امور داخلہ کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

اُمور داخلہ اور امداد باہمی کے مرکزی وزیر جناب امت  شاہ نے آج گجرات کے سورت میں ہندی دِوس – 2022 کی تقریبات اور  سرکاری زبان کی دوسری کُل ہند کانفرنس سے خطاب کیا

Posted On: 14 SEP 2022 11:11PM by PIB Delhi

وزیراعظم جناب نریندر مودی نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ  اس بات کا عہد کریں کہ اگلے 25 برسوں میں ہمارا ملک  لسانی کمتری سے آزاد ہو کر  خود اپنی زبان کو فروغ دے گا اور ملک کو سب سے اوپر  پہنچائے گا

جب تک ہم اس بات کا عہد نہ کریں کہ ہماری حکمرانی، انتظامیہ، علم اور تحقیق  ہماری اپنی زبانوں  اور سرکاری زبان میں انجام دی جائے گی، اس وقت تک ہم ملک کی صلاحیتوں کا  بھر پور استعمال نہیں کرسکتے

میں اُن سبھی کو ، جو  یہ پروپیگنڈہ کرتے ہیں کہ ہندی مقامی زبانوں سے مقابلہ کرنے والی زبان ہے، بتانا چاہتا ہوں کہ ہندی مقابلہ آرائی  نہیں کرتی بلکہ  تمام مقامی زبانوں کی دوست ہے

ہندی کے ساتھ تمام مقامی زبانیں پھلے پھولیں گی اور مقامی زبانوں کے فروغ سے ہندی کو بھی فروغ حاصل ہوگا

وزیراعظم نریندر مودی نے نئی قومی تعلیمی پالیسی – 2020 کے ذریعہ اپنی زبان میں تعلیم حاصل کرنے کا بیج بویا ہے۔ ملک جب اپنی آزادی کی صد سالہ تقریبات منائے گا، تو ملک میں ایک ساتھ سبھی زبانوں کے فروغ کے نتیجے میں بھارت زبانوں میں خود کفیل بنے گا

اپنی ثقافت، تاریخ اور  کئی نسلوں کی ادبی تخلیقات کے جذبے کو سمجھنے کے لئے سرکاری زبان سیکھنا بہت اہم ہے

اب سرکاری زبان اور  مقامی زبانوں کے لئے وقت آگیا ہے کہ وہ  پورے ملک سے لسانی کمتری کے احساس کو اکھاڑ پھینکیں

زبان صرف خیالات کے اظہار کا ایک ذریعہ ہے، زبان کسی شخص کی صلاحیت کی علامت نہیں ہوسکتی، نوجوانوں کو خود اپنی زبانوں کے بارے میں غیر ملکی حکمرانی کے ذریعہ پیدا کئے گئے احساس کمتری  کو ختم کر کے اور  اپنی زبان اور سرکار زبان کو قبول کر کے خود کو خوشحال بنانے میں تعاون کرنا چاہئے

جب تک نوجوان اپنی صلاحیتوں کی بنیاد پر اپنی  زبان میں اپنی حقیقی سوچ کا اظہار نہیں کریں گے وہ سماج کے سامنے اپنی صلاحیتوں کو پیش نہیں کرسکتے، کیونکہ  حقیقی سوچ  کو  اپنی زبان کے علاوہ کسی دوسری زبان میں بہتر طریقے سے پیش نہیں کیا جاسکتا

وزیراعظم نریندر مودی نے ہر ایک عالمی اسٹیج پر  دنیا کو فخر کے ساتھ ہندی میں خطاب کیا ہے۔ عالمی اسٹیج پر سب سے زیادہ اگر کسی شخص کو سنا گیا ہے تو وہ وزیراعظم جناب نریند رمودی ہیں

جناب مودی  اپنی زبان میں بولتے ہیں، ان کا طریقہ اظہار درست ہوتا ہے، جو ان کے  ذہن کی گہرائیوں سے نکلتا ہے، جس کی وجہ سے اس  کی قبولیت بھی بہت زیادہ ہے

