خواتین اور بچوں کی ترقیات کی وزارت
این سی ڈبلیو نے آئی آئی ایم کوزی کوڈ کے تعاون سے خواتین کے لیے دو لسانی انٹرپرینیورشپ پروگرام کی پیش کش کی
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
08 AUG 2022 5:13PM by PIB Delhi
قومی خواتین کمیشن نے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ، کوزی کوڈ کے سینٹر آف ایکسی لینس فار سوشل انوویشن (سی ای ایس آئی) کے ساتھ مل کر ان خواتین کاروباریوں کو پیشہ ورانہ تربیت دینے کی پیشکش کی ہے جو اپنا کاروباری کیریئر شروع کرنا چاہتی ہیں۔ علاوہ ازیں اپنا کاروبار بڑھانے کی خواہشمند خواتین کے لیے رہنمائی کا پروگرام کی بھی پیش کش کی ہے۔
خواتین کاروباریوں میں کاروباری صلاحیتوں کو مضبوط بنانے اور ان کے فروغ کے لیے کمیشن کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر، اس نےخواتین کاروباریوں کو اپنے کاروباری منصوبوں کو بڑھانے اور برقرار رکھنے کے لیے ضروری علم اور مہارتوں تک رسائی فراہم کرنے کے لیے ایک آن لائن تربیتی پروگرام تیار کیا ہے۔
خواہشمند خواتین کاروباری اپنے موجودہ کیریئر اور مہارت کے مطابق دو پروگرام: کاروباری میدان میں داخل ہونے کے خواہشمند افراد کے لیے ’فاؤنڈیشن پروگرام ان انٹرپرینیورشپ‘ اور اپنے کاروبار کو بڑھانے کے لیے’ایڈوانسڈ پروگرام ان انٹرپرینیورشپ‘ میں سے کسی ایک کا انتخاب کر سکتی ہیں۔ چار ماہ کے ان پروگراموں میں مختلف موضوعات کے ماہرین کے لیکچر، مباحثے، انٹرپرینیورشپ مذاکرات اور ماہرین کی رہنمائی شامل ہوگی۔
قومی خواتین کمیشن کی چیئرپرسن محترمہ ریکھا شرما نے کہا کہ کمیشن نے ہمیشہ زندگی کے تمام شعبوں میں خواتین کے لیے مساوی مواقع کو یقینی بنانے کی کوشش کی ہے۔ محترمہ شرما نے کہا ’’چونکہ معاشی آزادی خواتین کو بااختیار بنانے میں ایک اہم عنصر ہے، کمیشن خواتین کو اپنے کاروبار کو بڑھانے اور برقرار رکھنے کے لیے ضروری علم اور ہنر تک رسائی فراہم کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ ہمارا مقصد خواتین کو پائیدار کاروبار شروع کرنے اوراسے چلانے نیز معاشرے میں اپنی خدمات پیش کرنے کے لیے درکار مہارتوں اور نقطہ نظر کو فروغ دینے میں مدد کرنا ہے۔
فاؤنڈیشن پروگرام کا مقصد کاروبار کی شناخت اور تعمیر کے لیے درکار کاروباری مہارتوں کے ساتھ ساتھ انٹرپرائز کو کامیابی سے چلانے کے لیے انتظامی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔ ایڈوانسڈ پروگرام کے شرکاء اپنے کاروباری ماڈل کو بہتر بنانا، اپنی منڈیوں کو وسعت دینا، فنڈنگ تک رسائی حاصل کرنا اور اپنی مصنوعات اور خدمات کو متنوع بنانا سیکھیں گے۔
فاؤنڈیشن پروگرام 60 گھنٹے سیکھنے پر مشتمل ہو گا، جس میں 40 گھنٹے کےموضوعاتی سیشن اور 20 گھنٹے رہنمائی اور سوال و جواب شامل ہیں، جبکہ ایڈوانسڈ پروگرام 60 گھنٹے سیکھنے پر مشتمل ہو گا، جس میں 20 گھنٹے موضوعاتی سیشن اور 40 گھنٹے رہنمائی اور سوال و جواب کے لیے وقف ہوں گے۔ تربیت اور کورسز انگریزی اور ملیالم میں پیش کیے جائیں گے۔ پروگرام میں حصہ لینے میں دلچسپی رکھنے والی خواتین 16 اگست 2022 تک مائی گوو پورٹل https://innovateindia.mygov.in/entrepreneurship-program-for-women/ پر آن لائن رجسٹریشن کر سکتی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
(ش ح ۔ رض ۔ ج ا (
8925
(ریلیز آئی ڈی: 1850362)
وزیٹر کاؤنٹر : 131