اسٹیل کی وزارت

این ایم ڈی سی اور فکی بھارتی معدنیات اور دھاتوں کی صنعت کے موضوع پر کانفرنس منعقد کریں گے

Posted On: 13 AUG 2022 11:46AM by PIB Delhi

قومی معدنیات ترقیات کارپوریشن لمیٹڈ (این ایم ڈی سی)، جو ملک کی سب سے بڑی خام لوہا پیداواری کمپنی ہے، اور وزارت فولاد کے تحت ایک سی پی ایس ای ہے، فکی کے ساتھ مل کر نئی دہلی میں 23 اور 24 اگست کو ’2030 کے لیے تغیر اور ویژن 2047‘ کے موضوع کے ساتھ بھارتی معدنیات اور دھاتوں کی صنعت پر ایک کانفرنس منعقد کرے گی۔

اس دو روزہ تقریب کا اہتمام فولاد اور کانکنی کی وزارتوں کے تعاون سے بھارت کی آزادی کے 75 شاندار برسوں اور جاری ’’آزادی کا امرت مہوتسو‘‘ کی یاد میں کیا جا رہا ہے۔ اس تقریب کا بنیادی مقصد ’ویژن 2047‘ کی حصولیابی کے لیے معدنیات اور دھاتوں کے شعبہ کے لیے روڈ میپ پر غورو خوض کرنا ہے۔

صنعت، پالیسی اور تعلیمی شعبے کے اسپیکر حضرات اس پروگرام میں اپنی شرکت سے رونق بخشیں گے۔ عالمی اور گھریلو پروڈیوسر کمپنیاں، معدنیاتی ادارے، پالیسی ساز، کانکنی میں استعمال ہونے والے آلات کے مینوفیکچررس، گلوبل کارپوریٹس کے سربراہان، مرکزی اور ریاستی حکومت کے افسران کے علاوہ دیگر معززین بھی اس موقع پر موجود ہوں گے اور کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، جناب سومت دیب، چیئر، فکی مائننگ کمیٹی اور چیئرمین و منیجنگ ڈائرکٹر، این ایم ڈی سی لمیٹڈ نے کہا کہ ملک میں وسیع معدنیاتی وسائل اور کاروباری اور ضابطہ جاتی ماحول کے ارتقاء اور پیداہونے والی آسانیوں کی وجہ سے، بڑی بین الاقوامی کمپنیاں گھریلو کمپنیوں کے ساتھ ملک کی کان اور معدنیاتی صنعت میں دلچسپی ظاہر کر رہی ہیں۔

جناب دیب نے کہا، ’’صنعت، مرکز اور ریاستوں سمیت تمام متعلقہ شراکت داروں کے درمیان تعاون اہمیت کا حامل ہے اور آئندہ کانفرنس اس امدادِ باہمی کو مضبوط بنانے اور آگے کا منصوبہ وضع کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گی۔

چنوتیوں اور رکاؤٹوں کا سامنا کرنا اور ان کے حل تلاش کرنا ترقی کے لیے ازحد اہم ہے اور یہ کانفرنس اس کے لیے ایک صحیح پلیٹ فراہم کرے گی۔‘‘

’’بھارت کا کانکنی کا شعبہ ایک مثالی تبدیلی کے عمل سے گزر رہا ہے اور اس کے تحت کاروباری ایکو نظام کو آسان بنانے اور ملک کو آتم نربھر بنانے کے لیے اصلاحات کی گئی ہیں۔‘‘

آئندہ کانفرنس میں جدید معدنیات، ڈجیٹلائزیشن اور آٹومیشن اور دیگر تکنالوجی اختراعات پر غور و خوض کیا جائے گا۔ اس پروگرام میں دنیا بھر کی معدنیات اور دھاتوں کے مستقبل پر ایک قومی پینل ڈسکشن بھی ملاحظہ کی جائے گی۔

یہ کانفرنس معدنیات اور دھاتوں کے لیے عالمی اشیاء  کی منڈی کو سمجھنے میں مدد فراہم کرے گی، معدنی ترقی اور اقتصادی نمو کے درمیان باہمی ربط کو اجاگر کرے گی، بین الاقوامی منڈیوں میں ہونے والی پیش رفت جو بھارتی معدنیات اور دھاتوں کی صنعت کو متاثر کر سکتی ہےاور بھارتی معدنیات اور دھاتوں کی صنعت سمیت دیگر شعبوں میں مواقع کی شناخت کر سکتی ہے ، پرروشنی ڈالےگی۔

 

بھارت معدنیاتی وسائل سے مالامال ہے اور یہ ایندھن، جوہری، دھاتی، غیر دھاتی اور چھوٹی معدنیات سمیت 95 معدنیات پیدا کرتا ہے۔ تلاش نہ ہونے کے سبب، کھوج اور کانکنی سے متعلق کمپنیوں کے پاس  ملک کو دینے کے لیے بہت کچھ ہے۔

 

 

**********

 

 

 (ش ح –ا ب ن۔ م ف)

U.No:9105



(Release ID: 1851515) Visitor Counter : 139


Read this release in: English , Hindi , Telugu