والدین پر زور دیا گیا ہے کہ وہ  گھروں میں اپنی روز مرہ کی بات چیت میں خود اپنی زبان کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں، بچوں کے سنہرے مستقبل کے لئے انہیں اپنی زبان ضرور سکھانی چاہئے، کیونکہ اپنی زبان کے ذریعہ ہی  بچہ اپنی تاریخ اور ثقافت کے بارے میں علم حاصل کر کے اپنی جڑوں سے منسلک ہوسکتا ہے

اگر ہندی کو عوام ،ملک اور دنیا میں مقبول بنانا ہے، تو ہندی کی لغت  کو جامع  بنانا ہوگا

ہمارا ملک لسانی طور پر مالا مال ہے اور ہماری  ثقافت، روایت اور ادب ان زبانوں میں محفوظ ہے

اگر ہم لسانی بقائے باہم کو قبول نہیں کریں گے، تو ہم یہ ثابت نہیں کرسکتے کہ ہم اپنے ملک کو اپنی زبانوں میں چلا سکنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ ہمارا مقصد ہونا چاہئے کہ ہر زبان کے لہجے کو زندہ رکھا جائے اور  اُن کو فروغ دیا جائے

 

سوامی دیانند سرسوتی سمجھتے تھے کہ ویدوں کا علم اور  تمام مذاہب پر کیا گیا  اُن کا تجزیہ ملک کے عوام کے لئے ہندی کے ذریعہ ہی آسانی سے قابل رسائی ہو سکتا ہے اور اسی لئے انہوں نے ’ستیارتھ پرکاش‘ ہندی میں لکھی

گاندھی جی نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ جب بھی مجھے فرصت ملے گی تو میں اس  وقت کو  دھاگا کاتنے اور  سرکاری زبان ’ہندی‘ سیکھنے میں اور اسے مالا مال بنانے میں صرف کروں گا۔ گاندھی جی نے  ملک کو  روز گار اور  مقامی زبانوں کے ذریعہ قومی تعمیر نو کے  عہد کو آگے بڑھانے کا راستہ دکھا یا ہے

مرکزی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ وہ تمام ہندی چاہنے والوں کو  یقین دلانا چاہتے ہیں کہ امور داخلہ کی وزارت کا  سرکاری زبان  کا محکمہ ہندی کو مستحکم کرنے کے لئے پوری  تیاری اور تندہی سے کام کر رہا ہے

اگلے دو برسوں میں آپ بہت سے نئے تجربات اور  فیصلوں کا مشاہدہ کریں گے اور آپ دیکھیں گے کہ سرکاری زبان کو مقامی زبانوں کے ساتھ مستحکم کرنے کا خواب ایک حقیقت بن رہا ہے

جب تک ہم مقامی زبانوں کے بارے میں احساس کمتری  کو نہیں چھوڑیں گے، ہماری صلاحیتوں کو استعمال نہیں کیا جاسکے گا

 

 

امور داخلہ اور امداد  باہمی کے مرکزی وزیر جناب امت  شاہ نے آج گجرات کے سورت میں ہندی دِوس – 2022 کی تقریبات اور  سرکاری زبان کی دوسری کُل ہند کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس موقع پر  گجرات کے وزیراعلیٰ جناب بھوپندر پٹیل، امور داخلہ کے مرکزی وزیر مملکت جناب اجے کمار مشرا، امور داخلہ کے مرکزی وزیر مملکت جناب نِشت پرمانک، ریلوے کی وزیر مملکت محترمہ درشنا جاردوش، تعلیم کے وزیر مملکت جناب راج کمار رنجن سنگھ اور سرکاری زبان کے محکمے کے سکریٹری موجود تھے۔

