ارضیاتی سائنس کی وزارت
مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بتایا کہ 5 جولائی، 2022 کو شروع کی گئی 75 دنوں تک چلنے والی ساحلوں کی صفائی کی مہم کے پہلے 20 دنوں کے دوران سمندری ساحلوں سے 200 ٹن کچرا کو ہٹایا گیا، جن میں سے زیادہ تر ایک بار استعمال ہونے والے پلاسٹک ہیں
اس مہم کا جائزہ لینے کے لیے بلائی گئی میٹنگ کے دوران ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ اس مشن کے لیے 24 ریاستوں سے 5200 سے زیادہ رضاکار پہلے ہی اپنا اندراج کرا چکے ہیں
یہ مہم مغربی بنگال کے دیگھا اور ہلدیا، اوڈیشہ پشچم کے بھوانی پٹنہ، کیرالہ کے کسارا گوڑ ضلع کے تیرو اننت پورم اور منجیشور، گجرات میں پوربندر کے اسماوٹی گھاٹ اور گیر و سومناتھ، کرناٹک کے منگلور اور اڈوپی اور انڈمان و نکوبار جزائر کے چاٹھم فار شور روڈ جیسے ساحلوں پر کامیابی سے چل رہی ہے
Posted On:
25 JUL 2022 6:10PM by PIB Delhi
سائنس و ٹیکنالوجی کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج)؛ ارضیاتی سائنس کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج)؛ وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او)، عملہ، عوامی شکایات، پنشن، جوہری توانائی اور خلاء کے وزیر مملکت، ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج بتایا کہ گزشتہ 5 جولائی، 2022 کو شروع کی گئی 75 دنوں تک چلنے والی ساحلوں کی صفائی کی مہم کے پہلے 20 دنوں کے دوران سمندری ساحلوں سے 200 ٹن کچرا ہٹایا گیا ہے، جن میں سے زیادہ تر ایک بار استعمال ہونے والی پلاسٹک ہے۔
اس مہم کا جائزہ لینے کے لیے بلائی گئی میٹنگ میں ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے طمانیت کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ’’سووچھ ساگر، سرکشت ساگر‘‘ کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے اس 75 روزہ مہم کے لیے 24 ریاستوں سے 5200 سے زیادہ رضاکار اب تک اپنا اندراج کرا چکے ہیں۔ یہ مہم 17 ستمبر، 2022 کو ’’ساحلوں کی صفائی کے بین الاقوامی دن‘‘ کے موقع پر ختم ہوگی۔
وزیر موصوف نے ارضیاتی سائنس کی وزارت کے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اسے ایک ’جن آندولن‘ (یعنی عوامی تحریک) میں تبدیل کرنے کے لیے این جی اوز، شہریوں کے گروپ، بچوں اور نوجوانوں کی تنظیموں، کارپوریٹوں، غیر منافع بخش تنظیموں، قونصلر اسٹاف کے ساتھ ساتھ ساحلی ریاستوں کے میونسپل کارپوریشنوں کو شامل کرنے کی کوشش کریں۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اس بات کو دوہرایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے صفائی کی مہم کو آگے بڑھانے کی پہل کی ہے اور پورے ملک کو اس بات کے لیے آمادہ کیا ہے کہ وہ انسانوں کی بھلائی کے لیے ہندوستان کے 7500 کلومیٹر لمبے ساحلی علاقوں کو صاف، محفوظ اور صحت مند بنائیں۔
ارضیاتی سائنس کی وزارت کے سکریٹری، ڈاکٹر ایم روی چندرا نے ڈاکٹر جتیندر سنگھ کو بتایا کہ ساحلوں کی صفائی کی یہ مہم مغربی بنگال کے دیگھا اور ہلدیا، اوڈیشہ پشچم کے بھوانی پٹنہ، کیرالہ کے کسارا گوڑ ضلع کے تیرو اننت پورم اور منجیشور، پوربندر کے اسماوٹی گھاٹ اور گجرات کے گیر، سومناتھ، کرناٹک کے منگلور، اڈوپی اور انڈمان و نکوبار جزائر کے چاٹھم فار شور روڈ میں چلائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمندری ساحلوں سے کچرے کو ہٹانے کے علاوہ، مہم سے متعلق حلف برداری، نکڑ ناٹک، پلاسٹک سے آزادی کے لیے سائیکل ریلی، ساحلوں