نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
شائستگی اور نظم و ضبط جمہوریت کا دل اور روح ہے؛ قانون سازوں کو اپنے طرز عمل کے ذریعے اعلیٰ معیارات قائم کرنے چاہئیں - نائب صدر
نائب صدر نے قانون سازی کی مجلسوں میں انتشار پر تشویش کا اظہار کیا؛ سیاسی جماعتوں کو تاکید کی کہ وہ اپنے اختلافات کو اتفاق رائے سے حل کریں
راجستھان قانون ساز اسمبلی نے نائب صدر جناب جگدیپ دھنکھر کو مبارکباد پیش کی
راجستھان کے وزیر اعلیٰ نے نائب صدر کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا
Posted On:
20 SEP 2022 6:42PM by PIB Delhi
نائب صدر جناب جگدیپ دھنکھر نے آج کہا کہ شائستگی اور نظم و ضبط جمہوریت کا دل اور روح ہے اور منتخب نمائندوں کو تاکید کی کہ وہ اپنے الفاظ اور طرز عمل سے اعلیٰ معیار قائم کریں۔
آج جے پور میں اپنے اعزاز میں منعقدہ ایک پُر وقار تقریب کے دوران راجستھان قانون ساز اسمبلی کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے جناب دھنکھر نے کہا کہ جمہوریت کے فروغ کے لیے عوامی نمائندوں کی ساکھ اور پارلیمانی اداروں کی کارکردگی اہم ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ”ان معاملوں میں ناکامی دیگر سرکاری اداروں پر بھی منفی اثر ڈالے گی۔“
اس بات کا مشاہدہ کرتے ہوئے کہ تاریخی طور پر، ہماری قانون ساز اسمبلیوں اور پارلیمنٹ نے بڑے پیمانے پر پُر سکون اور مرتب طریقے سے کام کیا ہے، نائب صدر جمہوریہ نے موجودہ صورتحال کو تشویشناک قرار دیا۔ انھوں نے سیاسی جماعتوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر آنے اور اپنے اختلافات کو اتفاق رائے سے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
’اختیارات کی علیحدگی‘ کے اصول کا حوالہ دیتے ہوئے، نائب صدر جمہوریہ نے اس بات پر زور دیا کہ ’ریاست‘ کے تینوں اداروں میں سے کوئی بھی سب سے اعلیٰ ہونے کا دعویٰ نہیں کر سکتا کیونکہ صرف آئین ہی سب سے بلند و برتر ہے۔
اپنے خطاب میں، جناب دھنکھر نے ان کی محبت اور گرم جوشی کے لیے اسپیکر اور راجستھان قانون ساز اسمبلی کے تمام اراکین کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر راجستھان قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر ڈاکٹر سی پی جوشی، راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت، اپوزیشن لیڈر جناب گلاب چند کٹاریا، راجستھان کے پارلیمانی امور کے وزیر شانتی کمار دھاریوال اور راجستھان قانون ساز اسمبلی کے اراکین موجود تھے۔
اس سے پہلے نائب صدر جمہوریہ نے ریاست راجستھان کی مختلف سماجی تنظیموں کی طرف سے ان کے اعزاز میں منعقدہ ایک پر وقار تقریب میں بھی شرکت کی۔
شام کو، جناب دھنکھر نے راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت کی طرف سے ان کی رہائش گاہ پر اپنے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں شرکت کی۔
**************
ش ح۔ ف ش ع-م ف
U: 10478
(Release ID: 1861011)
Visitor Counter : 123