اپنے خطاب میں جناب امت شاہ نے کہا کہ وزیراعظم جناب نریندر مودی نے اس بات پر زور دیا ہے کہ امرت کال کے دوران وہ  اس بات کا عہد کریں کہ اگلے 25 برسوں میں ہمارا ملک  لسانی کمتری سے آزاد ہو کر  خود اپنی زبان کو فروغ دے گا اور ملک کو سب سے اوپر  پہنچائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سرکاری زبان اور  مقامی زبانیں دنیا کی  سب سے مالا مال زبانوں میں شامل ہیں اور  جب تک ہم یہ عہد نہ کریں کہ ہماری حکومت، انتظامیہ، علم، سائنس اور تحقیق  ہماری اپنی زبانوں اور  سرکاری زبان میں انجام دی جائیں گی، اس وقت تک ہم اپنے ملک کی  بھر پور صلاحیتوں کو استعمال نہیں کرسکتے۔

مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ سورت ’’ویر نرمد‘‘ کی سرزمین ہے اور  وہ شائد پہلے شخص  تھے، جنہوں نے ملک میں اپنی زبانوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ ویر نرمد پہلے شخص  تھے جنہوں نے گجراتی عوام کو ’’گاروی گجرات‘‘ کا  خواب دکھا یا اور  سب سے پہلے انگریزوں کو بتایا کہ اس ملک کی حکمرانی اور ثقافت کو ہندی میں جاری رکھا جانا چاہئے۔ جناب شاہ نے کہا کہ مہا تما گاندھی نے کہا تھا کہ سرکاری زبان کےطور پر ہندی کے بغیر یہ ملک گونگا ہے۔ مہاتما گاندھی نے  صرف ایک جملے سے ہی پوری دنیا کے سامنے  ہماری اپنی سرکاری زبان پر  فخر کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہندی ہمارے دماغ، حب الوطنی اور  عوام کی زبان ہے اور  ہمیں اسے آگے لے کر بڑھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  وزیراعظم جناب نریندر مودی نے    نئی قومی تعلیمی پالیسی – 2020 کے ذریعہ اپنی زبان میں تعلیم حاصل کرنے کا بیج بویا ہے۔ ملک جب اپنی آزادی کی صد سالہ تقریبات منائے گا، تو ملک میں ایک ساتھ سبھی زبانوں کے فروغ کے نتیجے میں بھارت زبانوں میں خود کفیل بنے گا۔نئی قومی تعلیمی پالیسی میں پرائمری اور اس سے آگے کی تعلیم  کو  خود اپنی زبانوں میں تبدیل کرنے اور  تحقیق ، عدالت، میڈیکل، سائنس، ٹیکنالوجی اور انجینیئرنگ کے کورس اپنی زبان میں منتقل کرنے پر سب سے زیادہ  زور دیا گیا ہے۔

جناب امت شاہ نے کہا کہ مقامی زبانیں اور ہندی ہماری تہذیب کی روانی کے لئے زندگی دینے والی ہیں، ہماری ثقافت، تاریخ اور  کئی نسلوں کے ذریعہ تخلیق کئے گئے ادب کو سمجھنے کے لئے سرکاری زبان کو جاننا  ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب سرکاری زبان اور  مقامی زبانوں کے لئے وقت آگیا ہے کہ وہ  پورے ملک سے لسانی کمتری کے احساس کو اکھاڑ پھینکیں۔ جناب شاہ نے کہا کہ لوک مانیہ بال گنگا دھر تلک کے سوراج کا تصور  نہ صرف حکمرانی میں تبدیلی کے بارے میں تھا بلکہ انہوں نے اپنی زبان، اپنے مذہب اور اپنی ثقافت کے لئے بھی آواز اٹھائی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم مودی جی  قیادت میں جس راستے پر ملک چل رہا ہے، اس پر چل  کر ہم لوک مانیہ تلک کے سوراج کے خواب کو پورا کریں گے۔

