہے۔ مرکزی وزیر نے مزید کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی ہندوستانی سیاحت کے برانڈ ایمبیسڈر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔
وزیر مملکت برائے سیاحت جناب اجے بھٹ نے تمام ایوارڈ یافتگان کو مبارکباد دی اور کہا کہ وزارت سیاحت نے ترقی اور خوشحالی کے اعلیٰ راستے پر نئے ہندوستان کے وژن کے حصے کے طور پر قومی سیاحتی پالیسی 2022 کا مسودہ تیار کیا ہے۔ اس پالیسی کا مقصد ملک میں سیاحت کی ترقی کے لیے فریم ورک کے حالات کو بہتر بنانا، سیاحت کی صنعتوں کو سپورٹ کرنا، سیاحت کی معاونت کے افعال کو مضبوط بنانا اور سیاحت کے ذیلی شعبوں کو ترقی دینا ہے۔
اپنے استقبالیہ کلمات کے دوران سیاحت کے سکریٹری جناب اروند سنگھ نے کہا کہ اس قسم کے ایوارڈ سے سفر اور سیاحت کے شعبے کو تحریک ملتی ہے۔ سفر اور سیاحت دنیا کے سب سے بڑے اقتصادی شعبے میں سے ایک ہے، جو دنیا بھر میں برآمدات اور خوشحالی پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی سیاحت کا شعبہ کووڈ کے بعد ہندوستانی معیشت کی ترقی کے ایک اہم محرک کے طور پر ابھرا ہے۔
ایسے میں جب کہ ہندوستان آزادی کے 75 سال کا جشن منا رہا ہے، وزارت سیاحت، حکومت ہند نے صنعت کے متعلقین کی کوششوں کو تسلیم کرتے ہوئے اور قومی سیاحت کے ایوارڈ تقسیم کر کے 27 ستمبر 2022 سے آزادی کا امرت مہوتسو کے ہفتہ کا آغاز کیا ہے۔ کووڈ کی وجہ سے پچھلے 2 سالوں کے دوران تقسیم انعامات کی تقریبات منعقد نہیں ہو پائی تھیں۔
قومی سیاحت کے ایوارڈز سفر، سیاحت اور مہمان نوازی کی صنعت کے مختلف اداروں کو پیش کیے جاتے ہیں، اس کے تحت ریاستی حکومتوں کی ان کے متعلقہ شعبوں میں کارکردگی کے اعتراف میں اور سیاحت کو فروغ دینے کے مقصد سے صحت مند مقابلے کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے بھی یہ ایوارڈ تقسیم کیے جاتے ہیں۔ یہ ایوارڈز گزشتہ برسوں کے دوران سفر، سیاحت اور مہمان نوازی میں کامیابیوں کی ایک باوقار شناخت کے طور پر ابھرے ہیں۔
انعام یافتگان کی تفصیلات دیکھنے کے لیے براہ کرم یہاں کلک کریں
ہندوستانی سیاحت کی شماریات 2022 دیکھنے کے لیے براہ کرم یہاں کلک کریں
*****
ش ح – ق ت – ت ع
U: 10734
(Release ID: 1862758)
Visitor Counter : 212