کی صفائی اور شجر کاری، ساحلوں کی صفائی سے متعلق مقامی برادریوں میں بیداری مہم گزشتہ 20 دنوں کے دوران چلائی گئی ہے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے سول سوسائٹی کے ممبران سے اس مہم میں شریک ہونے کی اپیل کی، 17 ستمبر، 2022، یعنی ’’ساحلوں کی صفائی کے بین الاقوامی دن‘‘ تک، جو کہ اتفاق سے وزیر اعظم نریندر مودی کا یوم پیدائش بھی ہے جسے ملک میں ’’سیوا دِوس‘‘ کے طور پر منایا جاتا ہے، سمندری ساحلوں سے 1500 ٹن کچرا ہٹانے کے ہدف کو حاصل کیا جا سکے، جس میں سے زیادہ تر ایک بار استعمال ہونے والی پلاسٹک ہے۔ انہوں نے 17 ستمبر کو بڑے پیمانے پر چلائی جانے والی صفائی مہم میں سب کو شامل ہونے کی اپیل کی۔ اس دن یہ مہم ملک بھر کے 75 ساحلوں پر چلائی جائے گی اور اس دن ساحلی علاقوں کے ہر ایک کلومیٹر کے فاصلہ پر 75 رضاکار اس صفائی مہم میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس سال کا یہ پروگرام ملک کی آزادی کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر آزادی کا امرت مہوتسو کے طور پر منایا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے 22 جولائی کو ساحلی ریاستوں سے تعلق رکھنے والے مرکزی وزراء اور ممبران پارلیمنٹ کی ایک میٹنگ بلائی تھی، جس میں انہوں نے اس مہم کو ایک عوامی مہم بنانے کے لیے ان سے مشورے اور مدد مانگی تھی۔ اس میٹنگ میں ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کے مرکزی وزیر بھوپندر یادو، جل شکتی کے وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت، صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر پرشوتم روپالا، مویشی پروری اور ڈیئری کے وزیر وی مرلی دھرن، وزیر مملکت برائے امور خارجہ ایل موروگن نے شرکت کی تھی۔ ساحلی ریاستوں سے تعلق رکھنے والے ممبران پارلیمنٹ نے بھی بڑی تعداد میں اس میٹنگ میں شرکت کی۔
وزراء اور ممبران پارلیمنٹ نے اپنی نوعیت کی دنیا کی سب سے لمبی اس ساحلوں کی صفائی کی مہم کو اپنی طرف سے پوری مدد فراہم کرنے کا وعدہ کیا اور انہوں نے ارضیاتی سائنس کی وزارت کو یہ مشورہ بھی دیا کہ وہ مقامی این جی او کی مدد سے اس سلسلے میں سائیکل ریلی، طلباء کی ریلی کا بھی اہتمام کرے۔
قابل ذکر ہے کہ 23 جولائی کو انڈین مرچنٹس چیمبر (آئی ایم سی) کے صدر، اننت سنگھانیا، جو کہ آج جے کے انٹرپرائزز کے سی ای او بھی ہیں، نے ڈاکٹر جتیندر سنگھ سے ملاقات کی تھی اور ارضیاتی سائنس کی وزارت کے ذریعے چلائی جا رہی 75 روزہ ساحلوں کی صفائی مہم کے حصہ کے طور پر ممبئی کے ساحل کی صفائی کے لیے اپنی پوری مدد فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ جناب سنگھانیا، جن کے ہمراہ آئی ایم سی کی مینیجنگ کمیٹی کے ممبران بھی تھے، نے کہا کہ انہوں نے نہ صرف اس مہم میں شامل ہونے کا وعدہ کیا ہے، بلکہ ’’کوین نیکلیس‘‘ کے نام سے مشہور میرین ڈرائیو بیچ کی ترو تازگی اور خوبصورتی کے لیے اپنے وسائل کو بھی بروئے کار لانے کا وعدہ کیا ہے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ یہ ایک عوامی مہم ہے۔ انہوں نے ہر ایک سے مشورہ مانگا کہ اس مہم کو مزید مضبوط کیسے بنایا جائے، جسے پہلے ہی ملک کے عوام کی توجہ حاصل ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارضیاتی سائنس کی وزارت ویسے تو اس مہم کو آگے بڑھا رہی ہے، لیکن ساتھ ہی اس میں ’’پوری حکومت‘‘ کے نظریہ کو بھی اپنایا گیا ہے۔
*****
ش ح – ق ت – ت ع
U: 8108
(Release ID: 1844800)
Visitor Counter : 139