 مرکزی وزیر داخلہ نے ملک کے نوجوانوں سے کہا ہے کہ زبان صرف خیالات کے اظہار کا ایک ذریعہ ہے، ہماری صلاحیت کسی زبان  پر منحصر نہیں ہوسکتی ، نوجوانوں کو خود اپنی زبانوں کے بارے میں غیر ملکی حکمرانی کے ذریعہ پیدا کئے گئے احساس کمتری  کو ختم کر کے اور  اپنی زبان اور سرکار زبان کو قبول کر کے خود کو خوشحال بنانے میں تعاون کرنا چاہئے۔ جب تک ملک کے نوجوان اپنی قابلیت کی بنیاد پر اپنی زبان میں اپنی اصل فکر کا اظہار نہیں کریں گے، اس وقت تک وہ معاشرے کے سامنے  اپنی پوری صلاحیتوں کو پیش نہیں کرسکتے، کیونکہ  اصل فکر  کا اظہار  اپنی زبان کے علاوہ  کسی دوسری زبان میں اس سے بہتر  طور پر نہیں کیا جاسکتا۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ہر ایک عالمی اسٹیج پر  دنیا کو فخر کے ساتھ ہندی میں خطاب کیا ہے۔ عالمی اسٹیج پر سب سے زیادہ اگر کسی شخص کو سنا گیا ہے تو وہ وزیراعظم جناب نریند رمودی ہیں۔ جناب مودی  اپنی زبان میں بولتے ہیں، ان کا طریقہ اظہار درست ہوتا ہے، جو ان کے  ذہن کی گہرائیوں سے نکلتا ہے، جس کی وجہ سے اس  کی قبولیت بھی بہت زیادہ ہے۔

جناب امت شاہ نے والدین پر زور دیا  کہ وہ  گھروں میں اپنی روز مرہ کی بات چیت میں خود اپنی زبان کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں، بچوں کے سنہرے مستقبل کے لئے انہیں اپنی زبان ضرور سکھانی چاہئے، کیونکہ اپنی زبان کے ذریعہ ہی  بچہ اپنی تاریخ اور ثقافت کے بارے میں علم حاصل کر کے اپنی جڑوں سے منسلک ہوسکتا ہے۔ جناب شاہ نے کہا کہ ہندی سے ہندی  کی ایک جامع لغت ’’ہندی شبد سندھو‘‘ کا پہلا ایڈیشن آج یہاں لانچ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  اگر ہندی کو عوام ،ملک اور دنیا میں مقبول بنانا ہے، تو ہندی کی لغت  کو جامع  بنانا ہوگا۔ انہوں کہا کہ کوئی بھی زبان کسی دوسری زبان کے الفاظ لے کر چھوٹی نہیں ہوتی بلکہ یہ وسیع اور وسیع تر ہو جاتی ہے اور ہمیں بھی ہندی کو زیادہ لچکیلا بنانا ہوگا اور اس  بات کو قبول کرنا ہوگا کہ  کئی دوسری زبانوں سے لئے گئے الفاظ  کو ہندی میں بھی  قبول کیا جائے گا۔

امور داخلہ اور امداد باہمی کے مرکزی وزیر نے  مقامی زبانوں کی لغت کے لئے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ  اگر ہم چاہتے ہیں کہ گجراتی، مراٹھی، بنگلہ، یا کوئی دوسری زبان عدالت یا قانون کی زبان بنے تو ہمیں ان کے الفاظ کو قبول کر کے اسے زیادہ وسیع بنا نا چاہئے۔ ہم نے  اس لغت کو پوری طرح ڈیجیٹل بنایا ہے۔ اس میں مواصلات عامہ، طبی سائنس، کھیل کود، خلائی سائنس، طبیعات، کیمیا اور ریاضی کی بہت سی  اصطلاحات کا احاطہ کیا  گیا  ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرو نے اپنے پورے دور  کو  سرکاری زبان میں  نظم کی شکل میں شائع کر  کے ایک بڑا کام انجام دیا ہے۔ یہ  شاعری اسرو کی کامیابیوں کو عوام تک پہنچانے کا  ایک ذریعہ بننے والی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج  میمورنڈم 2.0  جاری کیا گیا ہے، جو  آنے والے دنوں میں ہندی بولنا سکھانے کا ایک  بڑا ذریعہ ثابت ہوگا۔

جناب امت شاہ نے کہا  کہ ہمارا ملک لسانی طور پر مالا مال ہے اور ہماری  ثقافت، روایت اور ادب ان زبانوں میں محفوظ ہے۔ ان زبانوں نے  ہماری تہذہب، روایات اور ادب کو محفوظ رکھا ہے اور ان زبانوں نے ملک کے عوام کو قوم کے ساتھ مربوط کرنے کا کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ اس بات کی تشہیر کرتے ہیں کہ  ہندی مقامی زبانوں کے مقابل ہے، میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ ہندی مقابلہ آرائی کرنے والی زبان  نہیں ہے بلکہ تمام مقامی زبانوں  کی دوست  ہے۔ ہندی کے پھلنے پھولنے سے اس ملک کی تمام زبانیں فروغ پائیں گی، اور ہندی صرف اسی وقت پھلے پھولے گی جب ملک کی تمام زبانیں پھلے پھولیں گی، تمام لوگوں کو  یہ بات  سمجھنی  چاہئے اور اسے قبول کرنا چاہئے۔ جب تک ہم زبانوں کی  بقائے باہم کو قبول نہیں کریں گے، ہم یہ ثابت نہیں کرسکتے کہ ہم اپنے ملک کو  اپنی زبانوں میں چلاسکتے ہیں۔ ہمارا مقصد ہر زبان کے لہجے کو بر قرار رکھنے اور انہیں مالا مال کرنے کا ہونا چاہئے۔ اگر  لیڈروں نے سرکاری زبان اور مقامی زبان کو ہماری تحریک آزادی میں استعمال نہ کیا ہوتا تو  یہ تحری آزادی کبھی بھی  اتنی وسیع  نہیں ہو سکتی تھی۔

مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمارے تحریک آزادی کے لیڈروں کا خیال تھا کہ سودیشی اور سو بھاشا کے بغیر سوراج کے کوئی معنی نہیں ہیں۔ ونوبابھاوے اور  کاکا  صاحب کالیلکر جیسے لوگوں نے  اپنی پوری زندگی ہندی اور  اپنی مقامی زبان کے لئے وقف کردی۔ لوک مانیہ بال گنگادھر تلک نے  پہلے عوامی گنیش فیسٹول میں کہا تھا کہ  زبان کی خوشحالی  آزادی کا بیج ہے اور ہمیں  خود اپنی زبانوں میں بات کرنے کے لئے آگے آنا چاہئے۔ جناب شاہ نے کہا کہ ہندی ہمیشہ سے  شمولیت والی زبان رہی ہے اور یہی وجہ  ہے کہ چاہے وہ سبھدرا کماری چوہان کی نظم جھانسی کی رانی ہو یا مکھن لال چترویدی کی پشپ ابھیلاش ہو، ان کا ملیالم،  آسامی اور  تمل سمیت بہت سی زبانوں میں ترجمہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کی تاریخ پر  نظر ڈالنے سے پتہ چلتا ہے کہ انگریزوں  کو  ہماری سرکاری زبان اور مقامی زبانوں میں منشی پریم چندر کی کہانیوں کا  مجموعہ ’’سوز وطن‘‘ سمیت  بہت سی نظموں اور ادب پر پابندی عائد کرنی پڑی تھی۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ سرکاری زبان اور مقامی زبانوں  کے ذریعہ تحریک آزادی  پر کتنا زور دیا گیا تھا۔

جناب امت شاہ نے کہا کہ تحریک آزیادی کے دوران  دوسری زبانوں میں بولنے والے لیڈروں نے  وقتا فوقتا  اس  بات کو اجاگر کیا  اور  سرکار زبان کی اہمیت کو عام کرنے پر زور دیا کیونکہ وہ جانتے تھے کہ اگر ہم ملک کی زبان کو تبدیل نہیں کریں گے تو ہمیں ملک کی حکمرانی کو تبدیل کرنا ہوگا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ سوامی دیانند سروستی اس بات پر یقین رکھتے تھے کہ ویدوں کے علم اور  تمام مذاہب کے کئے گئے تجزیئے کو  پورے ملک کے عوام  میں ہندی زبان کے ذریعہ ہی  قابل رسائی بنایا جاسکتا ہے۔ اس لئے انہوں نے ’’ستیارتھ پرکاش‘‘ کو  ہندی میں شائع کیا۔ گاندھی جی نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اگر  میرے پاس فرصت کا وقت ہو تو میں یہ وقت دھاگا کاتنے اور  سرکاری زبان ہندی کی آموزش اور اسے فروغ دینے  کے لئے صرف کروں گا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ بھارت کا رتھ زبانوں کا رتھ ہے اور ہمیں ہندی کو ساتھ رکھ کر اپنی مقامی زبانوں کو مستحکم کرنا ہوگا۔ غیر ملکی زبانوں سے پیدا ہونے والی غیر ملکی سوچ کی بجائے ہمیں اپنی پالیسیاں اور پروگرام مقامی زبانوں سے پیدا ہونے والی مقامی سوچ کی بنیاد پر تیار کرنے ہوں گے اور  ملک کو آگے بڑھانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتیندو ہریش چندرجی نے کہا تھا کہ مادری زبان کے فروغ کے بغیر  سرکاری زبان کا  فروغ  ممکن نہیں ہے۔ جناب شاہ نے کہا کہ وہ تمام ہندی کے چاہنے والوں کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ  امور داخلہ کی وزارت کا سرکاری زبان کا محکمہ  ہندی کو مستحکم کرنے کے لئے پوری تیاری اور تند ہی سے  کام کر رہا ہے۔ مختلف کام شروع کئے گئے ہیں، اگرچہ کووڈ- 19  کی وجہ سے ان کی رفتار کچھ  سست ہوئی ہے لیکن اب ان میں تیزی آگئی ہے۔ اگلے دو برسوں میں آپ اس میں بہت سے نئے تجربات  اور فیصلوں کا مشاہدہ کریں گے اور  دیکھیں گے کہ سوبھاشا کے ساتھ سرکاری  زبان کو مستحکم کرنے کا خواب پورا  ہور ہا ہے۔

جناب امت شاہ نے  پورے ملک کے ہندی دانشوروں پر زور دیا کہ وہ  خاص طور پر نوجوانوں میں کسی ہچکچاہٹ کے بغیر مقامی زبان کے استعمال اور  اس کی قبولیت کے لئے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہم زبان کے لئے احساس کمتری  سے چھٹکارہ نہیں پائیں گے اس ملک کی صلاحیتوں کو استعمال نہیں کیا جاسکتا۔ وزیر  داخلہ نے کہا کہ ملک کے 6 فیصد بچے  انگلش میں تعلیم حاصل کرتے ہیں اور  باقی بچوں میں صلاحیت کی کوئی کمی نہیں ہے، لیکن   جب وہ  روانی کے ساتھ انگریزی  نہیں  بول پاتے ، تو انہیں ریاستی یا قومی سطح پر کوئی پلیٹ  فارم نہیں مل پاتا۔ جناب شاہ نے کہا  کہ  اگر ہم  سوبھاشا  اور راج بھاشا کو ایسے بچوں کو پلیٹ فارم دینے کا ذریعہ بنادیں تو ملک کی  100  فیصد صلاحیت کو استعمال کیا جاسکتا ہے۔ جناب امت شاہ نے کہا  کہ ملک صرف 6  فیصد  صلاحیت کے استعمال سے اس مقام تک  پہنچ گیا ہے اور  جب  100 فیصد  صلاحیت کو استعمال کیا جائے گا تو ملک دنیا میں اول نمبر پر ہوگا اور ایک عظیم بھارت کی تشکیل کا خواب بھی پو را ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ  آزادی کا امرت مہوتسو کے دوران وزیراعظم نریندر مودی  کے  عزم کے ساتھ آج اس کو پورا کرنے کا  عہد کرنے کا دن ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 

ش ح۔ وا۔ ق ر۔

10270U-


(Release ID: 1859513) Visitor Counter : 334


Read this release in: English